سباستیان فیٹل نے بحرین گراں پری جیت لی
21 اپریل 2013اس سیزن کی چوتھی ریس میں یہ دوسرا موقع ہے کہ جب وہ تمام ریس میں واضح فرق کے ساتھ آگے رہے۔ گزشتہ روز کوالیفائینگ مرحلے میں پول پوزیشن جیتنے والے مرسیڈیز ٹیم کے جرمن ڈرائیور نِکو روزبرگ کو ریس کے آغاز ہی میں پیچھے چھوڑنے والے فیٹل نے ریس کے 17 ویں چکر میں کِمی رائکونن اور رومین گروسین کو پیچھے چھوڑا اور پھر ریس پر اپنی گرفت کمزور نہ ہونے دی۔ انہوں نے کمی رائکونن کو 9.11 سیکنڈ کے فرق سے ہرایا۔
25 سالہ فیٹل کی کرئیر کی یہ 28 ویں فتح ہے۔ گزشتہ برس بھی انہوں نے بحرین گراں پری میں کامیابی حاصل کی تھی۔ ریس کے بعد اپنے انٹرویو میں فیٹل کا کہنا تھا، ’یہ ایک زبردست ریس تھی۔ میں اپنی ٹیم کا بہت بہت شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کیوں کہ ریس کے آغاز سے اختتام تک مجھے کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ہم نے ٹائروں کا بہت خیال رکھا اور یہ جیت اسی کا نتیجہ ہے۔‘
اس ریس میں فورس انڈیا ٹیم کے Paul Di Resta نے چوتھی جب کہ مرسیڈیز ٹیم کے لیوس ہیملٹن نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔
اس ریس سے قبل بحرین میں جمہوریت پسندوں کی جانب سے مظاہرے بھی ہوئے جب کہ متعدد مقامات پر حکومت مخالف مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ خبر رساں ادارے AFP کا کہنا ہے کہ متعدد مظاہرین کو سکیورٹی فورسز نے حراست میں بھی لیا ہے۔
اس سے قبل بحرین کے حکام کی جانب سے کہا گیا تھا کہ مظاہروں کے باوجود فارمولا ون ریس اپنے شیڈول کے مطابق منعقد ہو گی اور ان مظاہروں کا اس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
at/ia (AFP, dpa)