عالمی یونیورسٹی سمر گیمز کا اختتام: روسی ایتھلیٹس سب سے آگے
18 جولائی 2013بدھ کے روز روسی جمہوریہ تاتارستان کے جدید اور خوبصورت شہر کازان میں ختم ہونے والے ستائیسویں یونیورسٹی گیمز میں روس کے طلبا نے ریکارڈ میڈلز جیتے ہیں۔ روسی اسٹوڈنٹس ایتھلیٹس نے 155 گولڈ میڈل حاصل کیے۔ اس کے علاوہ 75 چاندی اور کانسی کے 62 تمغے بھی ان کے حصے میں آئے۔ ان گیمز میں 160سے زائد ملکوں کے دس ہزار 400 ایتھلیٹس اور آفیشلز شریک تھے۔ اس اسپورٹس ایونٹ میں 13 گیمز ایسی تھیں جن میں شرکت لازمی اور 14 میں شریک ہونا آپشنل قرار دیا گیا تھا۔ میڈلز ٹیبل پر سونے کے تعغوں کے اعتبار سے چین کی دوسری اور جاپان کی تیسری پوزیشن ہے۔ چین کے 26 گولڈ میڈل ہیں اور کُل تمغوں کی تعداد 77 ہے جبکہ جاپان کے 24 گولڈ میڈل اور کُل 84 میڈلز ہیں۔
کازان میں منعقد ہونے والی یونیورسیاڈ (Universiade) کے دوران روسی صدر ولادی میر پوٹن اور وزیر اعظم دیمتری میدویدیف نے بھی گیمز کو دیکھا۔ روس کے کھیلوں کے وزیر وتالی متکو کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی گیمز کے دوران روسی ایتھلیٹس نے شاندار مہارت اور اسٹیمنے کا مظاہرہ کیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ان گیمز کے دوران روس کی اعلیٰ سیاسی قیادت مسلسل گیمز کے مقامات کا دورہ کرتی رہی۔ روسی وزیراعظم نے میڈلز حاصل کرنے والوں کو مبارک باد بھی دی۔
ستائیسویں یونیورسٹی سمر گیمز میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کُل 162 اقوام نے شرکت کی تھی۔ ان میں میزبان ملک روس کا سب سے بڑا دستہ شریک تھا، جو663 نوجوانوں پر مشتمل تھا۔ اس کے علاوہ یوکرائن، امریکا، چین، جاپان اور پولینڈ سے بھی بڑے بڑے دستے گیمز میں شریک تھے۔
رواں برس کے ورلڈ یونیورسٹی سمر گمیز کی میزبانی روسی شہر کو حاصل تھی تو سرمائی یونیورسٹی گیمز اٹلی کے شہر ترین تینو (Trentino) میں ہوں گے۔ رواں برس یہ سرمائی گیمز 11 سے 21 دسمبر تک منقعد ہوں گے۔ یونیورسٹی گیمز کا نگران ادارہ انٹرنینشل یونیورسٹی اسپورٹس فیڈریشن ہے۔ یہ گیمز ہر دوسال بعد منعقد ہوتے ہیں۔ اگلے گرمائی یونیورسٹی گیمز سن 2015 میں جنوبی کوریا اور اس کے بعد تائیوان میں ہوں گے۔ اسی طرح سن 2015 میں سرمائی یونیورسٹی گیمز کی میزبانی اسپین اور اس کے بعد قزاقستان کو تفویض کی جا چکی ہے۔
روس کی سرحدوں کے اندر جمہوریہ تاتارستان کی اکثریت مسلمان آبادی پر مشتمل ہے۔ اس کے صدر مقام کا نام کازان ہے جو روس کا آٹھواں بڑا شہر ہے۔ اسی شہر میں سن 2015 میں ہونے والی ورلڈ ایکویٹِک چیمپیئن شپ (World Aquatics Championships) بھی منعقد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ یہاں سن 2018 کے فٹ بال ورلڈ کپ کے کچھ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ یہ امر اہم ہے کہ اگلے برسوں میں کئی عالمی گیمز کی میزبانی روس کو تفویض کی جا چکی ہے۔ اگلے مہینے ایتھلیٹکس کی عالمی چیمپیئن شپ ماسکو شہر میں منعقد ہو گی۔ اگلے برس ہی کے سرمائی اولمپکس بحیرہ اسود کے کنارے پر آباد شہر سَوچی میں ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ رشیئن گراں پری فارمولا ون کار ریس کا بھی اگلے سال انعقاد ہو گا۔