ريئل ميڈرڈ نے ہسپانوی فٹبال ليگ جيت لی
3 مئی 2012بدھ کے روز ايتھليٹک بلباؤ کے خلاف ميچ ميں صفر کے مقابلے ميں تين گول سے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ريئل ميڈرڈ نے ہسپانوی قومی فٹبال ليگ ’لا ليگا‘ ٹائٹل بھی جيت ليا۔ يہ ٹائٹل ريئل ميڈرڈ فٹبال کلب کی تاريخ کا پينتيسواں ٹائٹل ہے جسے جيتنے کے بعد اب ميڈرڈ کو روايتی حريف بارسلونا کی ٹيم پر گيارہ ٹائٹلز کی برتری حاصل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ريئل ميڈرڈ نے رواں سيزن ميں قومی ليگ کی تاريخ ميں ايک ہی سيزن ميں سب سے زيادہ گول کرنے کا ريکارڈ بھی قائم کر ديا ہے۔ ابھی قومی ليگ کے دو ميچ باقی ہيں اور ميڈرڈ کی ٹيم 115 گول کر چکی ہے۔ اگر يہ ٹيم اپنے بقيہ دونوں ميچوں ميں بھی کاميابی حاصل کرنے ميں کامياب ہو جاتی ہے تو پوائنٹس کے اعتبار سے بھی ايک نيا ريکارڈ قائم ہو جائے گا اور ليگ کی تاريخ ميں ’ناممکن‘ تصور کيا جانے والا ايک سو پوائنٹس کا ہدف بھی حاصل کر ليا جائے گا۔
سن 2010 ميں جب ريئل ميڈرڈ کے صدر فلورينٹينو پيرز نے دنيا کے سب سے زيادہ متنازعہ کوچ يوزے مورينہيو کو بہت زیادہ معاوضے کے بدلے کلب کا کوچ مقرر کيا، تو ان کا مقصد صرف ايک ہی تھا کہ کسی بھی طرح روايتی حريف بارسلونا کی مسلسل سبقت کے سلسلے کو توڑا جا سکے۔ يہی وجہ ہے کہ فلورينٹينو پيرز، يوزے مورينہيو کی جانب سے لاتعداد مطالبوں، کلب چھوڑ دينے کی مسلسل دھمکيوں، ريفريز کے ساتھ جھگڑوں اور ديگر کئی تنازعات کو برداشت کرتے رہے۔ ليکن اب مورينہيو نے پيرز کا خواب سچ کر دکھايا اور ريئل ميڈرڈ نے ٹائٹل کی دوڑ ميں بارسلونا کو پيچھے چھوڑ ديا ہے۔
يوزے مورينہيو نے ہسپانوی کلب کے ساتھ اس عرصے کے دوران ايک ايسی ٹيم تشکيل دے دی ہے جو کہ نوجوان کھلاڑيوں پر مشتمل ہونے کے ساتھ ساتھ، تيز کھيلتی ہے اور اس ٹيم کی سب سے خاص بات اس کے کھلاڑيوں کی جسمانی طاقت ہے۔ يہ بات ملکی ميڈيا نے بھی تسليم کی اور ريڈيو مارسا نامی ايک چينل نے اپنی نشريات کے دوران کہا، ’ہسپانوی فٹبال کی تاريخ ميں اس سے پہلے ايسا کبھی نہيں ہوا کہ کوئی ملکی ٹيم اس قدر بھرپور انداز ميں بيرونی ممالک جا کر وہاں کے شائقين کو اپنے کھيل کے ذريعے دنگ کر دے‘۔
رواں سيزن ميں ميڈرڈ کے ليے واحد مايوس کن بات يہ ہے کہ يہ ٹيم چيمپيئنز ليگ کے فائنل کے ليے کواليفائی نہيں کر سکی۔ واضح رہے کہ ريئل ميڈرڈ کو گزشتہ ماہ کھيلے گئے چيمپيئنز ليگ کے سيمی فائنل مقابلوں ميں جرمن کلب بائرن ميونخ نے شکست سے دوچار کرتے ہوئے چيمپيئن شپ سے باہر کرديا تھا۔
as / mm (dpa)