رافائل ندال ساتويں مرتبہ فرنچ اوپن کے فاتح
11 جون 2012ٹينس کی عالمی رينکنگ ميں نمبر دو رافائل ندال نے پيرس ميں کھيلا جانے والا فائنل ميچ چھ۔چار، چھ۔تين، دو۔چھ اور سات۔پانچ سے جيتا۔ اس جيت کے ساتھ ندال اب گيارہ گرينڈ سليم ٹائٹل جيت چکے ہيں اور فرنچ اوپن ميں ان کی فتوحات کی تعداد باون ہوگئی ہے۔ چھبيس سالہ رافائل ندال فرنچ اوپن ميں صرف ايک مرتبہ ہارے ہيں۔
واضح رہے کہ سن 1973 کے بعد ايسا پہلی مرتبہ ہوا تھا کہ فرنچ اوپن کا فائنل ميچ اتوار کے روز اپنے اختتام کو نہيں پہنچ سکا اور نتيجتہ آج پير کے روز نکلا۔ گزشتہ روز پيرس کے رولينڈ گيروس ميدان پر بارش کے باعث جب يہ ميچ ملتوی کرنے کا فيصلہ سنايا گيا تو اس وقت رافائل ندال کو اپنے حریف عالمی نمبر ايک سربيا کے نوواک جوکووچ پر معمولی سبقت حاصل تھی۔
نيوز ايجنسی کی رپورٹ کے مطابق ٹينس کے اول درجے کے ٹورنامنٹس ميں ان دنوں اس نوعيت کے واقعات ميں اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ چار سالوں سے يو ايس اوپن کا فائنل اتوار سے ملتوی کر کے پير کے روز کھيلا جا رہا ہے۔ اے پی کے مطابق انگلينڈ ميں کھيلے جانے والے ٹورنامنٹ ومبلڈن اور آسٹريليا ميں کھيلے جانے والے آسٹريلين اوپن ميں جن کورٹس پر ميچ کھيلے جاتے ہيں ان کورٹس ميں 'انڈور‘ يا چھت کے نيچے کھيلنے کی سہوليات ميسر ہوتی ہيں۔ جبکہ يو ايس اوپن اور فرنچ اوپن ٹورنامنٹس جن ميدانوں پر کھيلے جاتے ہيں ان ميں انڈور سہوليات ميسر نہيں ہيں اور يہی وجہ ہے کہ بارش کی صورت ميں ميچ ملتوی کرنا پڑتا ہے۔
اگر نوواک جوکووچ آج کا ميچ جيتنے ميں کامياب ہو جاتے تو وہ مسلسل چار گرينڈ سليم ٹورنامنٹ جيت جاتے جو کہ گزشتہ 43 سالوں ميں کوئی بھی کھلاڑی نہيں کر سکا ہے۔
as/aba (AFP)