عراق: زیر تعمیر پل گرنے سے دو افراد ہلاک، چھ زخمی
7 ستمبر 2025یہ حادثہ کربلا سے بغداد جانے والی مرکزی شاہراہ پر پیش آیا۔ ریسکیو آپریشن 13 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا، جس میں امدادی کارکنوں نے پل کے ملبے تلے پھنسی گاڑیوں سے افراد کو نکالنے کے لیے اتوار کی صبح تک کوششیں جاری رکھیں۔
کربلا کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا کہ انہوں نے گرے ہوئے پل کے ملبے سے سات افراد کو زندہ نکالا اور دو افراد کی لاشیں برآمد کیں۔ کربلا کے محکمہ صحت کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ حادثے میں کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے، جن میں سے کچھ کا تعلق شام اور افغانستان سے ہے۔ تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اس اہلکار نے مزید بتایا کہ پل کے ستون اس وقت گرے، جب کئی گاڑیاں اس کے نیچے سے گزر رہی تھیں اور گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں۔
عراق میں کئی دہائیوں کے تنازعات کے بعد حالات میں بہتری آئی ہے اور خاص طور پر بغداد سمیت کئی شہروں میں تعمیراتی کاموں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ تاہم ملک کے تعمیراتی شعبے میں حفاظتی معیارات کو اکثر نظر انداز کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے آگ لگنے اور دیگر حادثات کے واقعات عام ہیں۔
رواں سال جولائی میں عراق کے مشرقی شہر کوٹ میں ایک شاپنگ مال میںآگ لگنے سے 60 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ادارت امتیاز احمد