جنوبی امریکی جنگل میں ہائی سکیورٹی جیل، فرانسیسی منصوبہ
25 مئی 2025فرانسیسی وزیر انصاف جیرالڈ دارمانیں نے فرانسیسی میڈیا میں شائع ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی امریکہ میں فرانس کی ایک ہائی سکیورٹی جیل قائم کی جائے گی، جہاں ''انتہائی خطرناک‘‘ مجرموں کو رکھا جائے گا۔
امیگریشن، قانون کے نفاذ اور قومی سلامتی کے معاملات میں سخت گیر موقف کے حامل تصور کیے جانے والے دارمانیں نے کہا کہ یہ جیل سن 2028 میں فرانسیسی گیانا کے شہر ساں لوراں دو مارونی میں کام کرنا شروع کر دے گی۔ یہ مقام برازیل کے شمال میں واقع فرانس کے سمندر پار علاقے فرنچ گیانا کا حصہ ہے۔
فرانسیسی وزیر انصاف ایسا کیوں کرنا چاہتے ہیں؟
وزارت داخلہ میں اپنی ملازمت کے دوران جیرالڈ دارمانیں منشیات کے خلاف اپنے سخت موقف کی وجہ سے مشہور ہو گئے تھے۔ وزارت انصاف کا قلمدان سنبھالنے کے بعد انہوں نے بالخصوص منشیات کے اسمگلروں اور شدت پسندانہ نظریات کے حامل عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا بیڑہ اٹھا رکھا ہے۔
دارمانیں نے اب فیصلہ کیا ہے کہ فرانس کی تیسری ہائی سکیورٹی جیل فرانسیسی گیانا میں قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس قید خانے میں ساٹھ قیدیوں کی گنجائش ہو گی جبکہ وہاں انتہائی سخت ضوابط لاگو کیے جائیں گے۔
دارمانیں کا مقصد ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث خطرناک عناصر کو فرانسیسی معاشرے سے نکال باہر کیا جائے تاکہ ان کا منشیات کے نیٹ ورکس سے رابطہ قطعی توڑ دیا جائے۔ پیرس میں وزارت انصاف کے حکام کا کہنا ہے کہ اس جیل میں پندرہ سیل سزا یافتہ شدت پسند مسلمانوں کے لیے بھی مخصوص کیے جائیں گے۔
دارمانیں نے فرنچ گیانا کے اپنے دورے کے دوران ایک ہفتہ وار فرانسیسی جریدے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ''میری حکمت عملی سادہ سی ہے، یعنی منظم جرائم کو ہر سطح پر نشانہ بنانا چاہیے۔‘‘ آبادی اور جرائم کے تناسب سے دیکھا جائے تو فرنچ گیانا فرانس کا سب سے زیادہ جرائم زدہ علاقہ ہے۔
یاد رہے کہ ساں لوراں دو مارونی ہی وہ مقام ہے، جہاں فرانس کا بدنام زمانہ ''ٹرانسپورٹیشن کیمپ‘‘ قائم تھا۔ انیسویں صدی کے وسط سے بیسویں صدی کے وسط تک فعال رہنے والے اس کیمپ کو آج بھی تنقید کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ آج بھی اس کی عمارت بڑی حد تک محفوظ حالت میں موجود ہے۔
ادارت: مقبول ملک