شدید برفباری کے سبب جرمنی میں معمولات زندگی متاثر
18 جنوری 2024ترجمان کے مطابق، جرمنی کے سب سے بڑے مرکزی، فرینکفرٹ ہوائی اڈے پر، تقریباً 1,000 میں سے 300 سے زائد پروازوں کی آمد اور روانگی کو جمعرات کی صبح منسوغ کر دیا گیا ہے۔
جرمنی کے سب سے بڑے ریل آپریٹر ڈوئچے بانکے مطابق جرمنی کے مختلف شہروں سے پیرس جانے والی اور آنے والی ٹرینوں کو ایک بار پھر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ٹرین کے ذریعہ ملک بھر میں سفرکیا جاسکتا ہے۔ تاہم موسم کی وجہ سے کسی حد تک سفر میں خلل پیدا ہو سکتا ہے۔
وسطی جرمنی میں برفانی حالات کے سبب ہائی ویز پر بھی برف باری کے سبب ٹریفک جام ہو گیا۔ پولیس نے کہا ہے کہ سڑکوں کو صاف کرنے میں ابھی مزید کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں اور پولیس کی جانب سے گاڑیوں کے ذریعے سفر کرنے والے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کو کہا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز دیر گئے کئی کلومیٹر طویل بھیڑ میں پھنسے ڈرائیوروں کو ریڈ کراس کی جانب سے گرم مشروبات اور کمبل فراہم کیے گئے تھے۔
جرمن موسمیاتی سروس نے جمعرات کو بھی مزید برفباری کی وارننگ دی ہے، جنوبی جرمنی کے کچھ حصوں میں 15 سینٹی میٹر تک برف باری ہونے اور کچھ علاقوں میں طوفانی موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
م ق/ ر ب (ایجنسیاں)