عالمی کپ فٹبال کوالیفائنگ مرحلہ، جرمنی نے قزاقستان کو شکست دے دی
27 مارچ 2013منگل کے روز کھیل کے پہلے ہاف میں جرمن ٹیم کھیل پر مکمل طور پر چھائی رہی تاہم دوسرے ہاف میں میزبان ٹیم کی جانب سے بھی بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمن کھلاڑیوں کو خاصا پریشان کیا گیا۔ کھیل کے پہلے ہاف کے 23ویں منٹ میں مارکو روئس نے گول کر کے جرمن ٹیم کو برتری دلائی ج بکہ ماریو گؤٹسے نے 27ویں منٹ میں یہ برتری دوگنی کر دی۔ اس کے چار منٹ بعد یعنی کھیل کے 31 ویں منٹ میں گؤنڈوگان نے ایک اور گول کر کے یہ برتری تین صفر کر دی۔
کھیل کے دوسرے ہاف کے آغاز پر قزاقستان کی جانب سے واحد گول ہائنرش شمِڈٹگال نے کیا۔ یہ گول جرمن گول کیپر مانویل نویر کی ایک غلطی کی وجہ سے ہوا۔ اس کے بعد جرمنی نے کی جانب سے قزاقستان کے گول پر چھ خطرناک حملے کیے گئے تاہم مخالف ٹیم کی جانب سے بھی جرمن گول پر حملوں کو سلسلہ جاری رہا۔ کھیل کے 90ویں منٹ میں تاہم جرمنی کھلاڑی مارکو روؤس نے چوتھا اور انفرادی طور پر دوسرا گول کر کے جرمنی کی فتح کو یقینی بنا دیا۔
جرمنی اب ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ مرحلے سے گزرنے والی یورپی ٹیموں کے گروپ سی میں شامل آسٹریا، سویڈن اور آئرلینڈ سے آگے ہے۔ منگل ہی کے روز کھیلے جانے والے ایک اور میچ میں آئرلینڈ اور آسٹریا کا مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا۔ چار روز قبل قزاقستان میں کھیلے گئے میچ میں جرمن ٹیم کو تین صفر سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
میچ کے بعد جرمن کوچ یوآخم لوو نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا، ’وہ یہاں فٹبال کھیلنے نہیں بلکہ دس کھلاڑیوں کے ساتھ دفاع کرنے آئے تھے۔ دوسرے ہاف میں ہم اپنی توجہ قائم رکھنے میں ناکام رہے۔‘
میچ میں قزاقستان کی جانب سے واحد گول جرمن گول کیپر نویر کی غلطی کی وجہ سے ہوا، جنہوں نے قزاقستان کے دو کھلاڑیوں کے درمیان سے بال نکال کر پاس دینے کی کوشش کی تاہم بال کنٹرول نہ کر سکے اور قزاقستان کے کھلاڑی اور بنڈس لیگا میں گرؤتھر فؤرتھ کی جانب سے کھیلنے والے شمیڈٹگال نے بال گول میں پہنچا دی۔
اس حوالے سے لوو کا کہنا تھا، ’مجھے یہ اچھا نہیں لگا کہ جرمن تماشائیوں کی جانب سے نویر کی اس غلطی پر خوب شور مچایا گیا۔ جو اس نے کیا وہ واقعی اچھا نہیں تھا، تاہم وہ گزشتہ ایک برس سے بہت اچھا کھیل رہا ہے۔‘
(at/zb (AP, dpa