ریپبلکن امیدوار کی نامزدگی، رومنی تاحال آگے
8 مارچ 2012مٹ رومنی کے کیمپ کے ایک اہلکار نے کہا کہ رومنی کی برتری اور ان کے مخالفین کی کمزور پوزیشن سے ’واضح طور پر احساس ہوتا ہے کہ رک سینٹورم یا نیوٹ گینگریچ کے لیے نامزد ہونا ناممکن ہے۔‘
منگل کو صدارتی انتخاب کے لیے ریپبلکن امیدوار کو چننے کا ایک بڑا مرحلہ یعنی ’سپر ٹیوز ڈے‘ بھی فیصلہ کن ثابت نہیں ہو سکا تھا۔ اس مرحلے میں امریکا کی دس ریاستوں میں بیک وقت ووٹ ڈالے گئے تھے۔ رومنی نے اس دن اوہایو سمیت چھ ریاستوں میں کامیابی حاصل کر لی تھی تاہم وہ جارجیا، نارتھ ڈکوٹا، اوکلاہوما اور ٹینیسی میں ناکام رہے۔ اب انہیں قدامت پسند جنوبی ریاستوں یعنی الاباما، میسیسیپی، لوئزیانا اور میزوری میں قسمت آزمانی ہے۔
سپر ٹیوز ڈے کے بعد رومنی کیمپ اس لحاظ سے پر اعتماد ہے کہ ان کا امیدوار کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے 1,144 مندوبین کی مطلوبہ تعداد کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اس وقت 40 فیصد مندوبین کی تعداد ان کے پاس ہے۔
بوسٹن میں رومنی کے ہیڈکوارٹرز میں صحافیوں کے سامنے نتائج کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے ان کی انتخابی مہم کے ایک سینئر اہلکار نے کہا، ’ہمیں اسی حکمت عملی پر کام جاری رکھنا چاہیے تا کہ ہم نامزدگی تک پہنچ جائیں۔‘
ریپبلکن پرائمری سیزن کے زیادہ سے زیادہ پیچیدہ ہونے کے دوران موجودہ صدر باراک اوباما کے دوبارہ منتخب ہونے کے امکانات بڑھتے جا رہے ہیں۔ امریکی معیشت دوبارہ بحالی کی جانب لوٹنا شروع ہو گئی ہے اور اوباما کی مقبولیت کی شرح واپس 50 فیصد ہو گئی ہے۔
ریپبلکن امیدواروں میں چونسٹھ سالہ کروڑ پتی مٹ رومنی ابھی تک سب سے آگے جا رہے ہیں مگر پارٹی میں ان کی قدامت پسندی سے متعلق کچھ خدشات ابھی بھی موجود ہیں۔
رومنی اب تک 14 ریاستوں میں جیت چکے ہیں جبکہ ان کے حریف رک سینٹورم سات اور نیوٹ گینگریچ دو ریاستوں میں کامیاب رہے ہیں۔
ترپن سالہ رک سینٹورم ایک کٹر رومن کیتھولک مسیحی ہیں جو اسقاط حمل اور ہم جنس پرست افراد کی شادیوں کے سخت مخالف ہیں۔ انہوں نے بدھ کو قدامت پسند ریاست کینساس میں اپنی انتخابی مہم چلائی اور اسی دن بعد میں میسیسیپی بھی گئے۔
کینساس میں ہفتے کے دن ووٹنگ ہو گی جبکہ جنوبی ریاستوں الاباما اور میسیسیپی میں آئندہ منگل کو پرائمریز کا انعقاد ہو گا۔ ان تمام ریاستوں میں مٹ رومنی کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور سینٹورم یا گینگریچ کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
ہر ریاست سے مخصوص تعداد میں مندوبین اگست میں ریپبلکن پارٹی کے کنونشن میں شریک ہوں گے جہاں پارٹی کے نامزد امیدوار کا اعلان کیا جائے گا۔
نیو یارک اور سینٹورم کی آبائی ریاست پینسلوینیا سمیت پانچ ریاستوں میں رائے شماری 24 اپریل کو ہو گی جہاں کے 231 مندوبین ہیں۔
رپورٹ: حماد کیانی
ادارت: عدنان اسحاق