ساؤتھ کورین گراں پری: پول پوزیشن ویبر کے پاس
13 اکتوبر 2012اس سال کی فارمولا ون موٹر ریسنگ کی عالمی چیمپئن شپ کے دوران جنوبی کوریائی گراں پری دوڑ کل اتوار کو ژیون گام Yeongam میں ہو گی۔ آج ہفتے کو اس مقابلے کے لیے کوالیفائنگ کے دوران ریڈ بُل ٹیم کو باقی ٹیموں پر غلبہ حاصل رہا۔
مارک وَیبر سب سے تیز رفتار ڈرائیونگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پول پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ دوسرے نمبر پر وَیبر ہی کی ٹیم کے جرمن ڈرائیور اور عالمی چیمپئن سباستیان فیٹل رہے۔
جنوبی کوریا کا کوریا انٹر نیشنل سرکٹ کہلانے والا فارمولا ون ٹریک 5.615 کلو میٹر لمبا ہے۔ اس ٹریک پر کوالیفائنگ کے آخری مرحلے کے دوران وَیبر نے سباستیان فیٹل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ جنوبی کوریا میں پول پوزیشن مارک وَیبر کے لیے موجودہ سیزن کی دوسری پول پوزیشن ہے۔
جرمن ڈرائیور فیٹل اب تک دو مرتبہ عالمی چیمپئن بن چکے ہیں۔ وہ اس سال اپنے اعزاز کا دفاع کر رہے ہیں۔ کوالیفائنگ کے آخری مرحلے میں وہ ایک چھوٹی سی غلطی کی وجہ سے وَیبر سے زیادہ تیز رفتاری کا مظاہرہ نہ کر سکے۔ آخری راؤنڈ میں ان کی گاڑی کی رفتار ان سے آگے سرکٹ پر موجود فیراری ٹیم کے ڈرائیور ماسا کی گاڑی کی وجہ سے کم ہو گئی تھی۔
کل جنوبی کوریائی گراں پری میں وَیبر کے بعد دوسری پوزیشن سے ریس میں حصہ لینے والے ڈرائیور فیٹل ہوں گے۔ ان کے بعد تیسرے نمبر پر میکلارین ٹیم کے برطانوی ڈرائیور لوئس ہیملٹن ہوں گے۔
چوتھی پوزیشن اسپین کے ڈرائیور فیرنانڈو الانسو کے پاس ہو گی۔ الانسو فیراری ٹیم کی گاڑی چلاتے ہیں۔ اس سال کی چیمپئن شپ کے دوران الانسو اب تک اپنے پوائنٹس کی تعداد کے لحاظ سے باقی تمام ڈرائیوروں سے آگے ہیں۔ اب تک وہ 194 پوائنٹ حاصل کر چکے ہیں۔
الانسو کے بعد پوائنٹ ٹیبل پر جرمنی کے فیٹل کا نام آتا ہے۔ ان کے 190 پوائنٹس ہیں۔ موجودہ سیزن کی گزشتہ دونوں دوڑیں انہوں نے ہی جیتی تھیں۔ اگر وہ کل اتوار کو جنوبی کورین گراں پری جیت گئے تو اس سال مئی میں ہسپانوی گراں پری کے بعد سے پہلی مرتبہ وہ پوائنٹس ٹیبل پر دوبارہ سب سے آگے آ جائیں گے۔
جنوبی کوریائی گراں پری کو فارمولا ون کی عالمی چیمپئن شپ میں 2010 میں شامل کیا گیا تھا۔ اس وقت یہ ریس ہسپانوی ڈرائیور الانسو نے جیتی تھی۔ اس ریس میں ڈرائیوروں کو سرکٹ کے 55 چکر مکمل کرنے ہوتے ہیں۔
ij /at (Reuters)