رونی او سالیون: اسنُوکر کے عالمی چیمپئن
8 مئی 2012ورلڈ اسنُوکر آرگنائزیشن کی نگرانی اور میزبانی میں کھیلی جانے والی عالمی چیمپئن شپ کا آغاز اکیس اپریل کو ہوا تھا۔ اس کا فائنل میچ سات مئی بروز پیر کی شام میں مکمل ہوا۔ فائنل میچ رونی او سالیون (Ronnie O'Sullivan) اور ایلی کارٹر (Ali Carter) کے درمیان کھیلا گیا۔ اس فائنل میچ کو سن 2008 کے فائنل میچ کا ری پلے قرار دیا گیا۔ چار سال پہلے بھی اسنوکر کی عالمی چیمپئن شپ کا فائنل میچ رونی او سالیون اور ایلی کارٹر کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ اس میچ میں بھی کامیابی اوسالیون کو حاصل ہوئی تھی۔
اتوار، چھ مئی سے شروع ہونے والے فائنل میچ میں رونی او سالیون نے کل اٹھارہ فریم جیتے۔ ہارنے والے ایلی کارٹر نے گیارہ فریم میں کامیابی حاصل کی۔ انگریز کھلاڑی رونی او سالیون نے چوتھی مرتبہ عالمی چیمپئن شپ جیتی ہے۔ اسنُوکر کے عالمی ٹورنامنٹ کو جیتنے والے کھلاڑی کو ٹرافی کے ہمراہ ڈھائی لاکھ پاؤنڈ کی انعامی رقم بھی دی جاتی ہے۔
رونی او سالیون کو اسنُوکر کی دنیا میں راکٹ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ انہوں نے جتنی مرتبہ عالمی چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا، اس میں کامیابی حاصل کی۔ وہ چار سال بعد عالمی چیمپئن بننے میں کامیاب رہے۔ اس طرح وہ سب سے بڑی عمر میں عالمی اعزاز جیتنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ پہلی بار چھبیس سال کی عمر میں یہ اعزاز انہوں نے جیتا تھا۔ اس مرتبہ فائنل میچ میں دونوں انگریز کھلاڑی تھے۔ اسکاٹ لینڈ کی سرزمین اسنُوکر کا پاور ہاؤس خیال کیا جاتا ہے۔
رواں برس کی عالمی چیمپئن شپ کے دوران انگلش کھلاڑی رونی او سالیون نے ابتدائی راؤنڈ سے لے کر فائنل تک کئی نامی گرامی کھلاڑیوں کی شکست سے دوچار کیا۔ شکست کھانے والوں میں سابق عالمی چیمپئن کھلاڑیوں میں پیٹر ایبڈن (Peter Ebdon)، مارک ولیم اور نیل رابرٹسن (Neil Robertson) شامل ہیں۔ فائنل میچ کے کسی بھی مرحلے میں ایلی کارٹر نے چیمپئن رونی کو پریشان نہیں کیا۔
دفاعی چیمپئن جان ہگنز (John Higgins) اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔ وہ دوسرے راؤنڈ میں معروف کھلاڑی اسٹیفن ہینڈری (Stephen Hendry) سے ہار گئے تھے۔ پیر کی رات ختم ہونے والی چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں اسکاٹش کھلاڑی اسٹیفن ہینڈری کو شکست کا سامنا رہا۔ اس ہار کے بعد ہینڈری نے اسنُوکر کھیل سے ریٹائر منٹ کا اعلان کر دیا۔ اسنُوکر کی تاریخ میں وہ سب سے زیادہ عالمی چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ کل سات مرتبہ وہ عالمی چیمپئن بنے۔ اس میں وہ لگاتار پانچ مرتبہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے۔ ہینڈری نے سن 1992 سے لیکر سن 1996 تک عالمی چیمپئن شپ جیتی تھی۔
ah/ia (AFP, Reuters)