سونی اوپن: اعصام الحق ڈبلز فائنل جیتنے میں کامیاب
31 مارچ 2013امریکی ریاست فلوریڈا کے جنوب مشرق میں بحر اوقیانوس کے کنارے پر واقع سیاحتی و کمرشل اہمیت کے شہر میامی میں ٹینس کھیل میں عالمی درجہ بندی کا حامل ٹورنامنٹ سونی اوپن اب اپنی آخری منزل پر ہے۔ فائنل میچوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ مردوں کے ڈبلز فائنل میچ میں کامیابی پاکستان کے اعصام الحق اور ان کے ولندیزی ساتھی ژاں ژولین روژر (Jean-Julien Rojer) کے حصے میں آئی۔ ویمن سنگلز کا فائنل میچ امریکی اسٹار کھلاڑی سیرینا ولیمز نے جیتا۔
مردوں کا ڈبلز فائنل میچ دو سیٹ پر محیط تھا اور دونوں سیٹوں میں اعصام اور ان کے ساتھی کو کامیابی حاصل کرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہیں رہا۔ میامی اوپن کے ڈبلز فائنل میچ میں اعصام الحق اور ژاں ژولین کو پولستانی جوڑی کا سامنا تھا۔ پولینڈ کی ٹیم میں موریس فیرسٹن برگ اور مارسین مٹکووسکی شامل تھے۔ پولش جوڑی کو فائنل میں میں چھ چار (6-4) اور چھ ایک (6-1) سے شکست کا سامنا رہا۔
ٹینس ٹورنامنٹ کے ورلڈ ٹورز میں اعصام الحق اور ژاں ژولین کی یہ رواں برس کے دوران پہلی کامیابی ہے۔ میچ جیتنے کے بعد ولندیزی کھلاڑی ژاں ژولین روژر کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا انہیں بہت پسند ہے کیونکہ ان کے بہت سارے دوست میامی میں رہتے ہیں اور اتنے اہم ٹورنامنٹ کو جیتنا ان کی جوڑی کے لیے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کے مساوی ہے۔
پاکستان کے اعصام الحق نے فائنل میچ کی ٹرافی حاصل کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کر کے بہت خوش ہیں اور ٹورنامنٹ سے قبل ہی ان کی جوڑی نے تہیہ کر لیا تھا کہ وہ اس ٹورنامنٹ کو جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ پاکستانی کھلاڑی کا مزید کہنا تھا کہ بڑے ٹورنامنٹ میں ہر میچ اور ہر دن مختلف ہوتا ہے اور ایسا دکھائی دیتا ہے کہ ڈبلز کے فائنل میچ کے دن ٹینس کے دیوتا ان پر مہربان تھے اور اسی باعث وہ جیت سکے۔
دوسری جانب ہفتے کے روز میامی میں سونی اوپن ٹورنامنٹ میں ویمن سنگلز چیمپئن شپ کا میچ امریکی اسٹار سیرینا ولیمز اور روس سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر دو ماریا شاراپووا کے درمیان کھیلا گیا۔ فائنل میچ میں خواتین کی عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمز نے اپنی حریف کھلاڑی کو تین سیٹ کے میچ میں شکست دی۔ روسی خاتون کھلاڑی پہلا سیٹ جیت گئیں لیکن اگلے دونوں سیٹوں میں وہ سیرینا ولیمز کے پاور فل کھیل کا سامنا نہ کر سکیں اور جیتنے سے قاصر رہیں۔ سیرینا ولیمز نے میامی کا ٹینس ٹورنامنٹ چھٹی مرتبہ جیتا ہے۔
(ah/ia(AP, AFP