سیرینا ولیمز پہلی بار گرینڈ سلیم کے پہلے راؤنڈ سے آؤٹ
30 مئی 2012منگل 29 مئی کو فرنچ اوپن کے پہلے راؤنڈ میں انہیں فرانسیسی کھلاڑی ویرجینی رازانو Virginie Razzano نے چار چھ، سات چھ، اور چھ تین کے اسکور سے مات دی۔ یہ مقابلہ تین گھنٹے سے بھی زیادہ دیر تک جاری رہا۔ مقابلے کے بعد سیرینا ولیمز کا کہنا تھا، ’’ میں نے کوشش کی، میں اپنے شارٹس مارتی رہی، یہ افسوسناک ہے مگر یہی زندگی ہے، میں ہمیشہ سوچتی ہوں کہ بُرے سے برا بھی ہوسکتا ہے۔‘‘ سیرینا نے کہا کہ وہ مکمل فٹ ہیں اور اب اپنی خامیوں کا احاطہ کریں گی۔
میچ جیتنے والی فرانسیسی کھلاڑی رازانو گزشتہ کچھ عرصے سے ایک ذہنی کرب میں مبتلا رہی ہیں اس لیے یہ جیت ان کے لیے نہایت خوش آئند ہے۔ گزشتہ برس رازانو کے منگیتر کا انتقال ہوا تھا۔ اس معاملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے سیرینا ولیمز نے کہا کہ انہیں رازانو کی کہانی کا علم ہے اور رازانو اس سے اچھی طریقے سے نمٹ رہی ہیں۔ رازانو نے میچ کے بعد کہا کہ وہ کھیل کے دوران بہت زیادہ نہیں سوچتیں، ’’مجھے علم ہے کہ میرے پاس بے پناہ وسائل ہیں اور میں سخت محنت کرتی رہتی ہوں اور مجھے علم تھا کہ ابھی کچھ نہیں بگڑا حتیٰ کہ جب مجھے کھیل کے دوران تکلیف بھی ہورہی تھی۔‘‘ انہوں نے اس میچ کو اپنی بہترین فتح کا نام دیا۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ کے دوسرے سیٹ میں ایک موقع پر رازانو کو 5/1 کی برتری حاصل تھی مگر سیرینا نے اس سیٹ میں سخت محنت سے شکست کا منہ موڑا۔ اسی طرح حتمی تیسرے سیٹ میں انہوں نے صفر پانچ کے اسکور سے میچ کو بچاتے ہوئے تین پانچ تک بات پہنچادی مگر آخری موقع پر ایک غلط لانگ شارٹ نے کہانی ان کی ہار پر ختم کی۔ اس فائنل سیٹ سے قبل تیرہ بار کی گرینڈ سلیم چیمپین سیرینا کی آنکھوں میں ایک بار آنسو بھی آئے۔
فائنل سیٹ جیتنے کے لیے فرنچ کھلاڑی رازانو کو سخت محنت کرنا پڑی اور یہ مقابلہ پچیس منٹ تک جاری رہا۔ فائنل سیٹ کے دوران فرانسیسی کھلاڑی رازانو نے بلند آواز میں امپائر کے ایک فیصلے پر اپنی ناراضگی ظاہر کی، جس کی پاداش میں انہیں پوائنٹس کی سزا ملی۔ رازانو کو آٹھ میچ پوائنٹس کے بعد ولیمز پر فتح ملی۔
sks/ aba (Reuters)