دنیا بھر میں کیٹ کیفے کا بڑھتا رحجان
کیٹ کیفے دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ اس معصوم اور اپنی طرف متوجہ کرنے والے جانور کی قربت اکثر لوگوں کے مزاج پر خوشگوار اثر ڈال رہی ہے۔ بلیوں کی صحبت کا مثبت اثر لوگوں کے بلڈ پریشر پر بھی پڑ رہا ہے۔
جاپان سے کیٹ کیفے کا آغاز
کیٹ کیفے کی ابتدا جاپان سے ہوئی تھی، تاہم حالیہ برسوں میں ایسے کیفیز نے پوری دنیا میں مقبولیت حاصل کی۔ یہ خصوصی کیفے مہمانوں کو نا صرف کافی اور کیک بلکہ بلیوں کی کمپنی بھی مہیا کرنے کا اہتمام کرتے ہیں۔ لیکن ان کیفیز میں آخر خاص بات کیا ہے؟
پولینڈ کی ایک شرارتی بلی
پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں واقع میاؤ نامی کیفے میں ایک بلی لوگوں کی کافی ٹیبل سے کھانا چوری کرنے کی کوشش کررہی ہے۔کچھ لوگ اپنی روزمرہ کی مصروفیت سے سکون کے کچھ لمحوں کی تلاش میں اس کیفے کا رخ کرتے ہیں۔تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ بلی پالنا ذہنی دباؤ کو کم کرنے اور بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں مدد کر سکتی ہے۔
بلیوں سے محبت کرنے والوں کے لیے ایک مثالی جگہ
ویتنام کے کیفے نیکو میں کافی پیتے ہوئے آپ اس پیاری سی بلی کے ساتھ کچھ وقت گزار سکتے ہیں۔ اگرچہ یہاں آنے والے کئی افراد بلی پالنا چاہتے ہیں مگر مختلف وجوہات کی بنا پر بلیوں کو اپنے گھروں میں نہیں رکھ سکتے۔ اس صورت میں یہ کیٹ کیفے ان کے لیے کسی مثالی جگہ سے کم نہیں۔
جرمنی میں برطانوی شارٹ ہیئر بلیاں
کیٹ کیفے جرمنی کے شہر کیمنٹس میں بھی کافی مقبول ہیں۔ سال 2023 میں فرانزسکا مولر نامی ایک خاتوں نے اس کیٹ کیفے کا آغاز کیا تھا۔ یہاں کا رخ کرنے والے افراد ان چھ برطانوی چھوٹے فر (بالوں) والی نسل کی بلیوں کی کمپنی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
چین، 37 بلیاں اور ایک کیفے
چین کے شہر بیجنگ میں گوڈاؤماؤنے کیٹ کیفے موجود ہے جہاں 37 بلیاں مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے موجود رہتی ہیں۔ اس کیفے کی مالک کو چینی زبان میں یوشیاؤماو یعنی کٹن یو کا لقب دیا گیا ہے۔ ان کی ایک بلی کو اغواء کرنے کی بھی کوشش کی گئی تھی۔
استنبول میں بلیوں کا راج
ترکی کا شہر استنبول اپنے تاریخی مقامات کے ساتھ ساتھ بلیوں سے محبت کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔ یہاں کی سڑکوں پر بلیاں بڑے مزے سے گھومتی پھرتی رہتی ہیں۔شاید اسی لیے اس شہر میں کسی کو کیٹ کیفے کھولنے کا خیال نہیں آیا۔ اس پورے شہر میں بلیوں کا ہی راج ہے۔