شہباز شریف کا دورہ آذربائیجان، متعدد معاہدوں پر اتفاق
24 فروری 2025پاکستان اور آذربائیجان کے رہنماؤں نے تجارت، معیشت، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کومزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی اور تجارتی روابط سے نہ صرف خطے بلکہ دنیا میں امن، ترقی اورخوشحالی آئے گی۔ آذربائیجان کے سرکاری دورے پر موجود پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے آج بروز پیر کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
پاکستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹٹد پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق دونوں ممالک کے مابین دو ارب ڈالر کے سرمایہ کاری معاہدوں پر اپریل میں دستخط ہوں گے۔ اس موقع پر میزبان صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد حکومت کاراباخ کےمسئلے پر آذربائیجان کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کے اصولی موقف کو بھی سراہا۔ آذربائیجان کے صدرالہام علی یوف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ انتہائی قریب تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے دو طرفہ تجارت کوفروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مفاہمت کی یادداشتوں اورمعاہدوں سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کی آذربائیجان کے صدر کے ساتھ ملاقات انتہائی تعمیری اورمفید رہی، ''اس سے ہمارے گہرے بھائی چارے اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی ہوتی ہے، آذربائیجان کے صدر پاکستان کے عوام کے ساتھ دلی محبت کرتے ہیں، آذربائیجان کے ساتھ دوستی کے معاملے پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر کے اپریل میں دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات کونئی جہت ملے گی اور ہمارے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ دونوں ممالک نے اس حوالے سے بہت کام کرلیا ہے اور یہ بات خوش آئند ہے کہ فریقین نے معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک ماہ کا وقت طہ کیا ہے۔
اے پی پی کے مطابق اپریل میں اسلام آباد میں آذربائیجان کے صدرکے دورے کے دوران دو ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اورآذربائیجان کے شاندارسٹرٹیجک دفاعی روابط ہیں ان کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے مشترکہ دفاعی پیداوار کی صلاحیت کو فروغ دینا ہوگا، اپریل میں آذربائیجان کا وفد جب پاکستان کا دورہ کرے گا تو یہ دونوں ممالک کا ترجیحی ایجنڈا ہوگا۔
آذربائیجانی صدر کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال اور سلامتی کے امور پر دونوں ممالک کا یکساں نقطہ نظر ہے،گزشتہ سال پاکستان کے دورے میں دو طرفہ تعاون سے متعلق اہم امور پر اہم پیش رفت ہوئی، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بہت مواقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پرتفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے، دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں، ہمیں باہمی تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے جس کا حجم اس وقت کم ہے، جن منصوبوں پر بات چیت ہوئی انہیں ایک ماہ میں حتمی شکل دیں گے۔
دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کو بھی فروغ حاصل ہو رہا ہے۔ فضائی پروازوں کا سلسلہ بھی باقاعدگی سے جاری ہے اور اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی ترقی کے لیے مواصلاتی منصوبوں کا فروغ ضروری ہے۔
ش ر⁄ ر ب (نیوز ایجنسیاں)