خمیر روژ جیل کے کمانڈر اور ہزاروں انسانوں کے قاتل کی موت
2 ستمبر 2020کمبوڈیا میں سن 1975 سے 1979 تک ماؤسٹ نظریات کے حامل رہنماؤں (خمیر روژ) کے اقتدار کے دوران کی بدنام زمانہ جیل کے سربراہ کمانڈر ڈچ کی 77 برس کی عمر میں موت ہوگئی ہے۔ اس دور نسل کشی میں کمانڈر ڈچ ایس 20 نامی جیل کے سربراہ تھے۔ ان کی نگرانی میں جیل میں ہزاروں افراد کو اذیتیں دی گئیں اور پھر انہیں قتل کیا گیا۔
کمانڈر ڈچ کا اصلی نام کانگ گیک ایو تھا۔ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کے لیے اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ ایک ٹرائیبیونل نے انہیں 2012 میں عمر قید کی سزا سنائی تھی اور اسی سزا کاٹنے کے دوران جیل میں ان کی موت ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق وہ اپنی جیل کی کوٹھری میں مردہ پائے گئے۔
کمبوڈیا میں خمیر روژ کے دور حکومت میں تقریبا ًبیس لاکھ افراد کو ہلاک کیا گیا تھا۔ کمانڈر ڈچ جس ایس 20 نامی جیل کے سربراہ تھے اسے مقامی زبان میں تول سلینگ کہا جاتا تھا۔ اس جیل میں 15 ہزار سے زائد افراد کو اتنی اذیتیں دی گئیں کہ وہ ان کی تاب نہ لاکر ہلاک ہوگئے۔ جیل میں جو افراد ٹارچر سے بچ جاتے تھے انہیں بعد میں ایک کھیت میں لے جاکر ہلاک کر دیا جاتا تھا اور ایسا کرنے سے پہلے بیشتر اوقات متاثرہ شخص سے ہی اس کی قبر کھداوائی جاتی تھی۔
ویتنام کی مداخلت سے سن 1979 میں جب پول پوٹ کی قیادت والی اس آمرانہ حکومت کا خاتمہ ہوا تو اقوام متحدہ کے ایک ٹرائبیونل نے اس میں ملوث رہنماؤں پر جنگی جرائم کے لیے مقدمات چلائے اور بعض کو سزائیں ہوئیں۔ کمانڈر ڈچ نے سماعت کے دوران اپنے گناہوں کااعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ تو بس اپنے حکمرانوں کے حکم کی تعمیل کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنی سزا کے خلاف اپیل بھی دائر کی تھی تاہم اسے مسترد کر دیا گیا تھا۔
خمیر روژ سے متعلق ٹرائیبیونل کے سربراہ کا کہنا تھا، ''ڈچ کی دو ستمبر کی درمیانی شب سوا ایک بچے ہسپتال میں موت ہوئی۔ لیکن موت کی وجوہات کیا تھیں یہ میں نہیں بتا سکتا۔'' مقامی میڈیا کی بعض اطلاعات کے مطابق وہ اچانک شدید بیمار ہوگئے تھے اس لیے انہیں ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
کامرید ڈچ سن 1940 میں پیدا ہوئے تھے اور پیشے ایک ٹیچر تھے۔ بایاں محاذ سے متاثر ہوکر انہوں نے سماجی کارکن کی حیثیت سے بھی کام کیا، تاہم کمیونسٹ نظریات ہی انہیں اس دور کے حکمرانوں سے قریب تر لے آئے اور ان کا ساتھ دیا۔ جب ویتنام کی جنگ اپنے شباب پر تھی اور یہ خدشتہ تھا کہ کہیں یہ کمبوڈیا تک نہ پہنچ جائے تو اسی دور میں ڈچ نے پول پاٹ کی قیادت والی خمیر روژ میں شمولیت اختیار کی اور جیل کے سربراہ بن گئے۔
ص ز/ ج ا (اے ایف پی، روئٹرز)