جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز، سعید اجمل پُرعزم
7 اکتوبر 2013شہرہ آفاق آف اسپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی شامل ہیں اور وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ سعید اجمل کے مطابق جنوبی افریقہ بھلے ہی دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہو مگر پاکستان نے ڈیڑھ سال پہلے انگلینڈ کو بھی اس وقت شکست دی تھی، جب وہ عالمی رینکنگ میں نمبر ایک تھی۔
محمد حفیظ کے متبادل کا فیصلہ شارجہ میں جنوبی افریقہ اور پاکستان اے کے درمیان تین روزہ میچ کے بعد ہوگا۔ اوپننگ کی دوڑ میں احمد شہزاد اور شان مسعود شامل ہیں۔ مگر ماضی کے پاکستانی بیٹسمین مجاہد جمشید کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد سیریز میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور انہیں ہی ٹیسٹ کیپ ملنا چاہیے۔
مجاہد جمشید کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز نے حفیظ کو ڈراپ کرنے کے بارے میں ضرورت سے زیادہ پس و پیش سے کام لیا اور بروقت ان کا متبادل نہ ڈھونڈ کر غلطی کی۔ جمشید نے بتایا کہ احمد شہزاد پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہے اور وہ کوہلی یا کسی بھی ورلڈ کلاس بیٹسمین سے کم نہیں مگر پی سی بی ابھی تک اس نوجوان کھلاڑی کو مناسب طریقے سے نکھار نہیں سکی ہے۔
لیفٹ آرم اسپنر ذوالفقار بابر ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ وہ اکسٹھ برس بعد اوکاڑہ سے پاکستانی ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل انیس سو باون میں اسرار علی بھارت کا دورہ کرنے والی ٹیم میں شامل تھے۔ مجاہد جمشید کے مطابق پاکستان کو تین اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔ مجاہد نے کہا کہ ذوالفقار بابر اس وقت مصباح کی پہلی ترجیح ہونا چاہییں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کو گزشتہ سات برس میں کسی بھی ایک ٹیسٹ میچ میں ایک بار بھی دو مرتبہ آل آوٹ نہیں کرسکی ہے مگر سعید اجمل کے بقول موجودہ پاکستانی بولنگ کے ناصرف دکھانے کے بلکہ کھانے کے بھی دانت بھی موجود ہیں۔ اجمل نے کہا کہ ہم نے بیس وکٹیں لے کر کئی میچ جیتے ہیں اور دوبارہ ایسا کرکے دکھائیں گے۔
مصباح الحق کا جانشین مقرر ہونے کے بعد عمر امین کی بھی یہ پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ شیخ زید اسٹیڈیم میں چودہ اکتوبر ہو شروع ہوگا۔