دنیائے کھیل کی اہم ترین خبریں
26 اگست 2013پاکستان نے ملائیشیا میں ایپوہ کے مقام پر کھیلے جا رہے نویں ایشیا کپ ہاکی میں اپنے پہلے دونوں میچ جیت لیے۔ پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم نے جاپان کو سات صفر سے اور دوسرے میں میزبان ملائیشیا کو چار ایک سے شکست دے دی۔ یہ دونوں میچ جیت کر پاکستان اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں بھارت سمیت آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔
2014ء میں برازیل میں ہونے والی فٹ بال کی عالمی چیمپئن شپ کے میچوں کے لیے بہترین نشستوں کے انتخاب کی دوڑ شروع ہو گئی ہے۔ ٹکٹوں کی فروخت کا پہلا مرحلہ دس اکتوبر تک جاری رہے گا۔ فٹ بال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا کے مطابق عالمی چیمپئن شپ کے 64 میچوں کے 3.3 ملین ٹکٹوں میں سے تقریباً تین ملین فروخت کیے جا سکیں گے۔ تاہم اس دوران فیفا نے مختلف فٹ بال کلبوں، اسپانسرز اور اپنے پارٹنرز کے لیے ٹکٹوں کی ایک بڑی تعداد مختص کر دی ہے۔ اس کے بعد صرف سات لاکھ ٹکٹ براہ راست فروخت کے لیے رکھے گئے ہیں۔ ان میں سے بھی تقریباً ساڑھے چار لاکھ ٹکٹ صرف برازیل میں ہی فروخت کیے جائیں گے۔
فیفا کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر کے بقول شائقین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ ٹکٹوں کی ایک بڑی تعداد اُن کے لیے مخصوص کی گئی ہے۔ یہ ٹکٹ مختلف کلبوں اور فیفا کے پارٹنرز کے ذریعے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ان کے بقول شائقین مختلف مقابلوں میں شرکت کرتے ہوئے اسپانسرز کو دیے جانے والے ٹکٹ بھی جیت سکتے ہیں۔ راؤنڈ میچوں میں سب سے کم قمیت ٹکٹ تیس ریائس یعنی تقریباً دس یورو میں خریدا جا سکتا ہے جبکہ فائنل مرحلے میں سب سے کم قیمت ٹکٹ 55 یورو تک کا ہے، جو برازیل کی کرنسی میں 165 ریائس کا بنتا ہے۔ برازیلی شہریوں کے لیے خصوصی قیمت رکھی گئی ہے۔
جرمن ہاکی ٹیم نے یورو ہاکی نیشنز چیمپئن شپ کا فائنل جیت لیا ہے۔ جرمنی نے فائنل میں میزبان ملک بیلجیئم کو تین ایک سے شکست دی۔ بیلجیئم کے شہر بوم میں ہونے والے اس میچ کو دیکھنے کے لیے تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار شائقین موجود تھے۔ اس سے قبل ہفتے کے روز جرمن خواتین کی ہاکی ٹیم نے انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر یورپی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس میچ کا فیصلہ پینلٹی اسٹروکس کی بنیاد پر ہوا۔ مقررہ وقت میں یہ میچ چار چار گولوں سے برابر رہا تھا۔ بعد ازاں جرمن خواتین نے یہ مقابلہ دو صفر سے جیت لیا۔
موسم سرما کے اولمپک مقابلے اگلے برس فروری میں روسی شہر سوچی میں منعقد ہو رہے ہیں۔ روسی صدر ولادی میر پوٹن نے اس موقع پر ہر قسم کے مظاہروں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران مقابلوں کے مقامات، ریلوے اسٹیشنوں، بندرگاہوں اور شاہراہوں پر حفاظتی چوکیاں قائم کی جائیں گی، جہاں پر لوگوں کے سامان کی چیکنگ کی جائے گی۔ روسی صدر کے اس اعلان سے قبل ہی سوچی میں ہونے والے مقابلے جائیداد کے حقوق، ماحولیات ، بدعنوانی اور ہم جنس پرستوں کے حقوق کی وجہ سے متنازعہ بن چکے ہیں۔ ابھی کچھ عرصہ قبل ہی روس نے ہم جنس پرستوں کے مواد کی تشہیر پر پابندی عائد کر دی۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے سرمائی اولمپک کھیلوں کے موقع پر ماسکو حکومت کے اس اقدام کے خلاف مظاہرے کرنےکا منصوبہ بنا رکھا ہے۔ ہم جنس پرستوں کے حقوق کے لیے سرگرم افراد کا کہنا ہے کہ ولادی میر پوٹن کا ان کھیلوں کے دوران مظاہروں پر پابندی کا حکم نامہ آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
فارمولا ون کار ریسنگ کے عالمی چیمپئن جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل نے بیلجیئم میں ہونے والی گراں پری ریس جیت لی ہے۔ یہ اس سیزن میں ان کی پانچویں فتح ہے۔ موسم گرما کے وقفے کے بعد فیٹل کا یہ شاندار آغاز تھا۔ ریڈ بل کے ڈرائیور نے یہ ریس بیس سیکنڈ کے واضح فرق سے جیتی اور اب اُن کے پوائنٹس 197 ہو گئے ہیں۔ اس طرح انہیں اپنے قریب ترین حریف اسپین کے فیرنانڈو آلانسو کے خلاف 46 پوائنٹس کی برتری بھی حاصل ہو گئی ہے۔ عالمی درجہ بندی میں فیراری ڈرائیور آلانسو 151 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، مرسیڈیز کے لیوئس ہیملٹن 139 کے ساتھ تیسرے جبکہ لوٹس ٹیم کے کیمی رائیکونن 134پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر ہیں۔ اس طرح سیباستیان فیٹل کی مسلسل چوتھی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کی راہ میں حائل تقریباً تمام رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں۔