سوچی اولمپکس: جرمنی کی میڈل ٹیبل پر پہلی پوزیشن
13 فروری 2014میڈل پوزیشن پر جرمنی کی چھ گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن ہے۔ جرمنی کے کل میڈل آٹھ ہیں اور اِن میں چاندی اور کانسی کا ایک ایک تمغہ بھی شامل ہے۔ جرمنی کے جن ایتھلیٹس نے اب تک میڈل حاصل کیے ہیں، اُن میں سے لُوژ کیٹیگری میں فیلکس لوخ کے علاوہ ٹوبیاس آرلٹ اور نتالی گائزن بیرگر (Natalie Geisenberger) نے طلائی تمغے حاصل کیے ہیں۔ اِسی ڈسپلن میں دو مزید جرمن خواتین ایتھلیٹس تاتیانا ہُؤفنر نے چاندی اور ایرین ہاملِن نے کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔ اسکی جمپنگ میں کارینا فوگٹ نے بھی گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔
لُوژ ڈسپلن کے علاوہ نارڈِک کمبائنڈ کی کیٹیگری میں ایرک فرینسل (Eric Frenzel) گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے۔ اسکِی جمپنگ میں جرمنی کی مشہور خاتون ایتھلیٹ ماریا ہُوٴفل ریش (Maria Hoefl-Riesch) نے بھی گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ چار سال قبل وینکُوور اولمپکس میں وہ دو گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہی تھیں۔ اِس طرح وہ اولمپک گیمز میں تین گولڈ میڈل جیت چکی ہیں۔
میڈل ٹیبل پر ناروے سے پہلی پوزیشن کیا چھنی، وہ اب تیسری پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔ دوسرے مقام پر کینیڈا ہے اور اُس نے چار طلائی تمغوں سمیت کُل دس میڈل جیتے ہیں۔ ان میں چار چاندی اور دو کانسی کے تمغے بھی شامل ہیں۔ چار طلائی، تین چاندی اور پانچ کانسی کے تمغوں کے ساتھ ناروے کی تیسری پوزیشن ہے۔ چو تھی پوزیشن پر ہالینڈ ہے اور اُس نے مجموعی طور پر دس میڈل جیتے ہیں۔ ان میں چار طلائی، دو چاندی اور چار کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ میزبان روس کی پوزیشن ساتویں ہے۔
ایسا دکھائی دیتا ہے کہ لُوڑ کیٹیگری میں جرمن ایتھلیٹ مزید ایک گولڈ میڈل جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔ آج جمعرات کو لُوژ کی ٹیم ریلے میں ٹوبیاس ویڈل اور ٹوبیاس آرلٹ حصہ لے رہے ہیں۔ گولڈ میڈل جیتنے والے ٹوبیاس آرلٹ کو باویریا ایکسپریس کا نام بھی دیا جاتا ہے۔ ونٹر اولمپکس میں پہلی مرتبہ لُوژ ڈسپلن میں ٹیم ریلے کو شامل کیا گیا ہے۔ اس دوران چار سال قبل تربیت کے دوران زخمی ہونے والے جارجیاکے نوجوان ایتھلیٹ نودار کُوماریتاشولی (Nodar Kumaritashvili) کی موت کی خبر سامنے آئی ہے۔ وہ وینکُوور اولمپکس کے افتتاحی روز وِسلر کے پہاڑی علاقے میں تربیتی عمل کے دوران شدید زخمی ہو گئے تھے۔ چار سال موت و حیات کی کشمکش میں رہتے ہوئے وہ بارہ فروری کو رحلت کر گئے۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور انٹرنیشنل لُوژ فیڈریشن نے کینیڈا کے مقام وِسلر میں اُس جگہ پھول رکھنے کا اعلان کیا ہے جہاں یہ اکیس سالہ ایتھلیٹ زخمی ہوئے تھے۔
سوچی اولمپکس میں پہلی مرتبہ ایک گولڈ میڈل دو ایتھلیٹس کو دیا گیا۔ سلووینیہ کی ٹینا میز اور سوئٹزرلینڈ کی ڈومینیک گیزن نے الپائن اسکیینگ میں ایک ساتھ اپنا راؤنڈ مکمل کیا۔ اِس ڈسپلن میں چاندی اور کانسی کے تمغے ایتھلیٹس کے درمیان ماضی میں شیئر ہوتے رہے ہیں لیکن گولڈ میڈل شیئرنگ کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ دوسری جانب قفقاذ کے پہاڑوں پر موسم کھل جانے سے برف میں سختی کی جگہ نرمی پیدا ہونے کے آثار ظاہر ہوئے ہیں۔ اِس باعث سوچی اولمپکس کے منتظمین کو پریشانی لاحق ہو گئی ہے۔
دریں اثنا سوچی اولمپکس کے انعقاد کی وجہ سے بحیرہ اسود کے کنارے پر واقع اولمپکس کے میزبان شہر کے مختلف مقامات پر نئی تعمیرات سے ماحولیات کو نقصان پہنچنے کے خلاف مہم چلانے والے روسی ماحول دوست کارکن ژیوگنی ویٹیشکو (Yevgeny Vitishko) کو سنائی گئی تین سال قید کی سزا اعلیٰ عدالت نے برقرار رکھی ہے۔ ویٹیشکو کا کہنا ہے کہ اُسے سزا ماحولیات کے حق میں آواز بلند کرنے کے جرم میں دی گئی ہے۔ بعض حلقوں کا خیال ہے کہ پوٹن انتظامیہ بھی چاہتی تھی کہ عدالت دی گئی سزا کو برقرار رکھے۔ کریملن نے اس معاملے میں عدالت پر دباؤ ڈالنے کی تردید کی ہے۔