’روتے کیوں ہو‘؟، آنسوؤں کے درپردہ سائنس
17 جون 2023امریکی ادارے کلیولینڈ ہیلتھ کلینک کے ماہرین کے مطابق آنسو آپ کی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔ یہ ایک طرف تو آنکھ کا عدسہ دھو کر آپ کو شفاف منظر دکھاتے ہیں اور ساتھ ہی آنکھوں میں موجود کچرے کو دور کرتے ہیں۔ لیکن آنسو جذبات کا بھی ایک غیرمعمولی اظہاریہ ہیں۔
ماہرین کے مطابق ہر انسانی آنسو ایک ہی جیسے مواد سے نہیں بنا ہوتا اور تمام افراد ایک جتنا بھی نہیں روتے۔ مگر رونا کوئی بہت بری شے بھی نہیں، آپ کو رونا آ رہا ہے، تو جی بھر کے روئیں۔
آئیے سائنسی طور پر دیکھیں کہ آنسو کیا ہیں اور ان کے درپردہ حقائق کیا؟
ہم کیوں روتے ہیں؟
ہم کئی وجوہات کی بنا پر روتے ہیں۔ آپ غصے میں ہوں، خوش ہوں یا اداس، آپ کے جذبات آپ کو رلا سکتے ہیں۔ سائنس دانوں کے مطابق جذباتی صورت حال میں رونا نہ صرف آپ کو بہتر محسوس کرنے میں مدد دیتا ہے بلکہ تناؤ کو کم کرنے اور سائکیک ری بوٹ کا باعث بھی بنتا ہے۔
تاہم آنسو کی وجہ اگر طبعی ہو، یعنی آپ کی آنکھ میں کچھ گیا ہو تو آنسو آنکھ کی صفائی کا کام کرتے ہیں یا آپ انتہائی جسمانی درد میں ہوں، تو ایسی صورت میں درد سے جڑے تناؤ میں کمی کا باعث بنتے ہیں۔
آنسو میں ویسے تو پانی ایک غالب مادہ ہے، مگر ان میں تیل بھی ہوتا ہے، جو ایک طرف تو آنکھ کی سطح کو چکنا بناتا ہے بلکہ ساتھ ہی آنکھ سے نمی کی تبخیر کو بھی سست کرتا ہے۔
آنسوؤں کی اقسام
بازل آنسو
یہ بنیادی طرز کے آنسو ہیں۔ یعنی سارا دن یہ آنسو ہماری آنکھوں میں رہتے ہیں۔ ان میں تیل، بلغم، پانی اور نمک ہوتا ہے اور ان کا بنیادی کام انفیکشن سے لڑنا ہوتا ہے۔ تیل آنکھ میں نمی کو برقرار رکھتا ہے، جبکہ پلکیں اسے بار بار پوری آنکھ پر پھیلاتی ہیں۔ ان آنسوؤں کا اصل کام منظر شفاف رکھنا اور کسی خاص نکتے پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد دینا ہوتا ہے۔
اریٹینٹ آنسو
یہ آنکھ کی دھلائی کے آنسو ہوتے ہیں۔ ہماری بھنووں کے بالکل نیچے موجود غدود پیاز چھیلنے پر، الٹی کی صورت میں یا آنکھ میں کچھ پڑ جانے پر فوری طور پر آنکھ میں پانی چھوڑتے ہیں۔ الرجی کی صورت میں بھی یہ غدود یہ آنسو پیدا کرتے ہیں۔
سائیکک یا جذباتی آنسو
یہ آنسو شدید جذباتی صورت میں پیدا ہوتے ہیں یعنی دکھ، افسوس، صدمے، خوشی یا غصے کی صورت میں۔ ان میں کیمیائی مواد کو بازل آنسوؤں جیسا ہی ہوتا ہے، مگر ان میں تناؤ سے جڑے ہارمونمز اور فطری پین کلرز موجود ہوتے ہیں۔ انسانوں اور جانوروں میں مختلف طرز کے مائعات آنسوؤں کی شکل میں دیگر جانداروں کے لیے پیغام پہنچانے کا کام بھی کرتے ہیں۔ ان سے ہم دری اور دکھ بانٹنے کا سنگل بھی پیدا ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر امریکی اکیڈمی آف تھالمولوجی کے مطابق جذباتی آنسو ہم دردی، رحم، سماجی دکھ، جسمانی درد، تعلق سے جڑی تکلیف یا اخلاقی اور اقدار سے متعلق جذبات کی صورت میں پیدا ہو سکتے ہیں۔ بعض مطالعات میں کہا گیا ہے کہ رونے پر سماجی مدد یا ہم دردی ملے تو لوگ بہتر محسوس کرنے لگتے ہیں۔
کتنے آنسو عمومی ہیں؟
رونا ایک عمومی انسانی رویہ ہے، جس کی وجوہات کچھ بھی ہو سکتی ہیں۔ لیکن اگر آپ بہت زیادہ رو رہے ہیں یا آپ کو رونا ہی نہیں آ رہا، تو دونوں صورتوں میں آپ عمومی لکیر سے دور ہیں۔
آنکھ مسلسل آنسوؤں کی نذر ہو جائے یا بالکل خشک ہو جائے، دونوں صورت میں آپ کی بصارت کو نقصان ہو سکتا ہے۔ یعنی رونا بھی ضروری ہے اور ہر وقت رونا بھی ٹھیک نہیں، اس لیے آنسو استعمال بھی کیجیے مگر اتنا بھی نہیں کہ سب خرچ ہو جائیں۔