عسکریت پسندوں نے 25 مفرور قیدیوں کو جنوبی وزیرستان پہنچا دیا
31 جولائی 2013آج بُدھ کو خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے ساتھ نام مخفی رکھنے کی شرط پر بذریعہ ٹیلی فون بات چیت کرتے ہوئے طالبان کے ایک کمانڈر نے کہا کہ انہوں نے جیل سے چھڑوائے جانے والے 25 طالبان کو اسمگل کر لیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی جیل پر ہونے والے اس ہلاکت خیز حملے کا کوڈ نیم " موت سے آزادی" ہے۔ طالبان کے کمانڈر کے بقول اس کی تیاری میں چھ مہینے کا وقت لگا اور اس کارروائی پر ساڑھے گیارہ ملین پاکستانی روپے یا ایک لاکھ پندرہ ہزار ڈالر تک کے اخراجات آئے ہیں۔
جیل توڑ کر فرار ہونے کے اس واقعے کے بعد سے حکومت کی طرف سے صوبے خیبر پختونخوا پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔ خاص طور سے اس حقیقت کے سبب کہ انٹیلی جنس اہلکاروں نے پہلے ہی اس صوبے میں ایک سنگین حملے کے خطرات سے متنبہ کر دیا تھا۔
سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ یہ امر بن رہا ہے کہ 150 عسکریت پسند جو اسلحے سے لیس تھے، جن کے ہاتھوں میں بم، گرینیڈز تھے، وہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر دندناتے ہوئے جیل تک پہنچ گئے اور انہیں راستے میں سکیورٹی فورسز نے کہیں نہیں روکا۔ مسلح افراد نے اتنی آسانی سے جیل کے گارڈز پر بھی غلبہ پا لیا اور اپنی کارروائی کرتے ہوئے 250 سے زائد قیدیوں کو جیل سے نکال لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔ عسکریت پسندوں نے اپنی اس کارروائی کے دوران ایک درجن سے زائد افراد کو ہلاک بھی کردیا۔ ابھی 18 ماہ قبل ہی شمال مغربی پاکستان کے ایک اور علاقے میں طالبان کی طرف سے ایک ایسی ہی کارروائی کی گئی تھی۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے جیل خانوں سے متعلق امور کے مُشیر ملک محمد قاسم خان نے کہا کہ عسکریت پسندوں نے جیل پر پانچ اطراف سے حملہ کیا اور یہ پولیس کی وردی میں ملبوس پانچ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر آئے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حملہ آور ایک خاتون اہلکار اور پانچ خواتین قیدیوں کو بھی ساتھ لے گئے۔ ملک قاسم کے مطابق ایک روز قبل بھی وفاق سے قبائلی قیدیوں کے لیے علیحدہ ہائی رسک جیل بنوانے کا مطالبہ کیا گیا تھا کیونکہ صوبے میں کہیں بھی ہائی رسک جیل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق کے زیر انتظام پاکستان کے قبائلی علاقوں کے قیدی بھی خیبر پختونخوا کی جیلوں میں قید ہیں، جو صوبے کی ذمہ داری میں نہیں آتے لیکن اس کے باوجود وفاقی حکومت صوبہ خیبر پختونخوا کی بدنامی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی۔
خیبر پختونخواہ کی حکومت نے جیل اور پولیس کے 27 اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی کے اسکواڈ کے 22 اراکین کو بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اسکواڈ کو جیل پر حملے کے بعد فوری طور سے ایکشن لینا چاہیے تھا۔ تاہم صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اسکواڈ فوری، موثر اور ضروری اقدامات کرنے میں ناکام رہا۔
حکام نے جیل سے بھاگنے والے 252 قیدیوں میں سے 41 کو قبضے میں لے لیا ہے۔ اس خبر کی تصدیق پولیس اہلکار صلاح الدین کندی نے کی ہے۔ جبکہ طالبان عسکریت پسندوں نے اپنے 25 ساتھیوں کو اسمگل کر کہ جنوبی وزیرستان کے قبائلی علاقے پہنچا دیا ہے اور یہ ان مفرور قیدیوں کو شمالی وزیرستان منتقل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
کشور مصطفیٰ
عصمت جبیں