زمبابوے کو شکست، ون ڈے سیریز پاکستان کے نام
1 ستمبر 2013ہفتے کے روز ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے اس فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے جبکہ میزبان ٹیم کپتان بریںڈن ٹیلر، شین ولیمز اور اوتسیا جیسے اہم بلے بازوں کے رن آؤٹ ہونے کے نتیجے میں مقررہ پچاس اوورز بھی نہ کھیل پائی اور چالیس اوورز میں 152 کے مجموعی اسکور پر ہی ڈھیر ہو گئی۔
برینڈن ٹیلر نے میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ہم پر امید تھے۔ ہم نے پاکستانی بلے بازوں کو ایک ایسے ہدف تک محدود کر دیا تھا، جو ہمارے خیال میں آسانی سے حاصل کیا جا سکتا تھا۔ لیکن بلے بازی کے دوران ہم دباؤ کا شکار ہو گئے۔ کچھ کھلاڑیوں کے رن آؤٹ ہونے کی وجہ سے ہم اپنا مقصد حاصل نہ کر سکے۔‘‘
پاکستانی کپتان مصباح الحق کا میچ کے بعد ایک نشریاتی انٹرویو میں کہنا تھا، ’’گیند بلے پر نہیں آ رہی تھی لیکن عمر امین جب کریز پر آئے تو انہوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو ایک اچھا موقع فراہم کیا، درحقیقت انہوں نے کھیل کی صورتحال ہی پلٹ دی۔ ہمارا خیال تھا کہ اس طرح کی وکٹ پر 250 کا ٹوٹل قابل دفاع اسکور ہو گا۔‘‘
قبل ازیں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ ٹیلر کی طرف سے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور زمبابوے کے بولرز نے پاکستانی بلے بازوں کو کھل کر نہ کھیلنے دیا۔ پہلے پچیس اوورز میں پاکستان کا مجموعی ٹوٹل 94 تھا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 16ویں اوور میں اس وقت گری، جب مجموعی اسکور 66 تھا۔
ناصر جمشید کے اڑتیس رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے ذمہ داری سے بلے بازی کی۔ تاہم محمد حفیظ 23 ویں اوور میں انجیری کے باعث ریٹائر ہوئے اور ان کی جگہ مصباح الحق بیٹنگ کے لیے آئے تو پاکستان کی رنز بنانے کی شرح مزید سست ہو گئی۔ اسی دوران احمد شہزاد 54 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ بعد ازاں عمر امین اور مصباح الحق نے اچھے اسٹروکس لگائے اور دباؤ زمبابوے کی بولرز کی طرف دھکیل دیا۔ ان دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 51 رنز بنائے۔ عمر امین نے 25 گیندوں پر 33 رنز اسکور کیے۔ امین کی جگہ سنبھالنے والے پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی بھی جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔
اس دوران پاکستانی کپتان نے محتاط انداز میں اپنا انفرادی کھیل جاری رکھا اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے بھی جارحانہ اننگز کھیلی اور 13 گیندوں پر بائیس رنز بنا ڈالے۔ پاکستان کی طرف سے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی مصباح الحق تھے، جو 49 ویں اوور میں 67 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جس کے بعد محمد حفیظ دوبارہ میدان میں اترے اور انہوں نے 26 رنز کی اپنی ناقابل شکست اننگز مکمل کی۔ زمبابوے کی طرف سے کامیاب ترین بولر چتارا رہے، جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
زمبابوے نے جب 261 رنز کا تعاقب شروع کیا تو اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ میزبان ٹیم کی طرف سے کامیاب ترین بلے باز میلکم والر رہے، جنہوں نے اڑتالیس رنز بنائے۔ اس کے علاوہ کپتان ٹیلر 26 اور اوتسیا 22 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی طرف سے سعید اجمل، محمد حفیظ اور عبدالرحمان نے دو دو جب کہ شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان نے زمبابوے کو دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز میں بھی دو صفر سے مات دی تھی۔ اب دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں پہلا ٹیسٹ میچ تین ستمبر سے ہرارے میں ہی کھیلا جائے گا۔