سالوینی مہاجرین پر خرچ ہونے والی رقم میں کٹوتی کریں گے
24 جولائی 2018اٹلی کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ محض چند تارکین وطن کو ہی سماجی انضمام کے لیے مکمل سماجی مراعات فراہم کی جائیں گی۔ بیان کے مطابق وزارت داخلہ سے جاری ہوئے ایک ہدایت نامے کے مطابق تارکین وطن کو دی جانے والی سماجی مراعات دو طرح کی ہوں گی۔ ایک تو بنیادی مراعات جو تمام مہاجرین کو حاصل ہوتی ہیں لیکن دوسری قسم کی سماجی مراعات جن کا دائرہ کار وسیع ہو گا، کے حقدار ایسے تارکین وطن ہوں گے، جو خاص تحفظ کے مستحق ہیں جیسے کہ نا بالغ مہاجر بچے۔
اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے فی مہاجر خرچ کی جانے والی رقم میں جو اس وقت یومیہ 35 یورو ہے، کٹوتی کر کے اسے 25 یورو کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سالوینی کا کہنا ہے کہ اس کٹوتی کے بعد اٹلی بھی دیگر ممالک کی صف میں کھڑا ہو جائے گا جو مہاجرین پر فی کس اتنی ہی رقم خرچ کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ سالوینی اٹلی میں غیر قانونی مہاجرین کی آمد روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ سالوینی نے بطور وزیر داخلہ اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے روز ہی کہا تھا کہ وہ اپنی وزارت کے ماہرین سے پوچھیں گے کہ ’ملک میں مہاجرین کی آمد کو کس طرح روکا جا سکتا ہے اور غیرقانونی مہاجرین کی ملک بدری کو کیسے تیز کیا جا سکتا ہے‘۔
انہوں نے کہا تھا، ’’غیرقانونی مہاجرت کے اچھے دن ختم ہو چکے ہیں، غیرقانونی مہاجرین اپنا سامان پیک کرنے کے لیے تیار ہو جائیں۔‘‘
ص ح / ا ا / اے پی