سب سے بڑا یورپی جیک پاٹ، اطالوی گروپ نے 371 ملین یورو جیتے
17 فروری 2023اس اطالوی لاٹری کے لیے نمبر جمعرات کی شام نکالے گئے۔ 'سُوپےرینا لاٹو‘ کہلانے والی یہ لاٹری یورپی تاریخ کا سب سے بڑا جیک پاٹ ثابت ہوئی۔ کسی بھی لاٹری میں جیک پاٹ اس مجموعی رقم کو کہتے ہیں جو کسی ڈرا کے نتیجے میں کسی بھی شرکت کنندہ کے فاتح نہ بننے کی صورت میں ہر بار بڑھتی ہی جاتی ہے، یہاں تک کہ بالآخر کوئی نہ کوئی یہ لاٹری جیت جاتا ہے۔
انعامی رقم 371 ملین یورو یا 395 ملین ڈالر کے برابر
اطالوی دارالحکومت روم سے جمعے کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ Superenalotto ایک ایسے نجی سنڈیکیٹ نے جیتی، جس کے ارکان کی تعداد 90 ہے۔ اس گروپ کے ارکان نے مختلف اعداد کی پیش گوئی کرتے ہوئے کئی انٹریز جمع کرائی تھیں۔ ان میں سے ایک انٹری ایسی بھی تھی، جس پر لکھے گئے تمام نمبر وہی تھے، جو بعد میں لاٹری میں نکل بھی آئے۔
کوئی سویا غریب مگر جاگا تو کروڑ پتی
یوں اس گروپ نے مشترکہ طور پر 371 ملین یورو جیتے، جو 395 ملین امریکی ڈالر کے برابر بنتے ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ اس گروپ کے ارکان نے اس لاٹری میں حصہ لیتے ہوئے پانچ یورو فی کس خرچ کیے تھے۔ اب جیک پاٹ کی جیتی گئی رقم سے ان تمام 90 افراد میں سے ہر ایک کو چار ملین یورو سے زائد ملیں گے۔
جرمن باشندے نے لاٹری میں 77 ملین یورو کی ریکارڈ رقم جیت لی
اٹلی کی 'سُوپےرینا لاٹو‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں حصہ لینے والے کسی بھی فرد کو لاتری میں نکالے جانے والے ایک سے 90 تک کے اعداد میں سے چھ نمبروں کی درست پیش گوئی کرنا ہوتی ہے۔
یورپ اور دنیا کی سب سے بڑی لاٹریاں
اپنی انعامی رقم کی مالیت کے لحاظ سے یورپ کی سب سے بڑی لاٹری اسپین میں ہر سال کرسمس کے دنوں میں نکالی جانے والی لاٹری 'ایل گوردو‘ ہوتی ہے، جس کی مجموعی مالیت دو بلین یورو سے زائد ہوتی ہے۔
لیکن یہ لاٹری کوئی جیک پاٹ نہیں ہوتی، یعنی ایک بار کسی کے فاتح نہ بننے کی صورت میں یہ رقم بڑھتی نہیں اور اگلی مرتبہ زیادہ نہیں ہو جاتی۔ کوئی ایک یا ایک سے زیادہ فاتح نہ ہونے کی صورت میں لاتری کی رقم شرکت کنندہ کی بڑی تعداد میں تقسیم کر دی جاتی ہے۔
دنیا بھر میں آج تک سب سے زیادہ مالیت کے جیک پاٹ والی لاٹری کا ریکارڈ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے 'پاور بال‘ ڈرا کا ہے۔ گزشتہ برس نومبر میں یہ لاٹری ایک شخص نے اکیلے ہی جیتی تھی اور اس کی مالیت 2.04 بلین ڈالر رہی تھی۔
م م / ا ا (ڈی پی اے)