عالمی کپ نہ کھیلنے پر شرمندگی ہے، رانا مجاہد
1 جون 2014رانا مجاہد نے کہا، وہ وعدہ کرتے ہیں کہ ان کے دور میں پھر یہ دن نہیں آئے گا۔ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب چار بار کی عالمی چمپین پاکستانی ٹیم یہ میگا ایونٹ کھیلنے سے محروم ہے۔ رانا مجاہد انیس سو چورانوے میں آخری بار سڈنی ورلڈ کپ میں سرخرو ہونے والی پاکستانی ٹیم میں کھلاڑی کی حیثیت سے شامل تھے اورحال ہی میں انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں سیکرٹری کا اہم منصب سنبھالا ہے۔
ڈوئچے ویلے کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں رانا مجاہد نے کہا کہ کبھی ہاکی پاکستان کے بغیر نامکمل سمجھی جاتی ہے مگر آج ورلڈ کپ ہی پاکستان کے بغیر ہو رہا ہے، جس پر ہم سب کو پریشانی اور ندامت ہے:’’ہم سب اس دکھ کو محسوس کر رہے ہیں اور میں وعدہ کرتا ہوں کہ آئندہ عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم ہر صورت شریک ہو گی اور میری سیکرٹری شپ میں ایسا تاریک دور پھر نہیں آئے گا۔‘‘
رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ قومی کھیل کے بہتر مستقبل کے لیے ہاکی اولمپیئنز میں ساس بہو کا جھگڑا ختم ہو چکا ہے۔ اس وقت ماضی کے تمام کھلاڑی ایک ہی صفحے پر ہیں اور سب کی خواہش ہے کہ پاکستان ہاکی کو اس کے سنہرے دن لوٹائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کریں گے مگر نتائج کی ذمہ داری سلیکٹرز اور ٹیم مینیجمنٹ پر ہی ہو گی۔
نوّے کی دہائی میں دو سو سے زائد بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے رانا مجاہد کہتے ہیں کہ انہوں نے ہاکی کی بہتری کے لیے سب کی مشاورت سے ٹونٹی ٹونٹی کے نام سے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت سب سے پہلے ہم اپنا گھر ٹھیک کریں گے۔ ہاکی کے اس پروگرام میں اسکول اور کلب سے ریجن اور جونیئر سطح تک ڈومیسٹک ہاکی کی اصلاح کی جائے گی۔
مالی مشکلات کو رانا مجاہد نے پاکستان ہاکی کی سب سے بڑی مشکل قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے آئندہ قومی بجٹ میں ہاکی کے لیے پچاس کروڑ روپے مختص کرنے کی درخواست کی ہے۔ رانا کے بقول اگر ایسا ہو گیا تو کھلاڑیوں اور منتظیمن میں ایک نئی تحریک پیدا ہو جائے گی اور ہر کوئی ہاکی کو فل ٹائم جاب سمجھ کر کام کرے گا اور یہی وقت کی ضرورت بھی ہے۔
رانا کے مطابق حکومت کو ہاکی فیڈریشن کی مشکلات کا ادراک اب ہو چکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں رانا مجاہد کا کہنا تھا بھارت کے ساتھ سیریز کے لیے کافی پیش رفت ہو چکی ہے اور اس سلسلے میں بھارتی ٹیم کو پاکستان آنے میں پہل کرنا ہو گی، اس کے بعد ہی ہم جوابی دورہ کریں گے۔
رانا مجاہد کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے رواں برس چھ ملکی پرائم منسٹر انوی ٹیشنل ہاکی کپ کی میزبانی کے لیے بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن کو درخواست دی ہے اور صدر ایف آئی ایچ نیگرو پونٹے کی جانب سے اس کا حوصلہ افزا ردعمل سامنے آیا ہے۔